نئی دہلی: بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے بعد اوم پوری بھی پاکستانی فنکاروں کی حمایت کرنے پر ہندو انتہا پسندوں کے نشانے پر آگئے۔ ایک ٹی وی پروگرام کے دوران پاکستانی فنکاروں پر پابندی کے خلاف آواز اٹھانے پر پروگرام کے میزبان سمیت دیگر مہمان اوم پوری پر چڑھ دوڑے۔
معروف بالی ووڈ اداکار اوم پوری نے ایک بھارتی ٹیلی ویژن پروگرام میں شرکت کی جہاں ان کا کہنا تھا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں۔ انہوں نے پاکستانی فنکاروں پر پابندی کے فیصلے کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔
ان کی سچائی پر مبنی گفتگو پروگرام کے میزبان سمیت دیگر مہمانوں کو ایک آنکھ نہ بھائی اور انہوں نے زور زور سے بولتے ہوئے اوم پوری کو برا بھلا کہنا شروع کردیا۔
شیو سینا کا سلمان خان کو پاکستان چلے جانے کا مشورہ *
اوم پوری کا کہنا تھا، ’کیا آپ چاہتے ہیں کہ پاکستان اور بھارت اسرائیل اور فلسطین بن جائیں جو صدیوں تک ایک دوسرے لڑتے رہیں‘؟
انہوں نے کہا، ’بھارت میں کروڑوں مسلمان بستے ہیں۔ کئی بھارتیوں کے رشتہ دار سرحد کے دوسری طرف رہتے ہیں۔ آپ کیسے ان کو مجبور کرسکتے ہیں کہ وہ سرحد کے دوسری طرف رہنے والے اپنے ہی خاندان کے خلاف لڑیں‘؟
تاہم دیگر مہمانوں نے بار بار ان کی بات کاٹی اور انہیں پاکستان کا حمایتی قرار دیا۔ ایک مہمان نے کہا، ’صرف اس لیے کہ آپ کو سلمان خان کی فلم میں کام ملے اور آپ پیسہ کمائیں، آپ اس سلمان خان کی حمایت کر رہے ہیں جو ہمارے دشمنوں کے لیے بولتا ہے‘۔
پروگرام کے میزبان سمیت مہمانوں نے اوم پوری سے شدید بحث کرتے ہوئے کہا کہ ایک فواد خان جیسے اداکار کے لیے آپ اپنی فوج کو بے عزت کر رہے ہیں۔
‘عدنان سمیع نہ گھر کے رہے نہ گھاٹ کے’ *
اوم پوری کی برداشت جواب دے گئی تو وہ پروگرام ادھورا چھوڑ کر چلے گئے اور جانے سے قبل انہوں نے کہا، ’ٹھیک ہے آپ دس 15 بھارتیوں کے جسم پر بم باندھ کر انہیں پاکستان بھیج دیں تاکہ وہ وہاں توڑ پھوڑ کر کے آجائیں، بات ختم‘۔
#HTP Live में @OmRajeshPuri सैनिकों का अपमान किया। साथ ही कहा कि 15-20 लोगों को पाक भेजकर धमाके कराओ। #शहादत_का_अपमान pic.twitter.com/n7TqegievJ
— IBN 7 (@ibnkhabar) October 3, 2016
واضح رہے کہ بالی ووڈ کے کئی اداکار اس کشیدہ صورتحال میں بھی پاکستانی اداکاروں پر پابندی کے خلاف اپنی آواز اٹھا رہے ہیں اور اس بات کے حامی ہیں کہ دونوں ممالک آپس میں امن سے رہیں۔