اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب کا کہنا ہے کہ متبادل توانائی کی مد میں 20 ہزارمیگاواٹ تک بجلی کی پیداوار بڑھائی جائے گی، ڈنمارک کی کمپنیاں متبادل توانائی کے دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب سے ڈنمارک کے سفیر رولف ہولمبوئے نے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نئی متبادل توانائی پالیسی میں صوبوں کا نمایاں کردار ہے، نئی پالیسی میں فیصلہ سازی، اطلاق میں صوبوں کا کردار نمایاں ہے۔
عمرایوب نے کہا کہ ڈنمارک کا عالمی سطح پر کلین اور گرین انرجی میں کلیدی کردار ہے، پاکستان دستیاب گرین انرجی کے مواقع سے استفادہ کے لیے کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت متبادل انرجی کا مجموعی انرجی مکس میں 4 فیصد ہے، 2025 تک مجموعی انرجی مکس میں متبادل توانائی کا حصہ 20 فیصد تک بڑھ جائے گا، 2030 تک مجموعی انرجی مکس میں متبادل توانائی کا حصہ 30 فیصد بڑھایا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ متبادل توانائی کی مد میں 20 ہزارمیگاواٹ تک بجلی کی پیداوار بڑھائی جائے گی، ڈنمارک کی کمپنیاں متبادل توانائی کے دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔
ڈنمارک کے سفیر نے کہا کہ متبادل توانائی کے ذرائع سے 60 فیصد بجلی کی پیداوار کی سوچ قابل تحسین ہے، ڈنمارک اس شعبے میں اپنی مہارتوں اور ماہرین کے تبادلے کے لیے تیار ہے، ڈنمارک انتہائی کم قیمتوں پرمتبادل توانائی کے ذرائع سے بجلی پیدا کر رہا ہے۔