(17 جون 2026): چپس کے پیکٹ نے 5 سالہ معصوم بچے فرحان کی جان لے لی پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
چپس ہر شخص کو پسند ہوتی ہے بالخصوص بچے تو اس کے دیوانے ہوتے ہیں، لیکن اسی چپس کے ایک پیکٹ نے پانچ سالہ معصوم بچے کی جان لے لی۔
یہ افسوسناک واقعہ آندھرا پردیش کے ضلع اننت پور کے گتی ٹاون میں پیش آیا، جہاں چپس کے پیکٹ سے چپس کھانے کے بعد فرحان نامی 5 سالہ بچے کی اچانک موت ہو گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فرحان علاقے کی دکان سے چپس کا پیکٹ خرید کر لایا تھا۔ چپس کھانے کے بعد اس پیکٹ میں موجود چھوٹا کھلونا اچانک اس کے گلے میں پھنس گیا اور دم گھٹنے کے باعث اس کی موت واقع ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق بچے کو سانس لینے میں دشواری پر اہلخانہ نے پہلے اس کی گھر میں سانس بحال کرنے کی کوشش کی اور ناکامی پر اس کو فوری اسپتال لے کر پہنچے تاہم بچہ راستے میں ہی چل بسا تھا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور معاملے کی جانچ شروع کر دی۔ پولیس یہ بھی معلوم کرنے کی کوشش کر رہی ہے کہ آیا مذکورہ چپس پیکٹ میں کھلونا حفاظتی اصولوں کے مطابق رکھا گیا تھا یا نہیں۔


