اسلام آباد : بائیکیا اور ٹیکسی ڈرائیورز کی رجسٹریشن لازمی قرار دے دی ، ٹیکسی ویری فکیشن ایپ پرڈرائیوراورسواریاں باآسانی ڈیٹااپ لوڈکرسکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں شہریوں کے سفر کو محفوظ بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے مشترکہ طور پر بائیکیا اور ٹیکسی ڈرائیورز کی رجسٹریشن کے عمل کو مزید جدید اور محفوظ بنانے کا فیصلہ کرلیا۔
رجسٹریشن کا عمل اب ضلعی انتظامیہ کی ایپ سے پولیس کی مخصوص ‘ٹیکسی ویریفیکیشن ایپ’ پر منتقل کر دیا گیا ہے، اس ایپ کے ذریعے ڈرائیور اور سواریاں اپنا ڈیٹا باآسانی اپ لوڈ کر سکیں گی۔
تمام رجسٹرڈ ڈرائیورز کے لیے اپنی گاڑی یا بائیک کی اسکرین پر کیو آر کوڈ لگانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
سواریاں سفر شروع کرنے سے پہلے اس کیو آر کوڈ کو اسکین کر کے فوری طور پر ڈرائیور کی شناخت اور رجسٹریشن کی تصدیق کر سکیں گی۔
ڈرائیورز پر لازم ہوگا کہ وہ ہر سواری اور سفری معلومات سسٹم میں فراہم کریں، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ٹریکنگ ممکن ہو سکے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے واضح کیا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد شہریوں کے سفر کو سو فیصد محفوظ بنانا ہے۔ انہوں نے شہریوں کو سخت ہدایت کی ہے کہ "غیر رجسٹرڈ بائیکیا یا ٹیکسی پر ہرگز سفر نہ کریں، صرف تصدیق شدہ سواری کا ہی انتخاب کریں۔”


