کراچی : میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ انسداد تجاوزات کے خلاف ایمپریس مارکیٹ میں آپریشن سب سے بڑا تھا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایمپریس مارکیٹ کے سامنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ صبح 7 بجے آپریشن شروع کیا جو کامیاب ہوا۔
انہوں نے کہا کہ کےایم سی نے دکانوں کوکرائے پردیے جانے کے معاہدے ختم کردیے، کے ایم سی کی صوابدید ہے وہ معاہدے ختم کرسکتی ہے۔
وسیم اختر نے کہا کہ آپریشن کے بعد شہرکی شکل نکل آئی ہے، ہم کسی کے روزگارکوختم نہیں کرنا چاہتے۔
میئر کراچی نے کہا کہ جولیزدی گئی وہ غلط تھیں ان کو تعمیرات شمارنہیں کرسکتے، دکانیں گرائی گئی ہیں اتنی دکانیں کرائے پرنہیں دی تھیں، جہاں سے دکانیں ختم کرائیں ہیں وہاں پارک بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دکانوں کوایک ہفتے پہلے نوٹس دیے گئے تھے، فٹ پاتھ کوجوبھی گھیرے گا اس کلیئرکرائیں گے۔
وسیم اختر نے کہا کہ کچھ لوگوں کونہیں پتہ وہ نا تجربہ کارہیں وہ وقت کے ساتھ سیکھ جائیں گے، وزیراعظم تواس سے خوش ہوئے ہوں گے۔
میئرکراچی نے کہا کہ وزیراعظم نے مجھے خود کہا کہ وسیم تجاوزات ختم کریں، جوبھی غلط کام ہوا اس کومزید جاری نہیں رکھ سکتے۔
انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف پورے شہرمیں آپریشن جاری رکھیں گے، سپریم کورٹ اور وزیراعظم نے بھی تجاوزات ختم کرانے کی ہدایت کی تھی۔
وسیم اختر نے کہا کہ انسداد تجاوزات کے متاثرین کی ایک فہرست بنائی جائے گی، انسداد تجاوزات کے خلاف ایمپریس مارکیٹ میں آپریشن سب سے بڑا تھا۔
ہم کسی کا روزگارنہیں چھیننا چاہتے لیکن کراچی پرقبضہ نہیں ہونےدیں گے‘ وسیم اختر
یاد رہے کہ تین روز قبل میئرکراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ انسداد تجاوزات آپریشن کے خلاف دھرنا غیرقانونی ہے، ہم کسی کا روزگارنہیں چھیننا چاہتے لیکن کراچی پر قبضہ نہیں ہونے دیں گے۔