اوکاڑہ میں راہ چلتی لڑکی کے ساتھ نازیبا حرکات کرنے والا موٹر سائیکل سوار ملزم پولیس نے گرفتار کر لیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کی شناخت کی گئی، ملزم پولیس کو دیکھ کر فرار ہوتے ہوئے موٹر سائیکل سے گِر کر زخمی ہوا۔
پولیس کے مطابق اوکاڑہ میں راہ چلتی لڑکی کے ساتھ نازیبا حرکات کرنے والے موٹر سائیکل سوار ملزم کو تھانہ صدر پولیس نے گرفتار کیا ہے۔
واقعے کے بعد ملزم کی تلاش علاقے کے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے حاصل کی گئی جس کے نتیجے میں ملزم ندیم، سکنہ 1/4 ایل کی شناخت ہوئی۔
پولیس ٹیم جب ملزم کو گرفتار کرنے پہنچی تو وہ اہلکاروں کو دیکھ کر موٹر سائیکل پر فرار ہونے لگا۔ پولیس کے تعاقب کے دوران ملزم موٹر سائیکل سے گر کر زخمی ہو گیا جسے فوری طور پر گرفتار کرکے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
تھانہ صدر اوکاڑہ میں ایس آئی محمد سعید کی مدعیت میں ملزم ندیم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی کا کہنا ہے کہ خواتین کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔


