تازہ ترین

اسلامی تعاون کی تنظیم نے روہنگیا بحران کو مسلمانوں کی نسل کشی قرار دے دیا

ڈھاکہ: اسلامی تعاون کی تنظیم (او آئی سی) نے بے گناہ روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام اور روہنگیا بحران کو مسلمانوں کی نسل کشی قرار دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلامی تعاون کی تنظیم کا 45 واں اجلاس بنگلہ دیش کے دار الحکومت ڈھاکہ میں منعقد ہوا جہاں اسلامی ممالک کے سربراہان نے روہنگیا کے سنگین مسئلے کو مسلمانوں کی نسل کشی قرار دیتے ہوئے مسائل کے فوری حل کا مطالبہ کیا ہے۔

عالمی میڈیا کے مطابق مسلم ممالک کی اس تنظیم کے بنگلہ دیش میں ہونے والے 2 روزہ اجلاس میں روہنگیا بحران کو حل کرنے کے ساتھ ساتھ دنیا کے مختلف خطوں میں جاری مسلمانوں کے قتل عام کو روکنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔

برما کی ظالم فوج کو بلیک لسٹ کیے جانے کا امکان

اجلاس کے بعد او آئی سی نے اپنے جاری کردہ بیان میں بین الاقوامی برادری سے اس بحران کو حل کرنے میں مدد فراہم کرنے کی اپیل بھی کی گئی ہے، اعلامیے کے مطابق اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر یہ مسئلہ ہر بین الاقوامی فورم پر اٹھایا جائے گا، جس کے لیے بھرپور حکمت علمی پر غور کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ گذشتہ سال اگست میں برما کی ریاست رکھائن میں ملٹری آپریشن کے نام پر برمی فوج کی جانب سے روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کی گئی تھی جس کے باعث مجبوراً لاکھوں روہنگیا مسلمان بنگلہ دیش ہجرت کر گئے تھے۔

سلامتی کونسل کے وفد کا دورہ بنگلہ دیش، روہنگیا مسلمانوں سے ملاقات

یاد رہے کہ گذشتہ دنوں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے وفد نے بنگلہ دیش کا دورہ کیا تھا اور کیمپوں میں مقیم روہنگیا پناہ گزینوں سے ملاقات بھی کی تھی، اس دوران عالمی رہنماؤں نے مسائل کے حل کی یقین دہانی بھی کرائی تھی، تاہم اب تک عملی اقدامات نہیں کیے گئے۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

Comments

- Advertisement -