ڈلاس: لاہورمیں گزشتہ روز ہونے والے دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد سے اظہاریکجہتی کے لئے امریکہ کے ایک ہوٹل نے اپنی عمارت کو پاکستان کے جھنڈے کا رنگ دے دیا ہے۔
تفصیلاے کے مطابق امریکی شہرڈلاس میں واقع اومنی ڈلاس ہوٹل نے سانحہ لاہورکے بعد اپنے ہوٹل کی بیرونی دیوار پرروشنیوں سے پاکستانی پرچم کی نمائش کی ہے۔
گزشتہ روز پاکستان کے شہرلاہورکے علاقے گلشن اقبال میں واقع پارک میں ہونے والے مبینہ خودکش حملے میں 72افراد جاں بحق جبکہ 300 افراد زخمی ہوئے تھے۔
ہوٹل انتظامیہ کے مطابق پاکستانی پرچم کی نمائش کا مقصد پاکستان میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے افراد کے ساتھ اظہارِیکجہتی کرناہے۔
واضح رہے کہ یورپ اورامریکہ میں کسی سانحے پراس قسم کے اقدامات کرنا معمول کی بات ہے پر پاکستان میں ہونے والے کسی سانحے پرکسی ہوٹل کی جانب سے ایسا اقدام پہلی باردیکھنے میں آیا ہے۔
پاکستان میں ہونے والے اس خوں آشام حملے کی ذمہ داری پاکستان طالبان سے علیحدگی اختیارکرنے والے مسلح گروہ جماعت الحرارنے قبول کی ہے۔