کراچی (14 فروری 2026): شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں عنقریب دلہا بننے والے ایک نابینا شخص کو نامعلوم افراد نے گولیاں مار دیں۔
اورنگی ٹاؤن میں اللہ والا کالج کے قریب گھر میں گھس کر ایک شخص کو قتل کیے جانے کا واقعہ پیش آیا ہے، مقتول کی شناخت 40 سال کے دانش کے نام سے ہوئی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ لگتا ہے۔
مقتول کے لواحقین کا کہنا ہے کہ دانش کے گھر سے 3 موبائل فون غائب تھے جو گھر کے قریب میدان سے مل گئے، جب کہ مقتول دانش کی عنقریب شادی بھی تھی۔
مقتول کے چچا زاد بھائی حماد نے میڈیا کو بتایا ’’دانش پیدائشی نابینا نہیں تھے، وقت گزرنے کے ساتھ بینائی چلی گئی، وہ بلدیہ کے اسکول میں نائب قاصد تھے، دیگر 3 بھائی بھی نابینا ہیں، دانش صبح سے شام تک گھر میں بچوں کو قرآن پڑھاتے تھے۔‘‘
چالان ہونے پر موٹرسائیکل سوار شہری دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا
حماد نے مزید بتایا ’’گھر سے تین موبائل غائب ہوئے تھے جو گھر کے قریب گراؤنڈ سے مل گئے ہیں، موبائل فونز میں نابینا افراد کا سافٹ ویئر ٹاک بیک انسٹال تھا، دانش کی عنقریب شادی تھی اور گزشتہ شب بھی شاپنگ کی گئی تھی۔‘‘
چچا زاد بھائی کے مطابق پولیس نے بتایا کہ شاداب گراؤنڈ کے قریب ہی کچھ دیر قبل پولیس مقابلہ بھی ہوا تھا۔ ایس ایس پی ویسٹ طارق الہٰی مستوئی کے مطابق اورنگی تھانے کی حدود شاداب گراؤنڈ کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں میں مقابلے میں 1 ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوا ہے جب کہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا۔
ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت محمد وقار کے نام سے ہوئی ہے، ملزم سے اسلحہ، چلیدہ خولز، 4 موبائل فونز اور نقدی رقم برآمد ہوئی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


