کراچی : اورنگی ٹاؤن میں پولیس مقابلے میں ایک ملزم ہلاک ہوگیا دو زخمیوں سمیت پانچ ملزمان کو گرفتارکرلیا گیا،ملزمان رہزنی اور ڈکیتیوں کی متعدد وارداتوں مین پولیس کو مطلوب تھے۔
پولیس کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے علاقے رحیم شاہ کالونی میں پولیس ٹیم نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا تو وہاں موجود ملزمان نے فائرنگ کردی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے گینگ کا سرغنہ ذیشان مارا گیا۔
ملزم نے گزشتہ دنوں اورنگی ٹاؤن میں موبائل چھیننے کے دوران فائرنگ کر کے تنویر نامی نوجوان کو بھی قتل کیا تھا، جس کی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے نشر بھی کی تھی۔
ملزمان کے گینگ میں شفیق، اشعر ،شاہ میر اور سمیع الیاس عرف چونی شامل ہیں۔ فوٹیج میں نظر آنے والا بچہ یہی سمیع الیاس چونی ہے، جس کی عمر سولہ سال ہے۔
اے آر وائی نیوز نے یہ معاملہ بھی اٹھایا تھا کہ ملزمان وارداتوں میں بچوں کا استعمال کررہے ہیں اور اسلحہ انہیں کے پاس رکھواتے ہیں۔