کراچی : کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑنے والے فرنٹ لائن پر کام کرنے والے ممتاز آرتھوپیڈک سرجن ڈاکٹر یونس سومروانتقال کرگئے، ڈاکٹر یونس سومرو کو آتھو پیڈک کے شعبہ کا ماہر استاد کہا جاتا تھا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں کورونا کے باعث ممتاز آرتھوپیڈک سرجن ڈاکٹر یونس سومروانتقال کرگئے، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری کے مطابق ممتاز آرتھو پیڈک سرجن ڈاکٹر یونس سومرو کوویڈ 19کیخلاف فرنٹ لائن پر کام کر رہے تھے۔
ڈاکٹر یونس سومرو سول اسپتال کراچی میں پروفیسر آف آرتھوپیڈک کے فرائض بھی انجام دے چکے تھے جبکہ ان دنوں وہ ضیاء الدین اسپتال کے شعبہ آرتھوپیڈک سے منسلک تھے اور کورونا کے باعث زیر علاج تھے۔۔
ڈاکٹر یونس سومرو ڈاؤ میڈیکل کالج کراچی سمیت صحت سے متعلق مختلف ملکی اور غیر ملکی سمپوزیم میں بھی اہم کردار ادا کرتے تھے، انھیں آتھو پیڈک کے شعبہ کا ماہر استاد کہا جاتا تھا۔
ڈاکٹر یونس کی نمازے جنازہ آج عصر نماز کے بعد کراچی سی ویو مسجد میں ادا کی جائے گی، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ڈاکٹر یونس سومرو کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے چیئر مین ڈاکٹر عمر سلطان اور مرکزی کابینہ نے دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے اہل خانہ اور ملک بھر کے ڈاکٹرز سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
وائی ڈی اے کے مطابق ملک بھر میں اب تک سو سے زائد ڈاکٹرز کوویڈ 19کیخلاف فرنٹ لائن کا کردار ادا کرتے ہوئے شہید ہوچکے ہیں۔
اس سے قبل کرونا وائرس کا شکار نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان کے وائس چانسلر ڈاکٹر مصطفیٰ کمال پاشا بھی انتقال کر گئے تھے ، ڈاکٹر مصطفیٰ کمال پاشا کو تین دن قبل سانس لینے میں شدید تکلیف ہوئی، جس کے بعد انکو وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا لیکن پھیپھڑوں سے خون رِسنے کے باعث وہ خالق حقیقی سے جا ملے۔
مرحوم کی نماز جنازہ بعد نماز عصر نشتر گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے نامور طبیب ڈاکٹر مصطفیٰ کمال پاشا کے انتقال پرافسوس کا اظہار کیا۔