بدھ, فروری 19, 2025
اشتہار

اوآئی سی وزرائے خارجہ اجلاس آج سے شروع ہوگا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: اوآئی سی وزرائے خارجہ کا48واں اجلاس آج اسلام آباد میں شروع ہوگا, اجلاس 2دن جاری رہے گا، شاہ محمود قریشی صدارت کریں گے۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام مسلم ممالک سے آئے ہوئے معزز مہمانان گرامی اسلام آباد میں موجود ہیں، پارلیمنٹ ہاؤس میں تیاریاں مکمل کی جاچکی ہیں۔

او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے باقاعدہ اجلاس کا آغاز صبح 11بجے پارلیمنٹ میں شروع ہوگا، جس کا آغازتلاوت کلام پاک اور قومی ترانے سے کیا جائے گا۔

اجلاس میں140سے زائد قراردادیں پیش کیے جانے کی توقع ہے، وزیر خارجہ او آئی سی کے48ویں صدر کی حیثیت سے خطاب کریں گے۔

سعودی وزیرخارجہ فیصل بن فرحان بطور صدر اوآئی سی سمٹ خطاب کریں گے، جس کے بعد اوآئی سی کے سیکریٹری جنرل حصین براہم طٰحٰہ کا خطاب ہوگا، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے۔

صدر اسلامی ترقیاتی بینک محمد سلیمان، علاقائی گروپس سربراہان خطاب کریں گے، آج چینی وزیرخارجہ وانگ ژی خطاب کریں گے۔

افتتاحی سیشن کا اختتامی خطاب وزیر اعظم عمران خان کریں گے، وزیراعظم کے خطاب کے بعد کونسل کے بند کمرہ اجلاس منعقد ہوں گے۔

پاکستان 4بار او آئی سی وزرائے کونسل اجلاسوں کی میزبانی کرچکا ہے۔ او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کا تھیم (مرکزی خیال)اتحاد، انصاف اور ترقی رکھا گیا ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق جموں و کشمیر پر او آئی سی رابطہ گروپ کا اجلاس بھی ہوگا، شرکاء23 مارچ کی یوم پاکستان کی پریڈ میں بھی شرکت کریں گے۔

چینی وزیرخارجہ وانگ ژی بطورخصوصی مہمان اجلاس میں شریک ہوں گے، مبصر ممالک کے نمائندے بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

اقوام متحدہ،عرب لیگ اورگلف کوآپریشن کےنمائندگان بھی شریک ہونگے، اوآئی سی اقوام متحدہ کے بعد دُنیا کی دوسری بڑی بین الاقوامی تنظیم ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں