بدھ, فروری 19, 2025
اشتہار

پی آئی اے کے انجینئرز کا ایک اور کارنامہ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے انجینئرز نے ایک سال سے زائد گراونڈ ایئر بس اے 320 طیارے کو اڑان کے قابل بنا دیا، طیارے کو مقامی وسائل سے قابل استعمال بنایا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے انجینئرز نے کارنامہ انجام دیتے ہوئے ایک سال سے زائد گراونڈ ایئر بس اے 320 طیارے کو اڑان کے قابل بنا دیا۔ بی ایل وی رجسٹریشن کا حامل طیارہ مقامی وسائل سے قابل استعمال بنایا گیا۔

ایئر بس اے 320 کے گراؤنڈ ہونے کی خبر اے آر وائی نیوز نے نشر کی تھی جس کے بعد پی آئی اے کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک نے نوٹس لیا تھا۔ سی ای او نے گزشتہ سال نومبر میں چارج سنبھالنے کے بعد تمام گراونڈ طیاروں کو قابل اڑان بنانے کے احکامات بھی جاری کیے تھے۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ طیارے کو دوسرے طیارے سے پرزہ جات نکالے بغیر مکمل کیا گیا، طیارہ گزشتہ سال مئی سے ناکارہ حالت میں بے توجہی کا شکار تھا۔

ترجمان کے مطابق طیارے کے قابل اڑان ہوجانے سے پی آئی اے کے حج آپریشن میں مزید آسانی ہوگی۔

اس سے قبل ایک بوئنگ 777 طیارہ بھی ڈیڑھ سال سے زائد گراونڈ رہنے کے بعد گزشتہ ماہ درست کر دیا گیا تھا۔ پی آئی اے نے اس سلسلے میں حکومت سے مالی مدد کی درخواست بھی کی تھی تاہم حکومت نے کوئی خاطر خواہ جواب نہیں دیا جس کے بعد پی آئی اے نے اپنے وسائل کا مؤثر استعمال کیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ 2 طیاروں کی بروقت بحالی کے بعد پی آئی اے کے حج آپریشن میں مزید آسانی ہوگئی ہے، تاحال حج آپریشن بغیر کسی کرائے کے طیارے کے مکمل طور پر پی آئی اے کے اپنے طیاروں سے کیا جا رہا ہے۔

سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک نے طیارے کی بحالی ممکن بنانے پر پی آئی اے کے کارکنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے اور انجینیئرنگ، فلائٹ آپریشن، فنانس اور سپلائی چین منیجمنٹ کے شعبوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کے لیے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ایئر بس بی ایل وی کی بحالی کے بعد اب پی آئی اے کا کوئی طیارہ ماسوائے معمول کی چیکنگ کے گراونڈ نہیں ہے۔

اہم ترین

محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں

مزید خبریں