معروف کمپنی اوپن اے آئی نے چیٹ جی پی ٹی اسمارٹ اسپیکر متعارف کروانے کی تیاری کرلی ہے۔
اوپن اے آئی چیٹ جی پی ٹی سے چلنے والا ایک پریمیم اسمارٹ اسپیکر 2027 میں لانچ کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے جس کی قیمتیں تین سے چار سو امریکی ڈالر کے درمیان ہوسکتی ہے۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق یہ اسمارٹ اسپیکر عام اسمارٹ اسپیکرز سے مختلف ہوگا اس کا ڈیزائن ڈونٹ (رِنگ) کی شکل میں ہوگا اور اسے اعلیٰ معیار کی دھات سے تیار کیا جائے گا۔
ڈیوائس کو گھر کے مختلف حصوں، جیسے بیڈ سائیڈ ٹیبل، کچن کاؤنٹر یا ورک ڈیسک پر آسانی سے رکھا جا سکے گا تاکہ چیٹ جی پی ٹی روزمرہ زندگی کا حصہ بن سکے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اوپن اے آئی کا مقصد صرف موسیقی چلانے یا سوالات کے جواب دینے والا اسمارٹ اسپیکر بنانا نہیں، بلکہ ایسا اے آئی فرسٹ ڈیوائس تیار کرنا ہے جو صارفین کے ساتھ قدرتی انداز میں گفتگو کر سکے اور مختلف روزمرہ کاموں میں مدد فراہم کرے۔
OpenAI is set to launch a portable smart speaker powered by ChatGPT, featuring voice interactions, contextual awareness, and a unique design. Priced between $300 and $400, this device aims to redefine AI integration in daily life. Despite legal challenges from Apple, OpenAI… pic.twitter.com/zorkL0lV3x
— The Daily Tech Feed (@dailytechonx) August 6, 2026
کہا جارہا ہے کہ اس ڈیوائس میں کچھ حرکت کرنے والے میکانیکل حصے بھی ہوں گے تاہم ان کا مقصد ابھی واضح نہیں کیا گیا۔
اگر رپورٹ درست ثابت ہوئی تو یہ ڈیوائس امیزون ایکو جیسے اسمارٹ اسپیکرز کے مقابلے میں کہیں زیادہ مہنگی ہوگی جن کی قیمت عام طور پر40 سے 240 ڈالر کے درمیان ہوتی ہے۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ زیادہ قیمت کی وجہ اس کا پریمیم میٹل ڈیزائن، چیٹ جی پی ٹی کے لیے خصوصی ہارڈویئر، جدید مصنوعی ذہانت کی صلاحیتیں اور بہتر سیکوریٹی اور صارف کا تجربہ ہو سکتی ہے۔
یہ منصوبہ اوپن اے آئی کی صارفین کے لیے ہارڈویئر مارکیٹ میں سب سے بڑی پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے۔ تاہم کمپنی کو امیزون، گوگل اور ایپل جیسے بڑے حریفوں کا سامنا ہوگا، جو پہلے ہی اسمارٹ ہوم ڈیوائسز کی مارکیٹ میں مضبوط موجودگی رکھتے ہیں۔


