بدھ, ستمبر 16, 2026
اشتہار

آپریشن سندور پر بھارتی ڈاکیومنٹری کامیڈی اور ٹریجڈی ہے، آئی ایس پی آر

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی : پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بھارت کی جانب سے بنائی گئی ایک نئی ڈاکیومنٹری کو حقائق کے منافی، ڈرامائی اور بیک وقت ‘کامیڈی اور ٹریجڈی’ قرار دے کر مسترد کردیا ہے۔

آئی ایس پی آر نے یہ بیان بھارت کے نام نہاد آپریشن سندور کی مناسبت سے بھارت میں بنائی جانے والی ڈاکیومنٹری کے جواب میں جاری کیا ہے۔

پاک فوج کے مطابق بھارت معرکہ حق میں شکست کی تلخ حقیقت تسلیم کرنے سے انکاری ہے، ناکام مہم جوئی میں بھارت کو عبرتناک شکست ہوئی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارت نے تاریخ کو من پسند رنگوں سے رنگنے کی کوشش کی، تاریخ توڑ مروڑ کر پیش کرنے کیلئے بھارتی کونٹینٹ کریئٹرز نے ڈراما گھڑا۔

بھارتی تخلیق کاروں نے نام نہاد آپریشن سندور پر جھوٹی اور ڈرامائی ڈاکیومنٹری بنائی، نام نہاد آپریشن سندور پر جھوٹی ڈاکیومنٹری میں بھارت کی سینئر سیاسی و فوجی قیادت کو شامل کیا گیا۔

پاک فوج کے مطابق بھارت کی بنائی گئی مضحکہ خیز ڈاکیومنٹری ٹریجڈی اور کامیڈی کہلانے کی مستحق ہے، ڈاکیومنٹری میں بالی ووڈ کا رنگ ، جذباتی بیانیے اور حقائق بدل کر من پسند نتیجہ گھڑا گیا۔

بنیادی تضادات سے بھرپور ڈاکیومنٹری بھارتی اندرونی بیانیے کی ناکام کوشش ہے، اس میں 16 اپریل کے آرمی چیف کےخطاب کو 22 اپریل کے پہلگام واقعے سے جوڑا گیا، ڈاکیومنٹری میں آرمی چیف کے خطاب سے سازشی نظریہ گھڑنے کی کوشش کی گئی۔

ترجمان آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کے مبینہ 3 ملزمان کو 28 جولائی کو 82 دن بعد ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا، ڈاکیومنٹری میں دعویٰ کیا گیا کہ آپریشن سندور میں پہلگام واقعے کے ذمہ داروں کو سزا دے دی گئی۔

ملزمان 28 جولائی کو ہلاک ہوئے تو بھارت بتائے 7مئی کو کسے سزا دینے کا دعویٰ کیا؟، آپریشن سندور سے متعلق بھارتی دعویٰ آپریشنل ریکارڈ سے مطابقت نہیں رکھتا، معرکہ حق میں پاک فوج نے بھارتی جارحیت ناکام بناتے ہوئے 8 بھارتی فوجی طیارے مار گرائے۔

پاکستان نے آپریشن بنیان المرصوص میں 26 فوجی اہداف کو درست نشانہ بنایا، بھارتی عسکری قیادت خود پاکستانی میزائل، ڈرون ، فضائی سرگرمیوں کااعتراف کرتی ہے، بھارتی ڈاکیومنٹری میں ایل او سی پر جھڑپوں،ایئر ڈیفنس نظام فعال ہونے کا بھی اعتراف کیا گیا۔

جھڑپوں، فضائی دفاعی نظام مسلسل فعال رہا،بھارت کی جیت کا جھوٹ بےنقاب ہوگیا، حقیقت یہ ہے کہ جنگ بندی ڈی جی ایم اوز رابطے اور باہمی رضا مندی سے ہوئی۔

امریکا کی مدد سے جنگ بندی بعد میں غیر مشروط بھارتی فتح قرار نہیں دی جاسکتی، بھارت نے حقائق ڈی کلاسیفائی نہیں کیے بلکہ فوجی ناکامی کو کامیاب دکھانے کیلئے پروپیگنڈا کیا، فلمی مناظر جنگی طیاروں کے نقصانات اور اصل فوجی حقائق کو تبدیل نہیں کرسکتا۔

پاکستان کو معرکہ حق سے متعلق کوئی بیانیہ گھڑنے کی ضرورت ہی نہیں، دنیا آپریشنل ریکارڈ، جنگی شواہد اور سفارتی روابط کی حقیقت خود جانتی ہے، پاکستان علاقائی امن اور استحکام کے لئے پرعزم ہے، پاک فوج ملکی خودمختاری، علاقائی سالمیت ، قومی مفادات کےدفاع کیلئےمکمل تیار ہے۔

مستقبل میں کسی بھی بھارتی فوجی مہم جوئی کا جواب بھرپوراور فیصلہ کن ہوگا، بھارت نے مستقبل میں کوئی مہم جوئی کی تو وہ دنیا کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں