لاس اینجلس : جیسیکا چیستین کی نئی ڈراؤنی فلم "ادر ممی” کا خوفناک ٹریلر جاری کردیا گیا ہے، جس سے ان کے مداحوں میں سنسنی پھیل گئی۔
ہالی ووڈ کی آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ جیسیکا چیستین ایک بار پھر ڈراؤنی فلموں کی دنیا میں واپس آّرہی ہیں، لیکن اس بار وہ ایک نہیں بلکہ دو مختلف کرداروں میں ناظرین کو خوفزدہ کرتی نظر آئیں گی۔
یونیورسل پکچرز نے اپنی نئی ڈراؤنی فلم "Other Mommy” کا پہلا آفیشل ٹریلر جاری کر دیا ہے، جس نے ریلیز ہوتے ہی ہارر فلموں کے شائقین میں بے چینی اور تجسس پیدا کر دیا ہے۔
فلم کے سنسنی خیز ٹریلر کا آغاز ایک پراسرار اور خوفناک منظر سے ہوتا ہے، جہاں ایک پراسرار وجود آٹھ سالہ بچی بیلا سے پوچھتا ہے، "کیا میں تمہارے دل کے اندر آ سکتی ہوں؟” یہی جملہ فلم کے خوفناک ماحول کی بنیاد رکھتا ہے اور ناظرین کو ابتدا ہی سے ایک پراسرار دنیا میں لے جاتا ہے۔
فلم میں جیسیکا چیستین نے ارسولا نامی ماں کا کردار ادا کیا ہے مگر کہانی اس وقت ہولناک رخ اختیار کر لیتی ہے جب ارسولا کی ایک شیطانی ہم شکل، جسے "ادر ممی” کہا جاتا ہے، بیلا کی زندگی میں داخل ہو جاتی ہے۔
وقت گزرنے کے ساتھ بیلا کے لیے یہ پہچاننا مشکل ہو جاتا ہے کہ اس کے سامنے موجود عورت اس کی حقیقی ماں ہے یا اس کی خوفناک شیطانی نقل۔ یہی ذہنی کشمکش اور نفسیاتی خوف فلم کو روایتی ہارر کہانیوں سے مختلف بناتا ہے۔
فلم کی کہانی کے مطابق 8 سالہ بیلا ایک ایسے گھر میں رہتی ہے جہاں اس کے والدین کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں۔
ایک دن اس کی الماری سے ایک پراسرار مخلوق نمودار ہوتی ہے، جسے وہ "ادر ممی” کا نام دیتی ہے، ابتدا میں یہ مخلوق صرف بیلا کے لیے ایک معمہ ہوتی ہے، مگر جلد ہی پورا خاندان اس کے خوف کی لپیٹ میں آ جاتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ "ادر ممی” کا پہلا ٹریلر ابتدا میں صرف کرسٹوفر نولان کی آنے والی فلم "The Odyssey” کی سنیما اسکریننگ کے ساتھ دکھایا گیا تھا، جس کے بعد اب اسے دنیا بھر کے شائقین کے لیے آن لائن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
یہ فلم نیویارک ٹائمز کی بیسٹ سیلر کتاب "Incidents Around the House” پر مبنی ہے، جبکہ اس کی ہدایت کاری ڈراؤنی فلموں "Host” اور "The Boogeyman” سے شہرت حاصل کرنے والے روب سیویج نے کی ہے، اسکرین پلے نیتھن ایلیسن نے تحریر کیا ہے۔
فلم کی دیگر کاسٹ میں جے ڈوپلاس، ڈیچن لاچمین، آریان معید اور کیرن ایلن شامل ہیں، جبکہ ڈراؤنی فلموں کے مشہور فلم ساز جیمز وان نے Atomic Monster اور Blumhouse کے اشتراک سے اس کو پروڈیوس کیا ہے۔
جیسیکا چیستین اس سے قبل بھی Take Shelter، Mama، Crimson Peak اور It Chapter Two جیسی کامیاب ڈراؤنی فلموں میں اپنی اداکاری کا لوہا منوا چکی ہیں، اور "ادر ممی” کو ان کی ہارر صنف میں ایک اور مضبوط واپسی قرار دیا جا رہا ہے۔
خوف، سنسنی اور نفسیاتی دہشت سے بھرپور "Other Mommy” دنیا بھر کے سینما گھروں میں 9 اکتوبر کو ریلیز ہوگی۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا جیسیکا چیستین ایک بار پھر اپنی خوفناک اداکاری سے شائقین کو سحر زدہ کرنے میں کامیاب ہوتی ہیں۔



