لاہور : گھروں اور سرکاری دفاتر میں کروڑوں یونٹس کی اووربلنگ کا انکشاف سامنے آیا، جس سے عوام کو 40 ارب 80 کروڑ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔
تفصیلات کے مطابق بجلی کی اووربلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے،4 ماہ کے دوران چھاپہ مار ٹیموں کی جانب سے 48137 میٹرز کو چیک کیا، چھاپوں کے دوران 827 کنکشنز میں اووربلنگ کا انکشاف ہوا، جس کے بعد ملوث عناصر کے خلاف 80 انکوائریاں اور 32 مقدمات درج کئے گئے۔
گھروں، سرکاری دفاتر میں اوور بلنگ کی مد میں اربوں روپے بجلی کے بلوں میں وصول کئے، 4 ماہ کے دوران ملک بھر میں 1 ارب 10 کروڑ سے زائد یونٹس کی اووربلنگ کی گئی۔
اوور بلنگ سے عوام اور دیگر سرکاری اداروں کو 40 ارب 80 کروڑ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا، ایف آئی اے لاہور زون نے 163 کنکشنز میں 92 کروڑ 70 لاکھ یونٹس کی اووربلنگ پکڑی، مجموعی طور پر 34 ارب 29 کروڑ سے زائد بلوں کی مد میں وصول کئے گئے۔
ایف آئی اے ملتان زون نے 39 کنکشنز میں 3 لاکھ سے زائد یونٹس کی اوور بلنگ، ایف آئی اے پشاور زون نے 403 کنکشنز میں 90 لاکھ سے زائد یونٹس کی اوور بلنگ پکڑی۔
ایف آئی اے کوہاٹ زون نے 26 کنکشنز میں 3 لاکھ سے زائد یونٹس کی اووربلنگ کی نشاندہی کی جبکہ ایف آئی اے حیدرآباد زون نے ابتک 14 کنکشنز میں 1لاکھ سے زائد یونٹس کی اووربلنگ پکڑی۔
ایف آئی اےلاہورکالیسکو افسران کواوور بلنگ پر سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اوور بلنگ کسی صورت برداشت نہیں ہو گی اور بجلی کےصارفین پر اوور بلنگ کا بوجھ ڈالا گیا تو ایکشن ہوگا۔