اسلام آباد : تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے پرتشدد احتجاج کے ماسٹرمائنڈز اور مرکزی کرداروں کی فہرستیں تیار کرلی گئیں ، کسی بھی وقت بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے حالیہ پرتشدد احتجاج کے منتظمین اور مرکزی کرداروں کی نشاندہی کر لی ہے۔
حکومتی ذرائع نے بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تمام شرپسند عناصر کا مکمل ڈیٹا فراہم کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جیوفینسنگ اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ملک گیر نیٹ ورک اور کمانڈ پوائنٹس کی نشاندہی کی گئی ہے، جبکہ کال ڈیٹا ریکارڈ سے احتجاج کے ماسٹرمائنڈز اور مرکزی کرداروں کا پتہ چل گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ کہ فنانسرز اور سہولت کاروں کی فہرستیں بھی تیار کر لی گئی ہیں اور کسی بھی وقت بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق احتجاج کے دوران املاک کو نقصان پہنچانے والے افراد کی شناخت ویڈیوز اور چہرہ شناسائی ٹیکنالوجی کی مدد سے کی جا رہی ہے جبکہ مختلف شہروں میں چھاپوں کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔
حکومتی حکام نے کہا ہے کہ مشتبہ فنڈنگ کی چھان بین جاری ہے، بینکاری ریکارڈ محفوظ کر لیا گیا ہے، جبکہ مختلف اداروں کی خصوصی ٹیمیں تحقیقات میں مصروف ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ حکومت نے امن و امان خراب کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کر لی ہے، اور ریاستی رٹ کے خلاف کسی سرگرمی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


