ہوم بلاگ صفحہ 10634

پالتو کتے کا اغواء : مالکن کا کتا ڈھونڈنے والے کیلئے بڑی رقم کا اعلان

0

کراچی : گلستان جوہر بلاک 7 میں پالتو کتے کو اغوا کرلیا گیا، مالکن نے کتے کی واپسی کے عوض 30 ہزار روپے انعام کا اعلان کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے میں گلستان جوہر بلاک 7 میں پالتو کتے کو اغوا کرنے کا واقعہ پیش آیا ، جہاں موٹر سائیکل سوار4 لڑکے پالتو کتے کے اغوا کر کے لے گئے۔

مالکن کا ’’زوزو‘‘ کتے کی بازیابی پر30 ہزارروپےانعام کااعلان کردیا ہے جبکہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے۔

خاتون نے اپنے بیان میں بتایا کہ میری والدہ گھر کے قریب زوزو کوٹہلانےلےگئی تھیں کہ موٹرسائیکل سوارلڑکوں نے زوزو کو بلایا اور اٹھا کر لے گئے۔

اچانک معیشت کی رفتار کیسے تیزہو گئی؟ اسد عمر نے2 سال پرانی ویڈیو شیئر کردی

0

اسلام آباد : وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ اپریل2019 میں ہی بتا دیا تھا کہ معیشت کی بہتری میں 2 سال لگیں گے ، پہلے دن سے عمران خان حکومت کی واضح حکمت عملی ہے ، معیشت کودیرپاترقی کےراستےپرگامزن کرناہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیراسدعمرنے اپنی 3اپریل2019میں گفتگوکی ویڈیوٹوئٹ کردی اور کہا یہ پوچھ رہے ہیں کہ اچانک معیشت کی رفتارکیسے تیزہو گئی ، 3اپریل2019میں بتایاتھا کہ2 سال لگیں گے، پہلےدن سےعمران خان حکومت کی واضح حکمت عملی ہے ، معیشت کودیرپاترقی کےراستےپرگامزن کرناہے، فوری مقبولیت کے فیصلے نہیں کرنے۔

گذشتہ روز وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا تھا کہ اس سال کی شرح نمو 3.94سے بڑھ کر 4.8ہوگی، اگلے سال مجموعی شرح نمو 4.8فیصد ہوگی ، اس دفعہ مضبوط گروتھ ہوئی ہے اور ہماری ترسیلات زرمیں بہت اضافہ ہوا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال کوروناکی وجہ سے ترقی کی شرح کمی ہوئی تھی، کیاچیزیں ہیں جن کی وجہ سےاس سال ترقی کی شرح بڑھ رہی ہے، ترسیلات زر میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے، بجلی کی کھپت میں 6فیصد اضافہ دیکھ رہے ہیں

انھوں نے مزید کہا ترقیاتی بجٹ کےلئے ترجیحات کا تعین کیاجارہاہے ، گیس پیداوار میں نئے ویلزڈریل کیے گئے ہیں ،اگلے سال گیس پیداوار میں گروتھ نظرآرہی ہے، کوئلے کی پیداوار میں بھی اگلے سال گروتھ نظرآئے گی۔

اسد عمر نے کہا ن لیگ ممبر مجھ پر تنقید کرتےتھے فوراً آئی ایم ایف کیوں نہیں گئے ، اگلےسال کیلئے ترسیلات زر کا تخمینہ 33.1ارب ڈالر ہے، رواں مالی سال کےاندر زرمبادلہ کی گروتھ میں زبردست اضافہ ہواہے۔

کورونا ویکسین سے 2 سال بعد موت کی افواہ پر وزارت صحت کا اہم بیان

0

اسلام آباد : پاکستانی وزارت صحت کورونا وائرس کی ویکسین لگوانے والے افراد کی دو سال میں موت کی خبروں کو من گھڑت  قرار دیتے ہوئے کہا کوئی سائنسی تحقیق یہ ثابت نہیں کرتی کہ ویکسین لگوانے سے دو سال بعد موت واقع ہو سکتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزارت صحت پاکستان کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ویکسین لگوانے سے دو سال میں موت کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ویکسین تحقیق اور ٹیسٹنگ کے مراحل سے گزر کر عام عوام تک پہنچتی ہیں اور کوئی سائنسی تحقیق یہ ثابت نہیں کرتی کے ویکسین لگوانے سے دو سال بعد موت واقعہ ہو سکتی ہے۔

خیال رہے گزشتہ دنوں ایک غلط خبر اور فرانس کے نوبل انعام یافتہ سائنس داں کے کرونا ویکسین سے متعلق دعوؤں نے دنیا بھر میں خاص طور پر اُن لوگوں کو خوف زدہ کردیا جو ویکسینیشن کروا چکے ہیں۔

فرانسیسی سائنس داں لک مونٹاگنیئر (Luc Montagnier) سے منسوب کردہ من گھڑت خبر میں سب سے پریشان کُن اور افراتفری پھیلانے والی بات ویکسین لگوانے کے دو سال کے اندر موت واقع ہوجانے کی تھی۔

دنیا بھر میں سائنس دانوں نے اس من گھڑت خبر کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مونٹاگنیئر کی مختصر دورانیے کی ویڈیو میں بیان کردہ مفروضے درست نہیں ہیں۔ یہ بات کہ ویکسین لگوانے والے دو سال کے اندر موت کا شکار ہوسکتے ہیں، ان سے غلط منسوب کی گئی ہے اور مکمل طور پر غلط ہے۔

روزگار کیلئے سعودی عرب جانے والے شہریوں پر پابندی عائد

0

منیلا : فلپائن میں حکام نے سعودی عرب اپنے شہریوں کو ملازمت پر بھیجنے پر عارضی طور پابندی لگادی ہے یہ فیصلہ کورونا وائرس ٹیسٹ اور ہوٹل قرنطینہ کی رپورٹوں کے بعد کیا گیا ہے۔

فلپائنی میڈیا کے مطابق ایک اخباری رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سعودی آجر کورونا وائرس ٹیسٹ، ہوٹل قرنطینہ اور کورونا انشورنس اسکیم کے اخراجات فلپائن کے ورکر سے وصول کررہے تھے اس کا نوٹس لیتے ہوئے فلپائنی حکام نے اپنے ورکرز کے سعودی عرب جانے پر پابندی لگائی ہے۔

فلپائن کے وزیر محنت سلویسٹر بیلو نے کہا ہے کہ ان کی وزارت اس معاملے پر وضاحتیں ملنے کے بعد سعودی عرب کے لیے اپنے ورکرز کو دوبارہ بھیجنے سے متعلق سرکاری بیان جاری کرے گی۔

یاد رہے کہ سعودی عرب فلپائنی ورکرز کا پسندیدہ ترین ملک ہے جہاں دس لاکھ سے زیادہ فلپائن کے شہری ملازمتیں کررہے ہیں، یہ سرکاری اعداد وشمار 2019 کے جاری کردہ ہیں۔

پیپلزپارٹی کی حکومت کراچی سے تعصب کا مظاہرہ کررہی ہے، مصطفیٰ کمال

0
مصطفیٰ کمال

کراچی : پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ سندھ کو جتنا پانی مل رہا ہے اس کا صرف ڈیڑھ فیصد پانی کراچی کو ملتا ہے، پیپلزپارٹی کی حکومت کراچی سے تعصب کا مظاہرہ کررہی ہے۔

یہ بات انہوں نے کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کو کراچی کو ڈیڑھ فیصد پانی دینے میں بھی تکلیف ہے، صوبے کی 50 فیصد آبادی کراچی میں ہے، آج شہر قائد میں مایوسی اپنے عروج پر ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں کا40فیصد کوٹہ ہے، پی پی حکومت شہری علاقوں کے لوگوں کو مایوس کرکے انہیں دیوار سے لگارہی ہے، کراچی ان کیلئے مال غنیمت لوٹنے کا ذریعہ بن گیا ہے۔

پی ایس پی سربراہ کا کہنا تھا کہ لاڑکانہ سے کراچی تک بچوں کو کتے کاٹ رہے ہیں اور لوگ مررہے ہیں اور سندھ حکومت یہ حال ہے کہ اسپتالوں میں کتے کے کاٹے کی ویکسین تک موجود نہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کو چلانے کیلئے پی پی کو کھلی چھوٹ دی گئی، ایم کیو ایم کے رہنما اتنے کرپٹ ہوگئے ہیں کہ وہ سچ نہیں بول سکتے، جس گھر کا چوکیدارچور سے مل جائے تو اس گھر کو تباہ ہونے سے کوئی نہیں بچاسکتا۔

ایک سوال کے جواب میں مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ہم نے کراچی کے امن کیلئے بے شمار قربانیاں دی ہیں، لیاقت آباد کی گلیوں میں8،8فٹ کچرا پڑا ہوا ہے اور یہ ظلم وزیراعلیٰ سندھ کی ناک کے نیچے ہورہا ہے۔

کامیاب جوان پروگرام: اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والی صوبیہ کی کہانی

0

اسلام آباد: کامیاب جوان پروگرام کے تحت روزگار کی فراہمی کے حکومتی اقدامات جاری ہیں، اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والی صوبیہ بھی انہی میں سے ایک ہیں جو قرض حاصل کر کے اور اپنا کاروبار کھول کر والدین اور گھر والوں کی مالی مدد کر رہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے امور نوجوان عثمان ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ڈاکومنٹری پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کے وژن کے مطابق کامیاب جوان پروگرام بلا تفریق نچلے طبقے کی خوشحالی کو ممکن بنا رہا ہے۔

عثمان ڈار نے لکھا کہ ایسی ہی ایک کہانی اقلیتی برادری سے تعلق رکھنی والی صوبیہ راشد گل کی ہے جس نے کامیاب جوان پروگرام قرضہ اسکیم کی بدولت اپنے کاروبار کو وسعت دی۔

اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والی صوبیہ گل نے اپنے ذاتی کاروبار کا خواب پورا کر لیا، صوبیہ نے کامیاب جوان پروگرام سے حاصل کی گئی رقم سے اپنے کاروبار کو وسعت دی۔

صوبیہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنے کاروبار کے ذریعے والدین اور گھر والوں کی مالی مدد کرنا چاہتی تھیں، بیوٹیشن کا کام سیکھا مگر پارلر کھولنے کے لیے رقم نہیں تھی۔

انہوں نے بتایا کہ کامیاب جوان پروگرام کے بارے میں پتہ چلا تو قرض کے لیے اپلائی کیا، بغیر کسی سفارش اور ضمانت کے کاروبار کے لیے قرض مل گیا۔ وزیر اعظم اور ان کی ٹیم کی شکر گزار ہوں کہ خواب پورا کرنے میں مدد کی۔

معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی سرپرستی میں کمزور طبقے کی خوشحالی کے لیے کام کر رہے ہیں، بلا تفریق میرٹ پر تمام طبقات کو قرض کی فراہمی کا عمل جاری ہے، بنیادی مقصد کمزور اور پسے ہوئے طبقات کو مالی معاونت فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اب تک 10 ہزار سے زائد افراد کو ساڑھے 9 ارب روپے جاری کر چکے ہیں، آئندہ چند روز میں جاری قرض کی تفصیلات عوام کے سامنے لاؤں گا۔

سندھ میں گنا، کپاس اور چاول کی فصلیں متاثر ہونے کا خدشہ

0

کراچی: وزیر زراعت سندھ اسماعیل راہو کا کہنا ہے کہ انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) کی جانب سے کم پانی دینے کی وجہ سے رواں سال تینوں کیش کراپ گنا، کپاس اور چاول کی فصلیں متاثر ہو سکتی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر زراعت سندھ اسماعیل راہو کا کہنا ہے کہ انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) کی جانب سے سندھ کو اس کے حصے کا پانی کم دینے کی وجہ سے گنے، چاول اور کپاس کی فصلوں کو نقصان کا خدشہ ہے۔

اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کو خدشہ ہے کہ رواں سال تینوں کیش کراپ گنا، کپاس اور چاول کی فصلیں متاثر ہو سکتی ہیں، سندھ میں پانی کی قلت 40 فیصد تک ہے جس میں سے کوٹری بیراج پر یہ قلت 60 فیصد تک ہے۔

انہوں نے کہا کہ گڈو بیراج، سکھر بیراج اور کوٹری بیراج کے کمانڈ ایریا میں اس وقت تین فصلیں خطرے میں ہیں، گنا پانی نہ ملنے کی وجہ سے سوکھ رہا ہے، چاول کے بعد یہ دوسری فصل ہے جس کو زیادہ پانی درکار ہوتا ہے۔

اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ دوسرے نمبر پر کپاس ہے جو پہلے ہی ٹارگٹ سے کم لگائی گئی تھی، وہ بھی پانی کی قلت سے متاثر ہے۔

وزیر زراعت کے مطابق تیسری فصل چاول ہے جس کی نرسری مئی میں لگ جاتی ہے اور اس میں بیج لگایا جاتا ہے، لیکن پورے سندھ میں ابھی تک بیج نہیں لگایا جا سکا۔

انہوں نے مزید کہا کہ چاول کی فصل کا انحصار موسمی نہروں پر ہوتا ہے لیکن وہ کاشت کار جو صرف خریف کی فصل لیتا ہے وہ سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔

کورونا ویکسین آپ کو مالا مال کرسکتی ہے، لیکن کیسے؟

0

کیلی فورنیا : کیا آپ کبھی یہ سوچ سکتے تھے کہ کورونا ویکسین آپ کو مالا مال بھی کرسکتی ہے، جی ہاں ایسا ممکن ہے لیکن وہ خوش نصیب شہری صرف امریکی ہیں جن کو ویکسی نیشن کرانے پر لاکھوں ڈالر انعام میں ملیں گے۔

امریکہ میں عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے بچاؤ اور تحفظ کے لیے ویکسین لگوانے والے شہریوں کو لاکھوں ڈالر انعام دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ اعلان امریکی ریاست کیلی فورنیا کے حکام کی جانب سے کیا گیا ہے جس کی تفصیلات گورنر نے بیان کی ہیں۔ انعام دینے کے لیے شہریوں کو حکام کی جانب سے ایک ڈیٹ لائن بھی دی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کیلی فورنیا کے گورنر کا یہ اقدام ویکسی نیشن بڑھانے کے عمل کا حصہ ہے جس کے تحت 15 جون سے قبل کورونا ویکسین لگوانے والے 10 افراد میں سے ہر ایک کو 1.5 ملین ڈالرز بطور انعام دیے جائیں گے۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس کے علاوہ دیگر 30 افراد میں سے ہر ایک کو 50 ہزار ڈالرز انعام میں دیے جائیں گے جب کہ پہلے 20 لاکھ افراد کو 50 ڈالرزکےگفٹ کارڈ دیے جائیں گے۔

کیلیفورنیا میں حکام 15 جون سے کورونا پابندیاں ختم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ 15 جون سے قبل ویکسین لگوانے والوں کو116.5 ملین ڈالرز کے نقد اور گفٹ کارڈز دیے جائیں گے۔

کراچی میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا

0

کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں آج 29 مئی 2020 بروز ہفتہ موسم گرم اور مرطوب رہے گا، شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر قائد اور مضافات میں آج موسم گرم اور مرطوب رہے گا، درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب 76 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ نمی زیادہ ہونے سے گرمی کی شدت زیادہ محسوس ہو رہی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، بارش کا کوئی امکان نہیں۔ جنوب مغربی سمت سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 12 ناٹیکل میل ریکارڈ کی گئی ہے۔

چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا وبا نے مزید 73 افراد کی جان لے لی

0
کرونا

اسلام آباد : کرونا وائرس کی مہلک اور جان لیوا وبا نے گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران ملک بھر میں مزید دو ہزار 455 افراد کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ مزید 73 مریض جان کی بازی ہار گئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق کوویڈ 19 نے 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں مزید 73 مریضوں کی جان لی ہے، جس کے بعد کرونا سے۔

این سی او سی نے کہا ہے کہ چوبیس گھنٹے کے دوران55 ہزار 442 کرونا ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے دو ہزار 455 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کہا ہے کہ24گھنٹے میں کورونا کےٹیسٹ مثبت آنے کی شرح4.42فیصد ہے جبکہ ملک بھر میں کرونا کے چار ہزار 83 کیسز تشویشناک نوعیت کے ہیں۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اب تک رپورٹ ہونے والے کرونا وائرس کیسز کی تعداد نو لاکھ 16 ہزار 239 ہوگئی ہے البتہ ملک میں کرونا وائرس کے 8 لاکھ 36 ہزار 702 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔