کراچی : میر رضا علی کو لوکیشن پر چھوڑنے والے آن لائن ٹیکسی ڈرائیور احسان اللہ نے کہا ہے کہ جس جگہ میر رضا کو چھوڑا وہاں کوئی موجود نہیں تھا۔
اے آر وائی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے آن لائن ٹیکسی ڈرائیور کا کہنا تھا کہ اپنی زندگی کا آخری سفر میررضا نے میری گاڑی میں طے کیا، راستے میں ہماری باتیں ہوتی رہیں۔
ڈرائیور احسان اللہ نے بتایا کہ میر رضا نے 3 بج کر57 منٹ پر رائیڈ بک کی تھی اور 4 بج کر7 منٹ پر میر رضا کو کال کی کے آپ کی لوکیشن پر ہوں پھر 4 بج کر9 منٹ پر رائیڈ شروع کی۔
احسان اللہ نے بتایا کہ خالد بن ولید روڈ سے طارق روڈ اور وہاں سے بہادرآباد گئے، بہادرآباد سے اسٹیڈیم، ملینیم مال سے پرفیوم چوک جوہر موڑ سے ہوتے ہوئے موسمیات کی طرف گئے۔
ٹیکسی ڈرائیور کے مطابق میر رضا نے مجھ سے کہا کہ لوکیشن چھوڑ دو میں راستہ بتاتا ہوں، اس نے جیسا بتایا اس راستے پر چلتے گئے، میر رضا نے گاڑی میں گانے بھی چلائے اور کہا کہ گاڑی تیز چلاؤ۔
ایک سوال کے جواب میں ڈرائیور نے بتایا کہ نوجوان نے راستے میں کسی کو فون نہیں کیا بس وہ موبائل استعمال کر رہا تھا، میر رضا کے ساتھ سفر کا تمام ریکارڈ میرے پاس موجود ہے۔


