کشمش ایک ایسا میوہ ہے جو بچّے اور بڑے بھی شوق سے کھاتے ہیں۔ اس کا روزانہ استعمال صحّت اور مختلف امراض سے نجات دلاتا ہے، لیکن اسے اعتدال اور توازن کے ساتھ استعمال کیا جانا چاہیے۔ یہ آئرن، فائبر، پوٹاشیم اور میگنیشیم سے بھرپور اینٹی آکسیڈینٹ میوہ ہے۔
طبّی ماہرین روزانہ پانچ کشمش کھانے کا مشورہ دیتے ہیں۔ یہ جھائیوں سے حفاظت کرتا ہے، دورانِ خون میں بہتری لاتا ہے، دانتوں اور مسوڑھوں کی صحّت کے لیے مفید ہے۔ موسمِ سرما میں اس میوے کے بیش بہا فوائد ہیں جن میں خاص طور پر جلد کے ان مسائل کا حل شامل ہے جو خشک اور سرد ہواؤں کے سبب پیدا ہوسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ نظامِ ہضم اور تیزابیت کی تکالیف سے نجات دلانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔
اگر ہم جلد کی بات کریں تو سردیوں میں خاص طور پر ہمارے جسم کا یہ سب سے نمایاں اور طویل عضو خُشک اور کھردرا محسوس ہوتا ہے اور چہرہ یا ہاتھ وغیرہ روکھے اور بے رونق معلوم ہوتے ہیں۔
سردیوں کے موسم میں جہاں جلد میں ضروری نمی برقرار رکھنے کی ضرورت پیش آتی ہے، اور اس کی زیادہ دیکھ بھال اور حفاظت کرنا وہیں اس کی خوب صورتی برقرار رکھنے میں روزانہ کشمش کھانا بھی فائدہ مند ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق کشمش جلد کو تر و تازہ اور پُرکشش رکھتی ہے۔
ماہرین بتاتے ہیں کہ کشمش میں وٹامن سی، سیلینیم اور زنک جیسے قدرتی اجزا موجود ہوتے ہیں جو ہماری جلد کے لیے بہت ضروری ہیں۔ اس میوے میں شامل اینٹی آکسیڈینٹ جلد کو جوان اور صحّت مند رکھنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
سردیوں میں روزانہ کشمش کا استعمال نظامِ ہاضمہ کو بہتر بناتا ہے کیوں کہ اس میں فائبر موجود ہوتا ہے اور یہ ہاضمے کے لیے ضروری ہے جب کہ یہی میوہ زہریلے اور فاسد مادّوں کو بھی نظامِ ہاضمہ سے دور رکھنے میں بھی مدد دیتا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق کشمش آنتوں کی صفائی کرتی ہے اور موسمِ سرما میں اس کا روزانہ استعمال مجموعی طور پر نظامِ ہضم کے لیے مفید ثابت ہوتا ہے۔
تیزابیت ایک عام مسئلہ ہے اور کشمش پوٹاشیم، کاپر، آئرن اور میگنیشیم جیسے قدرتی اجزا کی حامل ہوتی ہے جو تیزابیت سے نجات دلاتے ہیں۔