اوکاڑہ(7 دسمبر 2026): رحمان کالونی میں سوتیلی ماں نے اپنے بھائی کے ہمراہ چودہ سالہ لڑکے کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ تھانہ بی ڈویژن کے علاقہ رحمان کالونی میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جہاں سوتیلی ماں نے اپنے بھائی کے ہمراہ 14 سالہ لڑکے پر تشدد کیا ہے۔
سوتیلی ماں نے چوری کے شبہ میں چار پائی سے باندھ کر تشدد کا نشانہ بنایا، تشدد سے بچے کا پورا جسم زخمی ہو گیا۔
علاقہ مکینوں نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے بچے کو تشدد سے بچایا جبکہ اس واقعہ کا ڈی پی او اوکاڑہ راشد ہدایت نے نوٹس لے لیا، پولیس نے سوتیلی ماں سمیت دونوں ملزم گرفتار کرلیے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل لاہور میں اپنی 14 سالہ سوتیلی بیٹی کے ساتھ ایک سال سے زیادتی کرنے والا بدبخت شخص کو گرفتار کیا گیا تھا۔
ملزم ایک سال سے اپنی 14 سالہ سوتیلی بیٹی کے ساتھ زیادتی کرتا رہا، پولیس کے مطابق بچی ہنجروال کے علاقے میں کسی کے گھر میں کام کرتی ہے اور وہیں رہتی ہے۔
پولیس کے مطابق بچی جب بھی اپنے گھر جاتی تو سوتیلا والد موقع پاتے ہی زیادتی کا نشانہ بناتا اور کسی کو بتانے کی صورت میں بچی اور اس کی والدہ کو قتل کرنے کی دھمکیاں دیتا۔
حال ہی میں والدہ اپنی بیٹی علشبا کو کام والے گھر سے اپنے گھر لے جانے پہنچی تو بچی نے انکار کر دیا، والدہ کے اصرار کرنے اور وجہ پوچھنے پر بچی نے زیادتی کے متعلق بتایا۔


