مسقط: عمان میں الیکٹرانک ٹیکس انوائس لازمی قرار دے دی گئی ، جس کا نفاذ 2027 سے ہوگا، جس میں سالانہ 5 ملین عمانی ریال سے زائد سپلائی کرنے والی کمپنیاں شامل ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق عمان کی ٹیکس اتھارٹی نے ویلیو ایڈڈ ٹیکس قانون کے ایگزیکٹو ریگولیشن میں ترامیم کرتے ہوئے الیکٹرانک ٹیکس انوائس لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
نئے نظام کے تحت تمام VAT رجسٹرڈ کمپنیوں کو ٹیکس اتھارٹی کے منظور شدہ اور محفوظ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے الیکٹرانک ٹیکس انوائس جاری، ارسال اور محفوظ کرنا ہوگی۔
ٹیکس اتھارٹی کا کہنا تھا کہ الیکٹرانک انوائس XML فارمیٹ میں جاری ہوگی، جس سے مختلف الیکٹرانک سسٹمز انوائس کی معلومات کو خودکار طور پر پڑھ، تجزیہ اور پراسیس کرسکیں گے۔
کاروباری لین دین میں خریدار اور فروخت کنندہ کے سسٹمز کے درمیان انوائس تقریباً فوری طور پر منتقل ہوسکے گی۔
حکام نے بتایا کہ ترامیم نافذ ہونے کے بعد کاغذی انوائس، PDF انوائس اور ای میل کے ذریعے بھیجی گئی انوائس کی تصاویر الیکٹرانک ٹیکس انوائس تصور نہیں ہوں گی۔
نئے نظام کا نفاذ دو مرحلوں میں ہوگا، پہلا مرحلہ یکم اپریل 2027 سے شروع ہوگا، جس میں سالانہ 5 ملین عمانی ریال سے زائد سپلائی کرنے والی کمپنیاں شامل ہوں گی، جبکہ دوسرا مرحلہ یکم اکتوبر 2027 سے شروع ہوگا اور اس میں 5 ملین عمانی ریال سے کم سالانہ سپلائی والی کمپنیاں شامل ہوں گی۔
ٹیکس اتھارٹی نے نظام کی آزمائش کے لیے 100 کمپنیوں کا انتخاب بھی کیا ہے تاہم رضاکارانہ پائلٹ مرحلہ اگست 2026 کے آخر میں شروع ہوگا، جس کا مقصد نظام کی کارکردگی اور لازمی نفاذ سے قبل اس کی تیاری کا جائزہ لینا ہے۔
حکام کے مطابق الیکٹرانک انوائس ٹیکس اتھارٹی سے منظور شدہ ای-انوائسنگ سروس پرووائیڈر سے منسلک نظام کے ذریعے ہی تیار کی جاسکے گی اور اس میں VAT قانون کے تحت تمام لازمی معلومات شامل کرنا ہوں گی۔


