مشہور تاریخی بالی ووڈ فلم باجی راؤ مستانی کے بعد ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی ایک اور تاریخی موضوع پر بنائی جانے والی فلم پدما وتی میں مرکزی کردار ادا کرنے والی دپیکا پڈوکون کا پہلا شاندار روپ جاری کردیا گیا۔
#Padmavati @FilmPadmavati pic.twitter.com/MenI9N7qFz
— Deepika Padukone (@deepikapadukone) September 21, 2017
فلم ’پدما وتی‘ خاندان غلاماں کے بادشاہ علاؤ الدین خلجی اور چتور گڑھ کی رانی پدما وتی کی رومانوی داستان پر مبنی ہے۔
مہارانی پدماوتی یا پدمنی چتور گڑھ کے راجہ رتن سنگھ کی بیوی تھی اور اپنی خوبصورتی، بہادری اور ذہانت کے باعث مشہور تھی۔ تاریخی کتابوں کے مطابق علاؤ الدین خلجی اس کی خوبصورتی کی داستانیں سن کر وہاں گیا اور اس نے آئینے میں مہارانی کا عکس دیکھا تھا۔
بعض محققین کے مطابق بعد ازاں رانی نے علاؤ الدین خلجی اور اس کی دیوانگی سے خود کو بچانے کے لیے آگ میں کود کر اپنی جان دے دی تھی۔
فلم میں رانی پدمنی کا مرکزی کردار دپیکا پڈوکون، رانی کے شوہر رتن سنگھ کا کردار شاہد کپور اور علاؤ الدین خلجی کا کردار رنویر سنگھ نبھا رہے ہیں جبکہ ادیتی راؤ بھی فلم میں موجود ہیں جو علاؤ الدین خلجی کی اہلیہ کا کردار نبھائیں گی۔
یاد رہے کہ فلم باجی راؤ مستانی میں بھی دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ اسی نوعیت کا شاہی رومانوی داستان پر مبنی کردار ادا کر چکے ہیں۔
فلم کی کاسٹ فائنل کیے جانے کے موقع پر رانی پدمنی کے شوہر راجا رتن سنگھ کے کردار کے لیے پاکستانی اداکار فواد خان اور بعد ازاں شاہ رخ خان کو پیشکش کی گئی تاہم دونوں نے کردار کے مختصر ہونے کی وجہ سے اس سے انکار کردیا۔
بعد ازاں اس کردار کی پیشکش شاہد کپور کو کی گئی جنہوں نے اس شرط پر اسے قبول کیا کہ ان کے کردار کو بھی طول دیا جائے گا۔
فلم کے پہلے جاری کیے جانے والے پوسٹر میں دپیکا پڈوکون سرخ رنگ کا شاہی لباس اور بھاری بھرکم زیورات پہنے نظر آرہی ہیں جبکہ ان کے چہرے پر نہایت سنجیدگی اور کچھ سختی کے تاثرات بھی ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان زیورات کے پیچھے ایک مضبوط اور بہادر عورت کھڑی ہے۔
فلم کا پہلا پوسٹر تمام اداکاروں نے اپنے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیا۔
चित्तोड़ की महारानी, शौर्य और सौंदर्य का प्रतीक. रानीपद्मावती #Padmavati @FilmPadmavati @deepikapadukone @RanveerOfficial pic.twitter.com/BhcNCOMJtO
— Shahid Kapoor (@shahidkapoor) September 21, 2017
#Padmavati @FilmPadmavati pic.twitter.com/FWvsVoqHJQ
— Ranveer Singh (@RanveerOfficial) September 21, 2017
#Padmavati @FilmPadmavati ❤️ pic.twitter.com/hqP8nUw1oo
— Aditi Rao Hydari (@aditiraohydari) September 21, 2017
پوسٹر پر فلم کی ریلیز کی تاریخ یکم دسمبر لکھی گئی ہے۔
یاد رہے کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران جے پور میں سنجے لیلا بھنسالی اور ان کی ٹیم پر مقامی افراد اور انتہا پسندوں کی جانب سے حملہ بھی کیا گیا تھا جن کا دعویٰ تھا کہ ان کی بہادر رانی پدمنی کو غلط انداز میں پیش کیا جارہا ہے۔
تاہم سنجے لیلا بھنسالی نے یقین دہانی کروائی تھی کہ وہ تاریخ کو مسخ کرنے کی ہرگز کوشش نہیں کریں گے اور تمام واقعات کو جوں کا توں پیش کریں گے۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔