مانسہرہ : سیکیورٹی فورسز نے آپریشن ردالفساد کے تحت مانسہرہ میں کارروائی کے دوران دو دہشت گرد اور ان کے 3سہولت کاروں کو گرفتار کرکے ملزمان سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق دہشت گردوں اور فسادیوں کے خلاف آپریشن ردالفساد ملک بھر میں کامیابی سے جاری ہے، اس سلسلے میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کو مانسہرہ میں کیے جانے والے آپریشن ردالفساد میں ایک بہت بڑی کامیابی ملی ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے پولیس کے ہمراہ مانسہرہ میں خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کی، اس دوراندو دہشت گرد اور ان کے 3سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گرفتار ملزمان ضلع ہزارہ میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث ہیں اس کے علاوہ گرفتار دہشت گرد پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ اور ملٹری قافلوں پر حملوں میں بھی ملوث ہیں اور دہشت گردوں نے سیکیورٹی اہلکاروں کے علاوہ امام بارگاہوں پر بھی حملے کیے۔
قبل ازیں رواں سال جنوری میں آپریشن ردالفساد کے تحت ایف سی نے قلات، خاران میواند میں مشتبہ ٹھکانوں پر اہم کارروائیاں کی تھیں، مذکورہ کارروائیوں کے دوارن دو دہشت گرد ہلاک جبکہ بھاری تعداد میں اسلحہ اور بارود مواد برآمد کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: آپریشن ردالفساد، فورسز کی اہم کارروائی، بھاری مقدار میں دھماکہ خیزمواد برآمد
خیال رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا تھا، جس کے نتیجے میں لشکر جھنگوی اور داعش کے 3 انتہائی مطلوب دہشت گرد مارے گئے تھے ۔
علاوہ ازیں ماضی میں بلوچستان میں کارروائیوں کے دوران بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ برآمد کیا جاچکا ہے جب کہ ایف سی متعدد دہشت گردوں کو گرفتار بھی کرچکی ہے۔