اتوار, فروری 9, 2025
اشتہار

پنجاب بجٹ کے خلاف اپوزیشن اور ایپکا ملازمین کا احتجاج

اشتہار

حیرت انگیز

حکومت پنجاب کے بجٹ کو اپوزیشن نے مسترد کرتے ہوئے بجٹ کو ظالمانہ اور ناانصافی پر مبنی قرار دیا ہے جبکہ ایپکا ملازمین نے پنجاب اسمبلی کے سامنے اپنے حقوق کے لیے شدید گرمی میں احتجاجی دھرنا  دیا اور بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے مال روڈ ٹریفک کے لیے بند کردیا۔

 پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود الرشید نے بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے لوکل گورنمنٹ کو نظر انداز کردیا، حکومت نے گاڑیوں اور پلاٹس پر ٹیکس لگا کر اچھا نہیں کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی توجہ صرف اورنج لائن اور میٹرو منصوبے پر مرکوز ہے، کسانوں کے سو ارب روپے کے پیکیج کا محض ڈھنڈورا پیٹا گیا۔

اسی حوالے سے پنجاب کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے مختلف محکموں کے مستقل اور ڈیلی ویجز ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں پنجاب اسمبلی کے سامنے چیئرنگ کراس پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور حکومت سے پے اسکیل بڑھانے اور ملازمین کو مستقل کرنے کا مطالبہ کیا۔ شدید گرمی کے باوجود مظاہرین دن بھر حکومت کی پالیسیوں کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔

انتظامیہ کی جانب سے مظاہرین کو یقین دلایا گیا کہ بجٹ تقریر میں ان کے مطالبات کو تسلیم کرنے کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا اس لیے احتجاج ختم کر دیں تاہم وزیر خزانہ پنجاب نے بجٹ تقریر میں احتجاجی ملازمین کا کوئی ذکر نہ کیا جس کے بعد مظاہرین نے بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے احتجاجاً مال روڈ ٹریفک کے لیے بند کردیا۔

سڑک کی بندش کے سبب مال روڈ اور اطراف کی سڑکوں پر بد ترین ٹریفک جام ہو گیا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔  مظاہرین نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی اور اعلان کیا کہ مطالبات منظور ہونے تک احتجاج جاری رہے گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں