تازہ ترین

سعودی عرب میں آن لائن نکاح کا طریقہ کار

ریاض: سعودی وزارت انصاف نے ڈیجیٹل دور کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے مملکت میں مقیم شادی کے خواہشمندوں کے لیے آن لائن نکاح کی سہولت کا طریقہ کار جاری کردیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شادی کے خواہشمندوں کو سب سے پہلے وزارت انصاف کی ویب سائٹ پر ’آن لائن نکاح‘ کے حوالے سے مکمل معلومات حاصل کرنا ہوں گی جس کی روشنی میں وہ اگلے اقدامات اٹھائیں گے۔

معلومات کے بعد امیدواروں کو اپنے ذاتی کوائف کے بارے میں اندراج کرانا ہوگا، نکاح خواں کا انتخاب، نکاح کا وقت اور تاریخ کا تعین کرنا ہوگا جس کے بعد وزارت کی جانب سے مذکورہ شخص کو پیغامات موصول ہوں گے۔

وزارت نکاح خواں کا انتخاب اپنے طور پر کرے گی اور متعین نکاح خواں دلہا اور دلہن کے کوائف ای نکاح کے تحت سسٹم میں درج کرے گا، جس کے بعد وزارت انصاف نکاح خواں کو بذریعہ ایس ایم ایس نکاح پڑھانے کی منظوری سے آگاہ کرے گی۔

یہ مرحلہ مکمل ہونے کے بعد دلہا اور دلہن فنگر پرنٹس کے ذریعے نکاح نامہ پر دستخط کریں جب کہ گواہ ’کی بورڈ‘ کے ذریعے دستخط کریں گے اور یوں آن لائن نکاح تمام مراحل سے گزرنے کے بعد پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔

آن لائن نکاح کی سہولت میسر آنے پر شہری خوش ہیں اور وہ حکومتی اقدامات کی ستائش کررہے ہیں۔

Comments

- Advertisement -