پشاور : گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ صوبے میں زیتون کی کاشت کا بڑا منصوبہ شروع کیا جارہا ہے، منصوبے کی کامیابی سے بیروزگار اور غربت کا خاتمہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں سبز انقلاب کی جانب ایک اور قدم سامنے آیا ، گورنر کے پی شاہ فرمان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں زیتون کی کاشت کا بڑا منصوبہ شروع کیا جارہا ہے اور سالانہ سات ارب کلو خوردنی زیتون کی پیداوار کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
شاہ فرمان کا کہنا تھا کہ صرف ضلع دیر میں زیتون کی اعلی کوالٹی کی پانچ اقسام پیدا کی جاسکتی ہیں، قبائلی اضلاع میں جنگلی زیتون کے تین کروڑ ساٹھ لاکھ درخت جبکہ صوبے میں مجموعی طور پر زیتون کے سات کروڑ درخت موجود ہیں۔
گورنر کے پی نے کہا زیتون سے سالانہ 14 ارب روپے تک آمدن ہوسکتی ہے، صوبے کے بارانی علاقوں میں 30 کروڑ نئے پودے اور خوردنی زیتون کے 40 لاکھ پودے پشاور کے مختلف علاقوں میں لگائے جاسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جنگلی زیتون میں اعلی کوالٹی کی قلمکاری کی جائے گی او خوردنی زیتون کے منصوبے کی دیکھ بھال محکمہ ذراعت کے ذمہ ہوگا اور زیتون کی کاشت کی حوصلہ افزائی کے لئے حکومت زیتون کا پھل خریدے گی۔
شاہ فرمان نے مزید بتایا کہ محکمہ ذراعت کے اہلکار زمین کے معائنہ کے بعد زیتون کی قسم تجویز کرین گے ، خوردنی زیتون منصوبہ کی کامیابی سے بیروزگار اور غربت کا خاتمہ ہوگا، گورنر ہاوس میں تجرباتی بنیادپر لگائے گئے پانچ درختوں نے پہلے ہی سال 60 کلو پھل دیا اور درختوں پر لگنے والے زیتون کا اچار بنایاگیا۔