ہفتہ, مارچ 22, 2025
اشتہار

اورنگی ٹاؤن میں‌5 ڈاکوؤں کے ساتھ پولیس مقابلہ، ویڈیو سامنے آ گئی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: اورنگی ٹاؤن میں‌5 ڈاکوؤں کے ساتھ پولیس مقابلے کی ویڈیو سامنے آ گئی ہے، جس میں پانچ میں سے تین کو گرفتار کر کے لے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن، اقبال مارکیٹ میں پولیس اور ڈکیت گینگ کے درمیان مقابلہ ہوا، جس میں گینگ کے 3 کارندے گرفتار، جب کہ 2 فرار ہونے میں کام یاب ہو گئے۔

پولیس اہل کار جب تین ڈاکوؤں کو پکڑ کر لے جانے لگے تو شہریوں نے ان پر تشدد کرنے کی کوشش کی، اہل کار روکتے رہے لیکن شہریوں نے ڈاکوؤں پر تھپڑ برسا دیے، جس پر اہل کار کو ہوائی فائرنگ کرنی پڑی۔

رپورٹ کے مطابق یہ مقابلہ مین اقبال مارکیٹ بازار میں ہوا، ملزمان واردات کے لیے بازار کی گلیوں میں موجود تھے، انھوں نے گشت پر مامور پولیس اہل کاروں کو دیکھا تو فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم آگے جا کر ڈاکو شہریوں کے ہتھے چڑھ گئے۔

پولیس اہل کاروں نے تعاقب کے بعد گینگ کے تین ارکان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا، ڈاکوؤں سے دو غیر قانونی پستول، مع گولیوں، چلے ہوئے خول، چھینا گیا موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔

پولیس کے مطابق ڈاکوؤں سے برآمد شدہ موٹر سائیکل چوری کی ہے، جس کی ایف آئی ار تھانہ اقبال مارکیٹ میں درج ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت شاہ رخ، زبیر اور ارسلان کے ناموں سے ہوئی ہے، پولیس کی جانب سے ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے، محکمے کا کہنا ہے کہ گینگ کے دو فرار ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے۔

اہم ترین

افضل خان
افضل خان
افضل خان اے آر وائی نیوز سے وابستہ کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں