اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے نائب صدر شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وہ عمران خان خان کو ’’ٹی او آرز‘‘ کمیٹی سے علیحدگی کا مشورہ دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا رویہ غیر سنجیدہ ہے لہذا اپوزیشن کو چاہیئے کہ اس کمیٹی سے علیحدہ ہوجائے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومت ، وزیراعظم اور ان کے خاندان کو بچانا چاہتی ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ کمیٹی کے تمام ممبران اس بات پر متفق ہیں کہ اس کمیٹی سے ٹی اور آرز کے معاملے پر کچھ بھی نہیں بن سکے گا لہذا اسے ختم کردینا چاہیے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی کا آئندہ اجلاس منگل کو ہے اور ایسا محسوس ہورہا ہے کہ یہ کمیٹی کا آٹھواں اور آخری اجلاس ہوگا۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم کے قومی اسمبلی میں خطاب کے بعد ٹی او آرز کی تیاری کے لیے پارلیمانی کمیٹی بنانے کا اعلان کیا گیا تھا۔
کمیٹی میں حکومت کی نمائندگی وفاقی وزرا اسحاق ڈار، خواجہ آصف، سعد رفیق، انوشہ رحمان، میر حاصل بزنجو اور اکرم درانی کریں گے۔
کمیٹی کے اپوزیشن اراکین میں پیپلز پارٹی کے چوہدری اعتزاز احسن، پاکستان تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی، عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹر الیاس بلور، جماعت اسلامی کےصاحبزادہ طارق اللہ، پاکستان مسلم لیگ ق کے طارق بشیر چیمہ اور متحدہ قومی موومنٹ کے سینیٹر بیرسٹر محمد علی سیف شامل ہیں۔