راولپنڈی : پاک فوج ، ایف سی بلوچستان اورپولیس کے مشترکہ”آپریشن شعبان” میں مزید 9 خارجیوں کو ہلاک کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کا مشترکہ "آپریشن شعبان” پوری طاقت سے جاری ہے۔
سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ حالیہ موثر کارروائیوں کے دوران فتنہ الخوارج کے مزید 9 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا ہے۔
سیکورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ دشوار گزار راستوں اور پہاڑی سلسلوں میں چھپے ہوئے خارجیوں کو نشانہ بنانے کے لیے زمینی فورسز کے ساتھ ساتھ ہوائی ایکشن کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔ ح
الیہ کارروائی کے بعد صرف ‘آپریشن شعبان’ میں ہلاک ہونے والے خارجیوں کی تعداد 52 ہو چکی ہے، جبکہ 5 جولائی سے اب تک صوبے بھر میں مختلف آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 88 خارجی دہشت گرد انجام کو پہنچائے جا چکے ہیں۔
سیکورٹی فورسز کا عزم ہے کہ بلوچستان سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فتنہ الخوارج کے مزید 9 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر پاک فوج، ایف سی اور پولیس کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے اور فورسز کے غیر متزلزل عزم اور بہادری کو سلام پیش کیا ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ "بہادر سیکورٹی فورسز نے ایک بار پھر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے، بلوچستان میں امن و امان کے قیام کی خاطر ہماری فورسز کی قربانیاں تاریخ کا ایک سنہرا باب ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ یہ دہشت گرد ملک و قوم پر بوجھ ہیں اور ملک کے بہتر مستقبل کے لیے ان کا جڑ سے خاتمہ ناگزیر ہو چکا ہے، امن کے دشمنوں کو پاکستان کی دھرتی پر کہیں بھی چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔”


