سنگاپور : امریکہ کی جانب سے ایران نیو کلیئر ڈیل سےعلیحدگی کے اعلان کے بعد خام تیل کی قیمت میں اضافہ جبکہ سونے کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جوہری معاہدے سے خود کو علیحدہ کرنے کا اعلان کردیا،جس پر اقوام متحدہ سمیت یورپی ممالک نے امریکی اقدام پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
جوہری معاہدے سے علیحدگی کے اعلان کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں دو فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، امریکی خام تیل کی قیمت میں ایک ڈالر61سینٹس کا اضافہ ہوا اور خام تیل کی قیمت 70ڈالر67 سینٹس فی بیرل ہوگئی جبکہ برنیٹ خام تیل کی قیمت ایک ڈالر88 سینٹس اضافے کے ساتھ 76 ڈالر75 سینٹس فی بیرل ہوگئی۔
اسی طرح سونے کی عالمی قیمت میں دو ڈالر تیس سینٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد سونے کی فی اونس قیمت 1311ڈالر 41 سینٹس ہوگئی۔
یاد رہے پیر کو عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا ، جس کے بعد خام تیل کی قیمت ساڑھے 3سال کی بلند ترین سطح پر آگئی تھی۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں سرمایہ کاربھی تشویش کا شکار ہیں، آج ٹریڈنگ کے آغاز پر بیشتر ایشیائی حصص بازاروں میں مندی کا رجحان ریکارڈ کیا گیا، جاپان، کورئین،اور چینی اسٹاک مارکیٹ میں میں نمایاں کمی دیکھی گئی جبکہ آئل اینڈگیس کمپنیز ریفائنریز کے حصص میں نمایاں تیزی ریکارڈ کی گئی۔
مزید پڑھیں : امریکی صدر ٹرمپ کا ایران سے جوہری معاہدہ ختم کرنے کا اعلان
یاد رہے کہ امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کا ایران کے ساتھ مغربی ممالک کا جوہری معاہدہ یکطرفہ طور پر ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حقیقت میں اس معاہدے کے تحت ایران کو یورینیم افزودگی کی اجازت مل گئی تھی،ایران کو ایٹمی ہتھیاروں کے حصول سے روکنا ہوگا، ایران ایک دہشت گرد ملک ہے جو دنیا بھر میں دہشت گردی میں ملوث ہے۔
امریکی صدر نے اپنے مخصوص اندازمیں ایران کودھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایران کے جوہری خطرے کو مکمل طورپر ختم کریں گے اوراس بارے میں اتحادیوں کے ساتھ مل کرکام کریں گے۔
صدرٹرمپ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایران سے جوہری معاہدہ امریکا کے لئے باعث شرمندگی تھا۔
خیال رہے کہ ایران سے 2015 میں جرمنی،فرانس،برطانیہ اورامریکا نے جوہری معاہدہ کیا تھا، معاہدے پرچین اورروس نے بھی دستخط کئے تھے۔