تازہ ترین

عمان نے پابندیوں میں نرمی کا اعلان کر دیا

عمان نے کورونا پابندیوں میں نرمی کا اعلان کر دیا جب کہ پاکستان سمیت کئی ممالک سے ‏سلطنت آنے والوں پر پابندی میں توسیع کر دی۔

عمانی میڈیا کے مطابق کورونا سے نمٹنے کے لیے بنائی گئی سپریم کمیٹی نے وبا کی شدت میں ‏کمی آنے پر پابندیوں میں نرمی کرتے ہوئے اہم فیصلے کیے ہیں جو فوری نافذالعمل ہوں گئے۔

سلطنت بھر کی مساجد کو دوبارہ سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پنج وقتہ نمازوں اور جمعہ کے ‏لیے مساجد کو کھولا جائے گا جس کے لیے ایس او پیز پر عمل درآمد لازمی ہوگا۔ مساجد میں 100 ‏سے زائد نمازیوں کو داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔

حکومت نے رات کے کرفیو میں نرمی کرتے ہوئے کمرشل سرگرمیاں بحال کرنے کی اجازت دے دی ‏ہے۔ رات 8 بجے سے صبح 4 بجے تک کمرشل سرگرمیوں پر پابندی ختم کر دی گئی ہے۔

سلطنت کے تمام گورنیٹس میں رات کے وقت تمام ریسٹورنٹس، کیفیز اور دیگر کمرشل دکانوں کو ‏ضوابط کے ساتھ کھولنے کی اجازت ہو گی۔

شادی ہالز کو 30 فیصد گنجائش کے ساتھ کھولنے کی اجازت دی گئی ہے البتہ بڑے ہالز میں زیادہ ‏سے زیادہ 300 افراد کو تقریب میں شرکت کی اجازت ہو گی۔

عمانی شہریوں کو بذریعہ بری سرحدوں سے جی سی سی ممالک میں آنے اور جانے کی اجازت ہو ‏گی۔ اس کے لیے شرائط پر پورا اترنا ہوگا۔

کھلے مقامات پر کھیلوں کی اجتماعی سرگرمیوں کی اجازت ہو گی جس کے لیے زیادہ سے زیادہ ‏گنجائش 50 فیصد رکھی گئی ہے۔

سپریم کمیٹی نے پاکستان سمیت کئی ممالک سے سلطنت آنے والوں پر پابندی میں توسیع کا بھی ‏فیصلہ کیا ہے۔

Comments