ہوم بلاگ صفحہ 10218

سندھ حکومت کا 9 اگست سے لاک ڈاؤن میں نرمی کا عندیہ

0

کراچی : سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے لاک ڈاؤن میں نرمی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کل تک 9اگست کےحوالےسےنیانوٹی فکیشن آجائے گا، جس میں آسانیاں بھی دی جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہفتہ پہلےسندھ میں 50سے55ہزارویکسی نیشن ہورہی تھی، سم بند کرانے کا فیصلہ ویکسی نیشن میں گیم چینجرثابت ہوا، ہمیں اپنی جان کی پرواہ نہیں موبائل سم کی پرواہ ہے، فیصلے کے بعد ویکسی نیشن کو 2لاکھ یومیہ تک پہنچایا۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کراچی میں ایک لاکھ 60ہزارافرادنےتین دن میں یومیہ ویکسی نیشن کرائی، اب تک ویکسی نیشن میں ضلع جنوبی اورشرقی آگےرہے، پرامیدہوں کہ ویکسی نیشن کی تعدادمزیدبڑھےگی۔

ترجمان نے کہا کہ ہم نےایک دن میں 2لاکھ 90ہزارویکسی نیشن کی جوبڑانمبرہے، جوویکسی نیشن 50ہزارتھی آج وہ 3لاکھ کاہندسہ چھورہی ہے، حیدرآباد، میرپور خاص اورسانگھڑ میں اچھی تعداد میں ویکسی نیشن ہورہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کیسزجیسےبڑھ رہےتھےویسےاب نہیں بڑھ رہے، محرم ہماری لیےکوورناکےحوالےسےایک اورٹیسٹ ہوگا، کوشش ہےکہ چھوٹےپیمانے پر دینی اجتماعات کے لیے ویکسی نیشن کا انتظام کیا جائے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہماری کوشش ہےکہ لوگ ویکسی نیشن لگوانےکےلیےباہرنکلیں، گزارش ہےماسک کوٹھیک طریقےسےپہنیں تاکہ کوروناکےخلاف جنگ جیت سکیں، مخالفت پرنہیں کام کرنے پر یقین رکھتاہوں، ہم لوگوں کی مدد سے تمام کام کریں گے۔

سندھ حکومت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ کوشش ہےشہریوں کےتعاون سےشہرمیں مثبت تبدیلی لاسکیں، فیصلہ کیاتھاکہ 9اگست کوصورتحال دیکھ فیصلہ کریں گے، کل تک 9اگست کےحوالےسےنیانوٹی فکیشن آجائےگا، نئےنوٹی فکیشن میں آسانیاں بھی دی جائیں گی۔

مصطفیٰ کمال کے بیان کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ مصطفیٰ کمال سڑکوں پرآناچاہتےہیں توماسک پہناکرآئیں، ابھی جوجنگ ہےوہ سیاسی نہیں ہے،ہم سب کوایک پیغام دیناچاہیے، سب ایک ہی پیغام دیں کہ ماسک پہنیں اورویکسی نیشن کرائیں۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا مزید کہنا تھا کہ 30سے35دن ذمےداری دکھائی توکوروناکیس کم ہوناشروع ہوجائیں گے، صورتحال بہتر ہوئی تواسکولوں کوبھی کھول دیا جائے گا، ہمیں فیومی گیشن کے عمل کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔

سیکورٹی خدشات، امریکا اور برطانیہ کی اپنے شہریوں کو افغانستان چھوڑنے کی ہدایت

0

واشنگٹن : امریکا اور برطانیہ نے سیکورٹی خدشات کے پیش نظر اپنے شہریوں کو افغانستان چھوڑنے کی ہدایت کردی اور کہا شہری جلد از جلد سفارتخانے سے رابطہ کریں۔

تفصیلات کے مطابق افغانستان میں سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر امریکی سفارتخانے نے امریکی شہریوں کوافغانستان فوری چھوڑنےکی ہدایت کردی ہے۔

امریکی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ شہری دستیاب کمرشل پروازوں کے ذریعے افغانستان چھوڑ دیں، سفر کے لیے پیسے نہ ہونے پرامریکی سفارتخانہ مدد کرے گا، امریکی شہری جلد از جلد سفارتخانے سے رابطہ کریں۔

دوسری جانب افغان میڈیا کے مطابق افغانستان میں سیکورٹی خدشات کے پیش نظر برطانیہ نے بھی اپنے شہریوں کو افغانستان چھوڑنے کی ہدایت کردی ہے۔

خیال رہے افغان جنگ خوفناک و تباہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے ، 24گھنٹےمیں افغان فورسزکے آپریشن میں 385افغان طالبان ہلاک ہوئے جب کہ طالبان کی کارروائی کے نتیجے میں گذشتہ ایک ماہ کے دوران ایک ہزار شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔

طالبان اپنی پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہیں اور جمعے کو انہوں صوبائی دارالحکومت زرانج پر قبضہ کیا۔

دنیا کا خوش قسمت ترین انسان، جس سے موت بھی بچ کر جاتی ہے

0

دنیا میں ایسے لوگ بھی ہیں جن پر قسمت کی دیوی بہت مہربان ہے اور مہربان بھی ایسی کہ موت بھی کئی بار راستہ چھوڑ کر گزر جاتی ہے، ایک ایسا ہی خوش قسمت آدمی کروشیا کاباشندہ ہے۔

دنیا کے اس خوش قسمت ترین شخص کی کہانی اتنی ناقابل یقین ہے کہ کسی فلم میں بھی دیکھ کر یقین نہیں آتا مگر یہ حقیقی داستان ہے جس کے مرکزی کردار فرانی سیلک ہیں۔

میوزک ٹیچر فرانی سیلک کو دنیا کا خوش قسمت ترین انسان اس لیے قرار دیا جاتا ہے کیونکہ وہ 7 بار موت کے منہ میں پہنچ کر زندگی کی جانب واپس لوٹ آئے اور لاکھوں برطانوی پاؤنڈز کی لاٹری بھی جیتنے میں کامیاب رہے۔

یہ میوزک ٹیچر ٹرین کے حادثے، طیارے کے حادثے، بس سے ٹکر سمیت گاڑیوں کے دیگر حادثات کے باوجود زخمی ہونے سے بھی محفوظ رہے جبکہ حادثات میں دیگر اموات بھی ہوئیں۔

سال 1929میں پیدا ہونے والے فرانی کی زندگی دیگر کے لیے تو دنگ کردینے والی ہوسکتی ہے مگر وہ خود کو خوش قسمت تصور نہیں کرتے۔

ان کا کہنا ہے کہ میں نے کبھی نہیں سوچا کہ میں موت اور مصائب سے بچنے کے باعث خوش قسمت ہوں، میں تو خود کو بدقسمت تصور کرتا ہوں جس کے باعث مجھے ان تجربات کا سامنا ہوا۔

فرانی سیلک کو موت کے منہ میں پہنچنے کا پہلا تجربہ 1962 میں ہوا تھا۔ اس وقت وہ سراجیوو سے دوبروونیک ٹرین سے جا رہے تھے جب وہ ٹرین منجمد دریا میں جاگری، ٹرین میں سوار 17 مسافر ڈوب کر ہلاک ہوگئے مگر فرانی سیلک بچنے میں کامیاب رہے۔

مذکورہ حادثے میں ان کے بازو ٹوٹ جانے، شاک اور ہایپوتھرسیا (جسمانی درجہ حرارت خطرناک حد تک گرجانا) سے متاثر ہونے کے باوجود وہ دریا کے کنارے میں پہنچنے میں کامیاب رہے۔

اس واقعے کے ایک سال بعد یعنی 1963 میں وہ پہلی اور آخری بار ایک طیارے سوار ہوئے۔ یہ پرواز حادثے کا شکار ہوگئی کیونکہ طیارے کا دروازہ پرواز کے دوران کھل گیا اور نیچے جاگرا۔

جس کے نتیجے میں اس میں سوار 19 افراد ہلاک ہوگئے، مگر 20ویں مسافر فرانی سیلک اس بار بھی بچ گئے کیونکہ وہ طیارے کے زمین سے ٹکرانے سے قبل کھلے ہوئے دروازے سے اڑ کر باہر گھاس کے ڈھیر میں جاگرے تھے۔

اس کے پھر 3سال بعد یعنی 1966 میں ایک بار پھر ان کا سامنا موت سے اس وقت ہوا جب ایک سفر کے دوران ان کی بس دریا میں جاگری، جس کے نتیجے میں 4 افراد ڈوب گئے، مگر فرانی کو معمولی خراشوں اور زخموں کا ہی سامنا ہوا اور وہ تیر کر کنارے تک پہنچنے میں کامیاب رہے۔

چوتھا بڑا حادثہ 1970 میں پیش آیا جب ایک موٹروے پر سفر کے دوران گاڑی کو آگ لگ گئی مگر خوش قسمتی سے وہ پٹرول ٹینک پھٹنے سے چند سیکنڈ قبل گاڑی میں سے نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔

اس کے بعد1973میں ایک بار پھر انہیں گاڑی کے حادثے کا سامنا ہوا۔ اس بار ایندھن کے خراب پمپ سے پٹرول ان کی گاڑی کے گرم انجن پر گرگیا اور ایئر وینٹس کے ذریعے آگ بھڑک اٹھی، اس بار بھی فرانی بچنے میں کامیاب رہے تاہم ان کے سر کے کافی بال جل گئے تھے۔

اس حادثے کے بعد 2 دہائیوں تک وہ معمول کی زندگی گزارتے رہے اور کسی غیرمعمولی واقعے کا سامنا نہیں کرنا پڑا مگر سال 1995میں زغرب میں ایک تیز رفتار بس پیدل جانے والے فرانی پر چڑھ دوڑی مگر اس بار بھی خوش قسمتی سے چند خراشوں کے سوا انہیں کچھ نہیں ہوا۔

اگلے ہی سال 1996 میں وہ ایک بار پھر موت سے بچنے میں کامیاب ہوئے۔ اس بار وہ ایک پہاڑی سلسلے میں سفر کررہے تھے تو ایک موڑ پر انہوں نے ایک ٹرک کو اپنی گاڑی کی جانب بڑھتے دیکھا تو اس سے بچنے کے لیے گاڑی کو تیزی سے موڑا۔

اس کے نتیجے میں ان کی گاڑی نیچے کھائی میں جاگری مگر آخری منٹ میں فرانی سیلک گاڑی سے نکل گئے اور ایک درخت میں بیٹھ کر اپنی گاڑی کو کھائی میں جاتا دیکھ کر دھماکے سے پھٹتے ہوئے بھی دیکھا۔

فرانی سیلک — فوٹو بشکریہ یاہو ڈاٹ کام

سات بار موت کے منہ میں پہنچنے کے بعد زندگی کی جانب لوٹنے والے فرانی سیلک کی خوش قسمتی کا سفر یہاں رک نہیں گیا۔

انہوں نے 76 سال کی عمر میں 2003 میں زندگی میں پہلی بار ایک لاٹری ٹکٹ خریدا اور 6 لاکھ برطانوی پاؤنڈز کا انعام جیتنے میں کامیاب ہوگئے اور اس کے ساتھ 5 ویں شادی کا جشن یہ کہہ کر منایا، میرے خیال میں میری سابقہ شادیاں بھی سانحے سے کم نہیں۔

سال2010میں انہوں نے فیصلہ کیا کہ دولت سے خوشی خریدی نہیں جاسکتی تو انہوں نے کفایت شعاری کی زندگی گزارنے کا فیصلہ کیا۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے ایک نجی جزیرے میں موجود اپنے پرتعیش گھر کو فروخت کرتے ہوئے اپنی دولت گھر والوں اور دوستوں کو عطیہ کردی۔

اس کے بعد پیترجنجا میں واقع اپنے عام سے گھر میں واپس لوٹ گئے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا تھا ‘میں اپنی عمر کترینہ کے ساتھ گزارنا چاہتا ہوں، دولت سے کچھ بھی بدل نہیں سکتا، جب وہ میری زندگی میں آئئی تو میں جانتا تھا کہ میں واقعی ایک اچھی زندگی گزار سکوں گا’۔

انہوں نے مزید کہا کہ لوگ ہمیشہ مجھ سے پوچھتے ہیں کہ کس طرح اتنے سارے حادثات سے بچنے میں کامیاب رہا میں ہمیشہ سوچتا ہوں کہ میں بدقسمت ہوں جو ان تجربات سے گزرا مگر آپ لوگوں کو وہ نہیں کہہ سکتے جس پر ان کو یقین نہ ہو۔

ٹوکیو اولمپکس: ارشد ندیم آج جویلین تھرو کا فائنل کھیلیں گے

0
ارشد ندیم

ٹوکیو اولمپکس 2020 میں میڈل جیتنے کی پاکستان کی آخری امید ایتھلیٹ ارشد ندیم جیولین تھرو(نیزہ بازی) کےلیے آج شام 4 بجے میدان میں اتریں گے۔

ساؤتھ ایشین گیمز کا نیا ریکارڈ قائم کرکے ارشد اب ٹوکیو میں تاریخ بنانے سے ایک قدم دور ہیں، میاں چنوں کے چھوٹے سے گاؤں سے تعلق رکھنے والے ارشد ندیم نے ٹوکیو میں بھی ایسا نیزہ پھینکا کہ اچھے اچھوں کی چھٹی ہوگئی۔

جولین تھرو کے کوالی فیکشن راؤنڈ کی دوسری باری میں پچیاسی اعشاریہ ایک چھ کی تھرو کرکے وہ ایتھلیٹکس کے فائنل میں پہنچنے والے پہلے پاکستانی ہیں۔

ارشد ندیم گروپ بی میں پہلے نمبر پر موجود ہیں جب کہ مجموعی طور پر کوالیفائرز میں تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔

اب ان کی نظریں آج ہونے والے فائنل میں ہیں جس میں 12 بہترین نیزہ باز شریک ہوں گے۔

پہلے مرحلے میں تمام 12 ایتھلیٹس 3 ،3 بار نیزہ پھینکیں گے جس کے بعد آخری کے چار ایتھلیٹس میڈل کی دوڑ سے آؤٹ ہوجائیں گے جبکہ ٹاپ 8 کے درمیان مزید 3 ، 3 باری کا مقابلہ ہوگا۔

ارشد ندیم پلیئرز آرڈر میں نویں نمبر پر موجود ہیں، تین باریوں پر ایلی منیشن کے بعد پوزیشن کی بنیاد پر ایتھلیٹس کا آرڈر ترتیب دیا جائےگا۔

جویلین تھرو مقابلوں میں بالترتیب جوہانس ویٹر 96.29، نیرج چوپڑا88.07 انڈریان مارڈیر 86.66 کی تھرو کی تھی جب کہ ارشد ندیم نے 86.39 کی دوری پر نیزہ پھینکا تھا۔

بھارتی دھمکیوں کے باوجود عالمی کرکٹرہرشل گبز پاکستان پہنچ گئے

0

اسلام آباد : عالمی کرکٹرہرشل گبز بھارتی دھمکیوں کے باوجود پاکستان پہنچ گئے اور کہا پاکستان پہنچ کراچھا محسوس کررہا ہوں۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی دھمکیوں کے باوجود عالمی کرکٹرہرشل گبز پاکستان پہنچ گئے ، سینیٹر فیصل جاوید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان آمد پر ہرشل گبز کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کشمیری کشمیر پریمیئر لیگ کے سنسنی خیزمقابلے دیکھنے کیلئے بیتاب ہیں۔

ہرشل گبز نے خیرمقدم پرسینیٹر فیصل جاوید کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا پاکستان پہنچ کراچھا محسوس کررہا ہوں۔

یاد رہے ہرشل گبز نے بھارتی دھمکیوں سے اپنے مداحوں کو ٹویٹ کے ذریعے آگاہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ اپناسیاسی ایجنڈا کھیل میں لا رہا ہے اور کشمیرلیگ کا حصہ بننے سے روک رہا ہے ، بھارتی کرکٹ بورڈ کا رویہ اور دھمکیاں مضحکہ خیز ہیں۔

تصویر میں چھپی غلطیاں تلاش کریں؟

0

انٹرنیٹ پر زیر گردش تصاویر صارفین کو الجھا دیتی ہیں، بعض تصویری پہلیاں مشکل ہونے کے باوجود لوگوں کی توجہ کا مرکز بن جاتی ہیں کیونکہ صارفین اسے حل کرنے میں خاصی دلچسپی لیتے ہیں۔

انٹرنیٹ پر صارفین کی ذہانت کو جانچنے کے لیے مختلف لوگوں کی طرف سے نت نئی تصاویر آنے کا سلسلہ کوئی نیا نہیں اس لیے انہیں بہت دلچپسی سے حل کیا جاتا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصویری پہیلیاں آسان ہونے کے باوجود صارفین کو سر پکڑنے پر مجبور کردیتی ہیں، زیر گردش تصویر آپ کو سر پکڑنے پر مجبور کردے گی اور غور کرنے پر بھی شاید آپ اسے نہ سمجھ سکیں۔

مذکورہ تصویر جانوروں کے اسپتال کی ہے جس میں ایک خاتون ڈاکٹر کتے کا معائنہ کررہی ہے اور اس کے ساتھ ایک مرد ڈاکٹر کھڑا ہے جب کہ خاتون ڈاکٹر کے عقب میں کئی جانور موجود ہیں جو پنجرے میں بند دکھائے گئے ہیں۔

اس تصویر میں کچھ غلطیاں ہیں جسے آپ کو تلاش کرنا ہے؟

 

تصویر کو بغور دیکھنے کے بعد آپ باآسانی اس پہیلی کا درست جواب دینے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

کیا آپ اس تصویر میں موجود غلطیوں کو ڈھونڈ پائے ؟ آئیے ہم آپ کو بتاتے ہیں، نیچے اسکرول کریں اور درست جواب آپ کے سامنے ہے۔

جواب دیکھیں

اس تصویر میں تین غلطیاں ہیں۔

پہلی غلطی یہ ہے کہ مرد ڈاکٹر کے گلے میں ڈلے ہوئے دل کی حرکت چیک کرنے والے آلے میں اسٹیتھو اسکوپ نہیں ہے اور اس کی جگہ بسکٹ لگا ہوا ہے۔

اس تصویر میں دوسری غلطی یہ ہے کہ اسی مرد ڈاکٹر نے دو الگ الگ موزے پہنے ہوئے  ہیں۔

تیسری اور آخری غلطی یہ ہے کہ جانوروں کے درمیان میں ڈائنوسار بھی پنجرے میں بند ہے۔

اسد کھوکھر کے بھائی کو قتل کرنے والے ملزم کے مزيد انکشافات

0

لاہور : نامزد صوبائی وزیر اسد کھوکھر کے بھائی کے قتل کیس میں گرفتار ملزم ناظم نے 2سال قبل اجرتی قاتلوں سے مبشر کھوکھر کو قتل کرانے کی کوشش کا انکشاف کیا۔

تفصیلات کے مطابق نامزد صوبائی وزيراسد کھوکھر کے بھائی مبشر کھوکھر قتل کیس میں ناظم نامی ملزم کے مزيد انکشافات سامنے آئے ، ملزم نے بتایا کہ 2سال قبل اجرتی قاتلوں سے مبشر کھوکھر کو قتل کرانے کی کوشش کی تھی، مبشر کھوکھرکو قتل کرنے کے لیےاجرتی قاتل کوپيسے ديے۔

ملزم کا کہنا تھا کہ 2برس قبل حملہ آور دو گاڑيوں پر نکلے لیکن غلطی سے دوسری گاڑی پر فائرنگ ہوئی، چاروں حملہ آور نقاب پوش اور موٹر سائيکلوں پر تھے۔

دوسری جانبپولیس نے ملزم ناظم کوسی آئی اے ماڈل ٹاؤن منتقل کر دیا ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم ناظم اوربھائی بچپن سے اسد کھوکھر اور مبشر کھوکھر کے  ملازم تھے ، ناظم کا ایک بھائی کھوکھر برادران کی دشمنی کے دوران 18سال قبل قتل ہوا تھا۔

ذرائع کے مطابق ملزم ناظم نے 10سال قبل اپنے چچا منشا کو قتل کیا تھا ، کھوکھر برادران کو علم ہوا تو انہوں نے ہی ناظم کو پولیس کے حوالے کیا ، ناظم کوکیس میں موت کی سزاسنائی گئی جو بعد میں عمر قید میں تبدیل ہوئی ، عمر قید پوری ہونے پر ملزم جیل سے ڈیڑھ سال قبل رہائی پر واپس آیا اور منشا کے قتل کی پیروی کرنے پر ملزم نے مبشر کھوکھر کو قتل کیا۔

خیال رہے صوبائی وزیر اسد کھوکھر کے بیٹے کی شادی کی تقریب میں فائرنگ سے بشیر کھوکھر جاں بحق ہوگئے تھے، شادی کی تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی موجود تھے، تقریب میں صوبائی وزرا سمیت اہم شخصیات بھی شریک تھیں۔

ٹوکیو اولمپک: ہاکی ٹیم کی شکست، وندنا کٹاریہ کی بہترین کارکردگی، پھر بھی گھر پر حملہ

0

نئی دہلی : ٹوکیو اولمپکس میں ناقابل یقین کارکردگی دکھانے والی بھارتی وومن ہاکی ٹیم کی سیمی فائنل میں ہارنے کی وجوہات نے شائقین کو سوچنے پر مجبور کردیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے ٹوکیو اولمپکس میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا تو دوسری شکست نے وومن ہاکی ٹیم کی شکست نے شائقین کو افسردہ بھی کیا۔

بھارتی وومن ٹیم کی شکست کے بعد بھی سیمی فائنل تک رسائی اور بہترین کارکردگی نے شائقین کو دنگ کردیا، ٹیم کی شکست کے پیچھے عناصر نے مداحوں کو سوچنے پر مجبور کردیا۔

وومن ٹیم کی کھلاڑی وندنا کٹاریہ ہریدوار سے تعلق رکھتی ہیں، جن کے پر لوگوں نے حملہ کردیا، جب گھر پر حملہ ہوا وندنا برانز میں برطانیہ کے خلاف میچ کھیل رہی تھیں اور ایسے ذہنی دباؤ کے باوجود بھی انہوں نے برطانیہ کے خلاف ایک گول کیا۔

والد کی موت کا غم ساتھ لیے ٹیم کو اولمپکس میں جیت دلانے کےلیے وندنا ٹوکیو گئیں لیکن ارجنٹینا سے سیمی فائنل میں شکست کے بعد ان کے اہل خانہ کو ذات پات کی گالیاں دی گئیں اور سب سے زیادہ گول کرنے کے باجود ان کے گھر پر حملہ ہوگیا۔

اگر یوں کہا جائے کہ بھارتی وومن ہاکی ٹیم کی شکست نے ’بالی ووڈ فلم چک دے انڈیا‘ کی کہانی دہرا دی تو بے جا نہ ہوگا۔

ایشین گیمز ، ایشیا کپ اور جونیئر ورلڈ کپ میں میڈل جیتنے والی 29 سالہ وندنا کٹاریہ کے والد کی خواہش تھی کہ وہ اولمپک میں میڈل اپنے نام کریں اپنے والد کی خواہش پوری کرنے کی خاطر وہ اپنے والد کی آخری رسومات میں بھی شریک نہ ہوئیں۔

وندنا کٹاریہ کے والد کا 30 مئی کو انتقال ہوگیا تھا لیکن وہ ایک نیشنل کیمپ میں تھی اور والد خواب کو پورا کرنے کی خاطر وہ اپنے باپ کی موت میں نہ آئیں۔

موبائل فون کیوں مانگا؟ شوہر نے بیوی کو قتل کرڈالا

0

اٹک: شوہر نے موبائل فون مانگنے پر بیوی کو قتل کردیا اور خود کو بھی گولی مار لی، ملزم کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اٹک میں پنڈی سلطانی کےعلاقےمیں افسوسناک واقعہ پیش آیا ، جہاں شوہر نے موبائل فون مانگنےپربیوی کوفائرنگ کرکےقتل کردیا اور خود کو بھی گولی مار لی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ، ملزم9 سال بعد سعودی عرب سےپاکستان آیاتھا۔

یاد رہے گذشتہ دو ماہ قبل پنجاب میں شہر جڑانوالہ میں شوہر نے خلع مانگنے پر کانسٹیبل بیوی کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم نعیم شہزاد کی شادی جھمرہ روڈ ایمان سٹی کی رہائشی کانسٹیبل ثمینہ سے ہوئی تھی، کچھ عرصہ بعد میاں میں جھگڑوں کی وجہ سے حالات خراب ہوئے تو ثمینہ نے شوہر سے علیحدگی کے لیے خلع کی درخواست دائر کی تھی۔

بیوی کی جانب سے خلع کی دائر درخواست پر شوہر کو غصہ تھا، جس کے باعث ملزم نے کانسٹیبل ثمینہ پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگئی، گولی خاتون کے سینے پر لگی جو خاتون کے لیے باعث اجل بنی۔

پاکستان میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز بڑی تعداد میں کورونا کا شکار ہونے لگے

0

اسلام آباد : پاکستان میں کورونا کیسز میں اضافے کے ساتھ ہی 24 گھنٹوں میں مزید 22 ہیلتھ ورکرز کورونا کا شکار ہوگئے، جس کے بعد متاثرہ ہیلتھ ورکرز کی تعداد 17ہزار199 ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق کورونا سے لڑنے والے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز وائرس کے نشانے پر آگئے، 24 گھنٹے میں ملک میں 22 ہیلتھ ورکرز میں کوروناوائرس کی تصدیق ہوئی ، جس میں 14 ڈاکٹر،3 نرسز، 5 ہیلتھ ورکر شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا سے متاثرہ ہیلتھ ورکرز کی تعداد 17ہزار199ہوگئی ، جس میں 10ہزار312ڈاکٹرز، 2430 نرسز، 4457 کورونا سے متاثرہ میں شامل ہیں۔

وزارت صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں تاحال 168 ہیلتھ ورکرز کورونا سے جاں بحق اور16529 ہیلتھ ورکرز کورونا سے صحت یاب ہوچکے ہیں، جبکہ 475 ہیلتھ ورکرز گھر اور 27 اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔

ذرائع کے مطابق کورونا سےمتاثرہ،جاں بحق بیشتر ہیلتھ ورکرز کا تعلق سندھ سے ہے، سندھ میں 6009 ہیلتھ ورکرز کورونا مثبت اور 60 جاں بحق ہو چکے ہیں۔

اسی طرح پنجاب میں کورونا سے متاثر ہونے والے ہیلتھ ورکرز کی تعداد 3489، کے پی میں 4083، اسلام آباد میں 1584 ، گلگت میں 316 اور بلوچستان میں 864 ہے جبکہ آزادکشمیر میں 854 ہیلتھ ورکرز کورونا پازیٹو ہیں۔

اموات کے حوالے سے پنجاب میں اب تک 29 ہیلتھ ورکرز ، کےپی میں 44 ہیلتھ ورکرز، گلگت میں3ہیلتھ ورکرز، بلوچستان میں 9 اور آزادکشمیر میں بھی 9ہیلتھ ورکرز جاں بحق ہوچکے ہیں۔