اسلام آباد: پاناماپیپرز معاملے کی تحقیقات کے معاملے میں اپوزیشن رہنماوٗں کا کہنا ہے کہ ثبوت کی ذمہ داری اس پر ہے جس نے آف شور کمپنیوں میں سرمایہ کاری کی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں اپوزیشن رہنماوٗں نےصحافیوں سے گفتگو کی، نیوز کانفرنس میں پیپلز پارٹی کے اعتزاز احسن، تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی ، شیخ رشید اور دیگر موجود تھے۔
اس موقع پربیرسٹراعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ حسین نواز نے سب سے پہلے اربوں روپے کی موجودگی کا راز افشاء کیا جس کے پیچھے نجانے کیا وجہ تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی سرمایہ ایسی ریاستوں میں گیا جہاں اسے خفیہ رکھا جاتا ہے۔ حکومت ڈیڑھ لاکھ مقدمات کھولنا چاہتی ہے، اسامہ اور حمود الرحمن کمیشن کی بھی تحقیقات چاہتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اگر نہیں کرنا چاہتی تو پاناماہ پیپرز سے متعلق تحقیقات کرنا نہیں چاہتی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ثبوت کی ذمہ داری اس پر عائد ہوتی ہے جس نے آف شور کمپنیوں کے ذریعے ملک کا سرمایہ ملک سے باہر بھیجا۔
اس موقع پر تحریک انصاف کے نائب صدر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ حکومت چاہتی ہے کہ پاناما پیپرز کی تحقیقات میں وزیراعظم نواز شریف کا نام نہ آئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسا کیسےممکن ہے کہ بچوں کے نام ہوں اور وزیراعظم کانام پناما پیپرز کی تحقیقات میں نہ آئے۔
اس موقع پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ اگر حکومت نے پنامہ پیپرز کے حوالے سے مطالبات تسلیم نہیں کیے تو عید کے بعد عوام سڑکوں پر ہوں گے۔