واشنگٹن(6 مارچ 2026): ایران جنگ کے تناظر میں وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا۔
ایران کے ساتھ جاری حالیہ جنگ اور کشیدہ صورتحال کے تناظر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی اور سلامتی کے لیے وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں ایک خصوصی دعائیہ تقریب منعقد کی گئی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
امریکا بھر سے ممتاز مذہبی رہنماؤں اور پادریوں نے وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں جمع ہو کر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے دعا کی۔ وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مذہبی رہنما دعا کے دوران صدر ٹرمپ کے گرد جمع ہیں اور ان پر ہاتھ رکھ کر ان کی کامیابی اور ملک کے لیے بہتر فیصلوں کی استدعا کر رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دعائیہ تقریب ایران کے ساتھ جاری فوجی تنازع اور خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے پیشِ نظر منعقد کی گئی تاکہ صدر کو مشکل وقت میں روحانی مدد اور حوصلہ فراہم کیا جا سکے۔
سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد عوامی سطح پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ مشرقِ وسطیٰ میں حالیہ برسوں کے اس سب سے بڑے فوجی ٹاکرے کو اب دو ہفتے مکمل ہو چکے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


