ہوم بلاگ

پاکستانی معیشت کے حوالے سے اچھی خبر

0

معاشی جریدے بلومبرگ کے مطابق فنانشل ٹائمز اسٹاک ایکسچینج (ایف ٹی ایس ای  ) گروپ نے پاکستانی ایکویٹی کا ایمرجنگ مارکیٹ کا درجہ مزید 6 ماہ کیلئے برقرار رکھا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بلومبرگ کا کہنا ہے کہ فنانشل ٹائمز اسٹاک ایکسچینج کے فیصلے سے پاکستانی حصص مارکیٹ میں غیر ملکی سرمایہ کاری دوبارہ بڑھ سکتی ہے۔

بلومبرگ کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ڈیفالٹ کا خطرہ تھا، غیر ملکی فنڈنگ کی سخت ضرورت تھی لیکن فنانشل ٹائمز اسٹاک ایکسچینج کے فیصلے سے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری دوبارہ شروع  ہوگئی ہے۔

بلومبرگ کے مطابق اسٹاک مارکیٹ کیپٹلائزیشن 2017 میں 100 بلین ڈالر سے کم ہو کر21 بلین ڈالر رہ گیا، مگر پاکستان کم از کم سرمایہ کاری کے قابل مارکیٹ کیپٹلائزیشن کی حد پاس کرنے میں کامیاب رہا۔

 بلوم برگ کا کہنا ہے نئی پاکستانی حکومت کی سربراہی ریفارمز دوست وزیراعظم کے ہاتھ میں ہے۔

وفاقی حکومت کا ای سی ایل کمیٹی سے متعلق بڑا فیصلہ

0

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے کابینہ کی ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل)  کمیٹی کی تشکیل نو کردی۔

تفصیلات کے مطابق کابینہ ڈویژن نے 4 رکنی ای سی ایل کمیٹی کی تشکیل نو کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس کے مطابق ای سی ایل کمیٹی کی سربراہی کسی وفاقی وزیر کو نہ دینے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق وزیر اعظم کابینہ کی ای سی ایل کمیٹی کی سربراہی خود کریں گے، ای سی ایل ذیلی کمیٹی میں وزیر داخلہ اور وزیر اطلاعات کو شامل نہیں کیا گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کیلئے سیکریٹریل سپورٹ وزارت داخلہ دے گی، مگر وزیر داخلہ کمیٹی کے رکن نہیں ہوں گے۔

نوٹفیکیشن کے مطابق ای سی ایل کمیٹی میں وزیر قانون، وزیر صنعت و پیداوار اور وزیر انسانی وسائل شامل ہیں، وزیر اعظم کی عدم موجودگی میں وزیر قانون کمیٹی کی سربراہی کریں گے۔

ای سی ایل کی ذیلی کمیٹی میں ای سی ایل کیسز کی جانچ پڑتال کی جائے گی، جبکہ کمیٹی کی سفارشات منظوری کے لیے وفاقی کابینہ میں پیش کی جائیں گی۔

اسلام آباد، راولپنڈی اور پشاور میں زلزلے کے جھٹکے

0
زلزلے کے جھٹکے

اسلام آباد، راولپنڈی اور پشاور میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پشاور اور مضافات میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، اسی طرح اسلام آباد میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ کوہاٹ، لوئر دیر، چترال اور گردونواح میں بھی شدید زلزلہ محسوس کیا گیا، زلزلہ کے باعث لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔

اس کے علاوہ پشاور، شانگلہ، بونیر، ملاکنڈ، سوات اور گردونواح میں بھی زلزلے کے جھٹکے سے لرز اٹھے۔

ذرائع کے مطابق زلزلے کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ کلمۂ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر آگئے، ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ کسی بھی شہر سے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

22 سالہ ماریہ کے قتل کی وڈیو بنانے والے بڑے بھائی، بھابھی کا ہولناک انکشاف

0

ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نواحی علاقے میں 22 سال کی ماریہ کے قتل کی وڈیو بنانے والے بڑے بھائی اور بھابھی نے ہولناک انکشافات کیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ کے علاقے چک 477 میں بھائی کے ہاتھوں 22 سالہ قتل مقتولہ کے بھائی شہباز اور بھابھی نے اےآر وائی نیوز سے گفتگو میں انکشاف کہا کہ بہن ماریہ نے اپنے ساتھ زیادتی کا بتایا تھا۔

بھائی شہباز نے کہا کہ افطاری کے بعد جب بہن نے مجھ سے شکایت کی تو میں نے اپنے والد اور بھائی سے بات کی، لیکن جب میں باہر آیا تو والد اور بھائی نے میرے آنکھوں کے سامنے بہن کو قتل کیا۔

22 سالہ ماریہ کو قتل کرنے والے بھائی اور باپ گرفتار

شہباز نے کہا کہ ماریہ کو بچانے آیا تو بھائی اور والد نے میری بیٹیوں کو مارنے کی دھمکی دی جس کی وجہ سے وہ مزاحمت نہیں کرسکے، لیکن میں نے فون کال کے بہانے بہن کے قتل کی ویڈیو بنالی۔

بھابھی نے بتایا کہ جب ہم نے ماریہ سے ملاقات کی تو اس کے ہاتھ پاؤں باندھے ہوئے تھے، شہباز نے پولیس سے مطالبہ کیا کہ ہے کہ پولیس میری مدعیت میں مقدمہ درج کرے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھائی کے ہاتھوں بہن کے لرزہ خیز قتل کا واقعہ پیش آیا تھا، 22 سالہ ماریہ کو ہولناک طریقے سے قتل کیا گیا، سگے بھائی نے گھر والوں کے سامنے بہن کو منہ پر تکیہ رکھ کر قتل کیا۔

قتل کے وقت کمرے میں باپ اور بھابھی سمیت دیگر موجود تھے، قاتل فیصل نے تین منٹ تک ماریہ کا منہ تکیے سے دبائے رکھا اور مرنے کی تصدیق کرنے کے بعد رُکا، پولیس حکام کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ 17 اور 18 مارچ کی درمیانی رات ماریہ کو قتل کر کے خاموشی سے تدفین کردی گئی تھی۔

238 بار ریکارڈ ناکامی کے بعد بھی بھارتی شہری ایک بار پھر الیکشن لڑنے کو تیار

0

کہتے ہیں ناکامی ہے کامیابی کی جانب سیڑھی کا پہلا قدم ہے لیکن بھارت میں تو ایک شخص ریکارڈ 238 بار ناکامی کے بعد بھی پھر الیکشن لڑنے کے لیے پر عزم ہے۔

ناکامی سے کبھی نہ گھبرانے اور نہ شرمانے والا فولادی اعصاب کا مالک یہ شخص 65 سالہ پدما راجن ہے جس کی میٹور میں ٹائر مرمت کرنے کی دکان ہے، ساتھ ہی وہ ہومیوپیتھک ڈاکٹر ہے اور ایک مقامی میڈیا کے ایڈیٹر کے طور پر بھی کام کرتا ہے  لیکن حیرت کی بات ہے کہ وہ کبھی جیتنے کی خواہش سے الیکشن نہیں لڑتا۔

اس خواہش کو پورا کرنے کے لیے وہ 36 سالوں سے الیکشن لڑ رہا ہے اور اب تک 238 بار الیکشن کے میدان میں اتر چکا ہے اور ملک کے صدر کے انتخاب سے لے کر مقامی سطح پر ہونے والے الیکشن تک میں حصہ لیا ہے تاہم اب تک کسی ایک جگہ بھی کامیابی اس کا مقدر نہیں بن سکی ہے۔ اپنے اسی جنون کے باعث وہ اپنے علاقے میں ’الیکشن کنگ‘ کے نام سے مشہور ہے۔

پدما راجن کا اس میدان میں مقابل کوئی کمزور اور عام افراد نہیں بلکہ موجودہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی، سابق وزرائے اعظم اٹل بہاری باجپائی، من موہن سنگھ اور کانگریس رہنما راہول گاندھی جیسے بڑے قد کاٹھ کے سیاستدان رہے ہیں۔

پدما راجن رواں برس 19 اپریل سے شروع ہونے والے انڈیا کے چھ ہفتے کے طویل عام انتخابات میں وہ تامل ناڈو کے ضلع دھرما پوری کے پارلیمانی نشست پر الیکشن لڑ رہا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ تمام امیدوار الیکشن میں جیت کے خواہاں ہوتے ہیں لیکن میں نہیں۔ میں تو الیکشن میں حصہ لے کر بس یہ ثابت کرنا چاہتا ہوں کہ الیکشن لڑنا صرف بڑے اور نامور لوگوں کا کام نہیں بلکہ عام لوگ بھی الیکشن لڑ سکتے ہیں۔

پدما کا کہنا ہے کہ وہ الیکشن میں حصہ لینے کو ہی اپنی کامیابی سمجھتا ہے اور جب اسے شکست ہوتی ہے تو بخوشی ہارتا اور کھلے دل سے تسلیم کرتا ہوں۔

پدما جو الیکشن لڑنے کے شوق میں اب تک بڑی رقم بھی خرچ کر چکا ہے وہ اب تک الیکشن تو نہ جیت سکا لیکن اس کی واحد کامیابی لِمکا بک آف ریکارڈز میں انڈیا کے سب سے ناکام امیدوار کے طور پر جگہ حاصل کرنا ہے، جس میں انڈینز کی جانب سے قائم کیے گئے ریکارڈز شامل کیے جاتے ہیں۔

پدما راجن کی بہترین کارکردگی 2011 میں تھی جب اس نے میٹور میں اسمبلی انتخابات میں 6 ہزار 273 ووٹ حاصل کیے جبکہ مقابل امیدوار نے 75 ہزار سے زیادہ ووٹ لیے تھے۔ اس حوالے سے اس کا کہنا ہے کہ مجھے ایک ووٹ کی بھی امید نہیں تھی لیکن اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ لوگ مجھے آہستہ آہستہ قبول کر رہے ہیں۔

الیکشن لڑنے کا یہ جنونی شخص کہتا ہے کہ وہ اپنی آخری سانس تک الیکشن لڑتا رہے گا اور جب کوئی اس سے سوال کرتا ہے کہ اگر وہ جیت گیا تو؟

جس پر پدما کہتا ہے کہ اگر میں جیت گیا تو حیران رہ جاؤں گا اور قہقہہ لگاتے ہوئے کہتا  ہے کہ مجھے دل کا دورہ بھی پڑ جائے گا۔

وفاقی دارالحکومت کی سیکیورٹی کے حوالےسے اہم فیصلہ

0

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے داخلی اور خارجی راستوں پر مشترکہ چیک پوسٹیں قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق چیک پوسٹیں 13 داخلی اور خارجی راستوں پر قائم کی جائیں گی، یہ فیصلہ سیکیورٹی خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ چیک پوسٹیں وفاقی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے قائم کریں گے، روات، سنگجانی، 26 نمبر چونگی، بہارہ کہو پر چیک پوسٹیں قائم ہوں گی۔

 ذرائع کے مطابق ترلائی، آئی جے پرنسپل روڈ ، ترامڑی چوک کے داخلی راستے بھی شامل ہونگے،  ٹینتھ ایونیو، کریج فیکٹری پر بھی چیک پوسٹیں قائم کی جائیں گی۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ چیک پوسٹوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصف کئے جائیں گے، شہر میں مزید 50 کیمرے سیف سٹی کے ساتھ منسلک کر دئیے گئے۔

100 سالہ مرد اور 96 سالہ ’’لڑکی‘‘ شادی کر رہے ہیں

0

شادی کے لیے یوں تو عمر کی کوئی قید نہیں لیکن انتہائی ضعیف العمر افراد اگر شادی کریں تو اس پر دنیا کو حیرت ضرور ہوتی ہے۔

ایسا ہی ایک حیرت انگیز فیصلہ ایک 100 سالہ سابق امریکی فوجی ہیرالڈ ٹیرنس اور ان کی 96 سالہ دوست جین سوارلن نے کیا ہے جنہوں نے دو سال تک دوستی کا رشتہ رکھنے کے بعد ایک دوسرے کو جیون بھر کا ساتھی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہیرالڈ ٹیرنس اور ان کی منگیتر جین سوارلن نے اپنی شادی کی تقریب فرانس میں طے کی ہے کیونکہ یہی وہ پہلا ملک تھا جہاں دوسری جنگ عظیم کے دوران ہیرالڈ نے 20 سالہ امریکی فضائیہ کے پائلٹ کے طور پر عالمی جنگ میں قدم رکھا تھا۔

ہیرالڈ جنہیں رواں سال جون میں فرانس کی 80 ویں آزادی کی سالگرہ کے موقع پر حکومت کی جانب سے اعزاز سے بھی نوازا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ حکومتی تقریب کے بعد اس ساحل کے قریب ایک قصبے میں شادی کریں گے جہاں انہوں نے دیگر امریکی فوجیوں کے ساتھ فرانس میں داخل ہوتے وقت پہلا قدم رکھا تھا۔

مقامی میڈیا سے گفتگو میں سابق امریکی فوجی نے اپنی 96 سالہ منگیتر جین سوارلن کو ’’لڑکی‘‘ کہہ کر مخاطب کیا اور کہا کہ میں اس لڑکی سے بہت پیار کرتا ہوں کیونکہ وہ میرے لیے بہت خاص ہے اور ہم دونوں ہی رقص کے شوقین ہیں۔

دوسری جانب 96 سالہ جین سوارلن نے بھی اپنے ہونے والے شوہر کے بارے میں اسی نوعیت کے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہیرالڈ ایک زبرست آدمی ہیں جو مجھ سے بہت پیار کرتے ہیں اور اس کا برملا اعتراف کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ شادی سے قبل دونوں کے شریک حیات انتقال کر چکے ہیں۔

سمیع ابراہیم اور عمران ریاض کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا

0

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے 24 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دیدی ہے جس میں صحافی سمیع ابراہیم اور عمران ریاض کا نام بھی شامل ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ نے 24 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دیدی، وفاقی کابینہ سے وزارت داخلہ کی سمری پر سرکولیشن کے ذریعے منظوری لی گئی۔

وفاقی کابینہ نے صحافی سمیع ابراہیم اور عمران ریاض کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی منظوری دیدی، دونوں کے نام انکوائریوں کے باعث ای سی ایل میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔

اس کے علاوہ پی ٹی آئی رہنما بابراعوان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی منظوری بھی دیدی گئی،  بابر اعوان کا نام دسمبر 2023 میں القادرٹرسٹ کیس کے باعث ای سی ایل میں شامل کیا گیا تھا۔

مسجد الحرام میں فتویٰ روبوٹس خدمات انجام دیں گے!

0

حرمین شریفین نے رمضان المبارک کے آخری عشرے میں زائرین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے فتویٰ روبوٹس کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ہر سال رمضان المبارک بالخصوص اس کے آخری عشرے میں حرمین شریفین میں زائرین کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہو جاتا ہے اور نہ صرف دنیا بھر بلکہ سعودی عرب میں مقیم افراد کی بھی بڑی تعداد آخری عشرہ اور طاق راتیں گزارنے یہاں آتی ہے۔

حرمین شریفین کی انتظامیہ کی جانب سے زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولتوں کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری رہتے ہیں اور امسال زائرین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال کیا جائے گا۔

عرب میڈیا کے مطابق مسجد الحرام میں تیز رفتار وائی فائی سسٹم سے لیس چلتے پھرتے فتویٰ روبوٹس تعینات کیے جائیں گے جو اردو سمیت دنیا کی 11 مختلف زبانوں میں زائرین کو فتوے اور دیگر مسائل کا حل دریافت کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔

دوسری جانب ادارہ امور حرمین شریفین میں رمضان المبارک کے آخری عشرے کی نسبت سے زائرین کے مسائل کے فوری حل کےلیے مختلف مقامات پر کاونٹرز اور کیبنز بھی قائم کیے گئے ہیں جہاں علما بھی موجود ہیں جن سے زائرین براہ راست اپنے مسئلے کا حل دریافت کر سکتے ہیں اس کے علاوہ مختلف زبانوں میں معلوماتی کتابچوں کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔

انتظامیہ نے رمضان المبارک کے حوالے سے دینی معاملات کے بارے میں دریافت کرنے کے لیے ٹول فری نمبر بھی مخصوص کیا ہے جن پر رابطہ کرتے ہوئے کسی بھی وقت اپنا مسئلہ اور اس کا حل دریافت کیا جاسکتا ہے۔

آئی پی ایل کے ایک میچ میں ریکارڈز کا سیلاب آ گیا

0

آئی پی ایل میں گزشتہ روز ہونے والے سن رائزرز حیدرآباد اور ممبئی انڈینز کے میچ نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی ریکارڈ بُک کو تہہ وبالا کر دیا۔

کرکٹ میں ریکارڈ بننا اور ٹوٹنا کوئی نئی یا انہونی بات نہیں لیکن گزشتہ روز آئی پی ایل 2024 میں ریکارڈ بنے ایسے لگاتار کہ اس نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی ریکارڈ بک میں کسی ایک میچ میں ریکارڈ بننے کی تاریخ بدل ڈالی۔

گزشتہ روز انڈین پریمیئر لیگ 2024 میں سن رائزرز حیدرآباد اور ممبئی انڈینز کے درمیان میچ ریکارڈ ساز رہا جس میں رنز کی اتنی زیادہ برسات ہوئی کہ وہ ریکارڈز کے سیلاب میں تبدیل ہوگئی جس نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی ریکارڈ بُک کو تہہ و بالا کر دیا۔

اس میچ میں نہ صرف کسی ایک ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ قائم ہوا بلکہ مجموعی طور پر میچ میں سب سے زیادہ رنز بننے، سب سے زیادہ چھکے لگنے اور ایک ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ چھکوں کے نئے ریکارڈز بنے۔

صرف یہی نہیں بلکہ پاور پلے اور ابتدائی 10 اوورز میں بھی رنز کی برسات کا نیا ریکارڈ قائم ہوا۔

یہ میچ حیدرآباد دکن میں کھیلا گیا جس میں میزبان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے تین وکٹوں کے نقصان پر ریکارڈ 277 رنز بنا ڈالے۔ ٹرویس ہیٹ نے 24 گیندوں پر 62، ابھیشیک شرما 23 گیندوں پر 63 اور ہینرج کلاسن نے 34 گیندوں پر 80 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس سے قبل 2013 کی آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز بنگلورو نے واریئرز کے خلاف 5 وکٹ پر 263 رنز بنائے تھے۔

ہدف کے تعاقب میں ممبئی انڈینز کا آغاز متاثر کن نہ رہا لیکن مڈل آرڈر میں تلک ورما 34 گیندوں پر 64 جبکہ ٹم ڈیوڈ نے ناقابل شکست 22 گیندوں پر 42 رنز کی اننگز کھیلی تاہم وہ مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 246 رنز ہی بنا سکے۔

یوں اس میچ میں کسی بھی ایک ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ تو بنا لیکن اس کے ساتھ ہی میچ میں مجموعی طور پر 523 رنز بنے جس نے ٹی ٹوئنٹی کی اب تک کی تاریخ کا سب سے زیادہ رنز بننے کا ریکارڈ قائم کیا۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان گزشتہ سال کھیلے گئے میچ میں قائم ہوا تھا جو 517 رنز کا تھا جب کہ اسی سال پی ایس ایل 8 میں لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے میچ میں 515 رنز بنے تھے۔

جب اتنے زیادہ رنز بنیں تو پھر اس میں چوکوں چھکوں کی برسات نہ ہو یہ تو ہو نہیں سکتا۔ اس میچ میں چھکوں کا بھی ایک نیا ریکارڈ قائم ہوا اور میچ کے دوران دونوں ٹیموں کی جانب سے 38 چھکے لگائے۔

سن رائزرز کے بلے بازوں نے پہلے بیٹنگ کرے ہوئے 18 بار گیند کو ہوا کے دوش پر باؤنڈری کے پار پہنچایا۔ ممبئی انڈینز گوکہ میچ نہ جیت سکے لیکن چھکوں کا مقابلہ 20 چھکے لگا کر ضرور اپنے نام کیا۔

جنوبی افریقا کے فاسٹ بولر کوینا مافاکا نے ممبئی انڈینز کی جانب سے اپنے چار اوورز کے کوٹے میں 66 رنز دیے۔ انہیں بلے بازوں نے 5 چھکے اور 7 چوکے لگائے۔

اس میچ میں ایک اور ریکارڈ یہ بھی بنا کہ سن رائزرز حیدرآباد نے ابتدائی 7 اوورز میں 100 جبکہ پہلے 10 اوورز میں 148 محض 2 وکٹوں کے نقصان پر بنائے تھے جو ٹورنامنٹ کا اب تک کا سب سے بڑا اسکور ہے۔