تازہ ترین

اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

اسلام آباد: اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی جس کے مطابق حکومت کے خلاف مہم موثر بنانے کی حکمت عملی طے نہ ہوسکی۔

تفصیلات کے مطابق اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس میں اکتوبر میں اسلام آباد لاک ڈاؤن کا معاملہ بھی کھٹائی میں پڑ گیا، اسلام آباد کی طرف اپوزیشن کا مارچ دسمبر تک جاسکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی عدم شرکت کے باعث اے پی سی میں اہم فیصلے نہ ہوسکے۔

مولانا فضل الرحمان نے اکتوبر میں اسلام آباد لاک ڈاؤن کی تجویز دی تھی، اپوزیشن جماعتوں نے اے پی سی میں سوال کیا کہ اسلام آباد آکر کیا کریں گے، اسلام آباد میں دھرنا دینے کے بعد کیا ہوگا۔

مزید پڑھیں: اپوزیشن کی اے پی سی، شہباز شریف اور بلاول شرکت نہیں کر سکیں گے

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ اے پی سی میں پی پی اور ن لیگ مرکزی قائدین شریک ہوں گے، چارٹر آف ڈیمانڈ کی تیاری پر مشاورت ابھی باقی ہے۔

اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس میں سینیٹ الیکشن میں اپوزیشن کی شکست پر بھی پیش رفت نہ ہوسکی، سینیٹ انتخابات میں شکست کی ذمہ داری کوئی جماعت لینے کو تیار نہیں ہے۔

اے پی سی اجلاس میں مرکزی رہنما ایک دوسرے کو باتیں سناتے رہے، کشمیر کے معاملات کو بھی حکومت کے خلاف مہم کا ایجنڈا بنایا جائے گا۔

واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان کی کل جماعتی کانفرنس میں بلاول اور شہباز شریف شریک نہیں ہوئے، اے پی سی میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کی شدید مذمت کی گئی اور حکومتی اقدامات کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

Comments

- Advertisement -