اسلام آباد : او آئی سی اجلاس اور سیاسی صورتحال کے پیش نظراسلام آباد کا سیکیورٹی حصار انتہائی سخت کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں او آئی سی اجلاس ، تحریک عدم اعتماد ،حکومت اور اپوزیشن کے جلسے کے پیش نظر سیکیورٹی سخت کردی گئی۔
وفاقی دارلحکومت میں 2500رینجرز،2ہزار ایف سی ،8 ہزار پولیس اہلکار تعینات کردیئے ہیں تاہم ایف سی ہیڈ کوارٹرز نے اسلام آباد انتظامیہ کو مزید نفری دینے سے انکار کردیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ دو ہزار کی مزید نفری نہیں دے سکتے ،وزارت داخلہ معذرت کرلے کیونکہ خیبرپختونخوا میں 30 مارچ کو بلدیاتی انتخابات بھی ہیں ،اگر اضافی اہلکار اس تاریخ سے قبل واپس ہوسکتے تو پھر دیکھا جاسکتا ہے۔
حکام نے بتایا کہ تمام سیکیورٹی اہلکاروں کو 2 اپریل تک ریڈ زون میں تعینات کیا گیا ہے۔
خیال رہے اسلامی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اہم ترین اور تاریخی اجلاس میں شرکت کیلئے معزز مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، سیکریٹری جنرل اوآئی سی اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔