پیر, مئی 18, 2026
اشتہار

اوگرا نے پیٹرول پمپ پر ایک کروڑ 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا

اشتہار

حیرت انگیز

مظفر گڑھ(13 اپریل 2026): پٹرولیم مصنوعات میں کیمیکل مکسنگ کے خلاف اوگرا نے ایکشن لیتے ہوئے پیٹرول پمپ کے مالک پر ایک کروڑ 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔

تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات میں کیمیکل کی ملاوٹ اور غیر قانونی ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے رانا فلنگ اسٹیشن مظفر گڑھ کے مالک پر ایک کروڑ 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

 اے آر وائی نیوز کی جانب سے تیل کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی کی خبر نشر کیے جانے کے بعد اوگرا ٹیموں نے یہ کارروائی عمل میں لائی۔ذرائع کے مطابق مذکورہ پیٹرول پمپ پر بغیر لائسنس ایک لاکھ 35 ہزار لیٹر سے زائد پیٹرول اور ڈیزل ذخیرہ کیا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پکڑے گئے تیل کے نمونوں کی لیبارٹری رپورٹ میں پیٹرول اور ڈیزل دونوں میں مضرِ صحت کیمیکل کی مکسنگ ثابت ہو گئی ہے۔ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ یہاں پیٹرولیم مصنوعات ذخیرہ کر کے ان میں کیمیکل ملایا جاتا تھا اور پھر اسے مختلف علاقوں میں سپلائی کیا جاتا تھا۔

اوگرا نے سخت کارروائی کرتے ہوئے پمپ کا این او سی منسوخ کر دیا ہے اور مشینری، ایکوئپمنٹ سمیت اسٹوریج ٹینکس کو سرکاری قبضے میں لینے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ مزید برآں، ضلعی انتظامیہ کو تمام پیٹرولیم مصنوعات بھی قبضے میں لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ پیٹرول پمپ ایک نجی تیل کمپنی کے ماتحت کام کر رہا تھا، جس پر اوگرا نے اب مذکورہ نجی کمپنی کے خلاف بھی ایکشن لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ شہریوں کی گاڑیوں کو نقصان پہنچانے اور غیر قانونی کاموں میں ملوث عناصر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

+ posts

علیم ملک پاور ڈویژن، آبی وسائل، وزارت تجارت اور کاروبار سے متعلق دیگر امور کے لیے اے آر وائی نیوز کے نمائندے ہیں

اہم ترین

علیم ملک
علیم ملک
علیم ملک پاور ڈویژن، آبی وسائل، وزارت تجارت اور کاروبار سے متعلق دیگر امور کے لیے اے آر وائی نیوز کے نمائندے ہیں

مزید خبریں