کراچی : پاکستان نیول اکیڈمی میں 114 ویں مڈشپ مین پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد ہوا، جس میں 102 پاکستانی، 64 دوست ممالک کے افسران نے کمیشن حاصل کیا۔
پاک بحریہ کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاکستان نیول اکیڈمی میں 114 ویں مڈشپ مین پاسنگ آؤٹ پریڈ میں امیرالبحرایڈمرل محمدامجدخان نیازی بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
انہوں نے اس موقع پر کہا کہ پاک بحریہ جدید اثاثوں کے ساتھ عالمی پانیوں میں ہمہ وقت موجود ہے۔
امیر البحر کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے اور اپنے ہمسائیوں سے دوستانہ اور خوشگوار تعلقات کا خواہاں ہے، لہذا ہماری امن دوستی کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔
نیول چیف محمد امجد خان نیازی نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر طرح کے مذموم ارادوں سے آگاہ ہے، پاک افواج مذموم ارادوں سے نمٹنے کےلیے ہمہ وقت اور ہر قیمت پر تیار ہے۔
ترجمان پاک بحریہ نے کہا کہ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں 102 پاکستانی اور 64 دوست ممالک کے افسران نے کمیشن حاصل کیا، مہمان خصوصی نے کمیشن حاصل کرنے والے افسران کو مبارکباد پیش کی۔
ترجمان پاک بحریہ نے کہا کہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔