راجن پور: کچے میں چھوٹوگینگ کے خلاف آپریشن میں ایس ایچ او سمیت سات پولیس اہلکارشہید ہوگئے، دودرجن سے زائد اہلکاروں کوڈکیت گروپ نے تاحال یرغمال بنا رکھا ہے جبکہ پولیس نے چھوٹو گینگ کے پانچ کارند ے ہلاک کرنے کا دعوٰی کیا۔
راجن پورمیں چھوٹو گینگ کے خلاف ’آپریشن ضربِ آہن‘ کا آج سترہواں روز ہے، آپریشن کی تمام ترحکمتِ عملی چھوٹو گینگ کے سامنے ناکام ہورہی ہے۔ یرغمال بنائے گئے ایس ایچ حنیف غوری بھی شہید کردئیے گئے۔
دوسری جانب پولیس نے پانچ ڈاکوؤں کو ہلاک کرنے کا دعوٰی کیا ہے، ذرائع کے مطابق چھوٹو گینگ کا گھیرا تنگ کرنے کیلئے نئی حکمت عملی کے تحت چھوٹو گینگ کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس سے پہلےجزیرہ نما کچھی جمال میں جاری آپریشن ضرب آہن میں حصہ لینے والےتیس پولیس اہلکاروں میں سے چھ مقابلے کے دوران شہید جبکہ چوبیس کو چھوٹو گینگ نے یرغمال بنالیاتھا جن کی بازیابی اور چھوٹوگینگ کے کارندوں کی گرفتاری کیلئے آپریشن تاحال جاری ہے۔
گزشتہ روز بھی اس آپریشن میں دو پولیس اہلکاروں نے جامِ شہادت نوش کیا تھا۔