جمعہ, جولائی 10, 2026
اشتہار

9 اور 10 محرم کو بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا حکم

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : وزیرِ توانائی نے تمام ڈسکوز کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ محرم الحرام بالخصوص 9 اور 10 محرم کو بجلی کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرِ توانائی سردار اویس لغاری کی خصوصی ہدایت پر محرم الحرام کے دوران ملک بھر میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو سخت ضابطہ اخلاق جاری کر دیے گئے۔

وزیرِ توانائی نے تمام ڈسکوز کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ محرم الحرام بالخصوص 9 اور 10 محرم کو بجلی کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

سردار اویس لغاری نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجالس اور جلوسوں کے روٹس پر بجلی سپلائی کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔

انہوں نے حکم دیا کہ تمام امام بارگاہوں اور مجالس کے فیڈرز پر ٹرانسفارمرز کی مرمت اور دیکھ بھال کا کام 7 محرم الحرام سے پہلے لازمی مکمل کیا جائے اور جلوس کے راستوں پر لٹکتی ہوئی تاروں کو فوری درست کیا جائے تاکہ کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔

وزارتِ توانائی کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز میں کہا گیا کہ محرم الحرام کے دوران تمام ڈسکوز کے آپریشنل عملے کو کسی بھی قسم کی چھٹی نہیں دی جائے گی اور عملہ فیلڈ میں موجود رہے گا۔

وزارتِ توانائی کا کہنا تھا کہ جلوسوں کے روٹس پر بجلی کی فراہمی اور نگرانی کے لیے ہر ڈسکو کا چیف انجینئر خود انچارج ہوگا، محرم آپریشن کی سخت مانیٹرنگ کے لیے خصوصی کنٹرول رومز قائم کیے جائیں گے۔

ایس او پیز میں کہا گیا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال یا خرابی سے نمٹنے کے لیے ہر سب ڈویژن میں اضافی ٹرانسفارمرز اور دیگر ضروری سامان پہلے سے تیار رکھا جائے گا۔

وزیرِ توانائی نے تمام کمپنیوں کے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ وہ محرم الحرام کے دوران مقامی ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ قریبی اور مسلسل رابطے میں رہیں تاکہ امن و امان کے قیام اور عزاداروں کی سہولت کے لیے مل کر کام کیا جا سکے۔

اہم ترین

علیم ملک
علیم ملک
علیم ملک پاور ڈویژن، آبی وسائل، وزارت تجارت اور کاروبار سے متعلق دیگر امور کے لیے اے آر وائی نیوز کے نمائندے ہیں

مزید خبریں