مسقط (13 جنوری 2026) عمان میں بڑی تعداد ایسے افراد کی ہے جن کا روزگار ملازمت سے وابستہ ہے ایسے افراد کے لیے بڑی خوشخبری آ گئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق عمان کی وزارت محنت نے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی ادارے کو ملکی وزارت محنت سے منظوری کے بغیر اپنے کسی بھی ملازم کو ملازمت سے فارغ کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
بدھ کے روز مجلس شوریٰ کے ایک رکن کے سوال کے جواب میں وزیر محنت نے کہا کہ کمپنیوں کو نظر ثانی کے لیے برطرفی کی درخواستیں جمع کرانی ہوں گی، جو بھی فرم وزارت کو مطلع کرنے میں ناکام رہی اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی کمپنی عمان کی وزارت محنت کو بتائے بغیر کسی ملازم کی خدمات ختم کرتی ہے تو قانونی اقدامات نافذ کیے جائیں گے، جب کہ وزارت متاثرہ ملازمین کی جانب سے درج کردہ شکایات کو بھی دور کرے گی۔
وزارت محنت کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب کہ ایک معروف نجی کمپنی نے اپنے کئی ملازمین کو برطرف کیا ہے۔
واضح ہے کہ سلطنت عمان نے حال ہی میں رہائش کے لیے نیا قانون نافذ کیا ہے جب کہ ملک میں آنے والے غیر ملکیوں کے عمان میں داخلے کے حوالے سے قوانین بھی سخت کر دیے ہیں۔
دوسری جانب سلطنت عمان کے ایک خصوصی اجلاس میں عمان گلوبل فنانشل سینٹر کے قیام کی منظوری دی گئی ہے، جو ایک نیا بین الاقوامی مالیاتی مرکز ہوگا۔ نیا مالیاتی مرکز سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


