ہوم بلاگ صفحہ 10873

مغربی بنگال کے انتخابات میں شکست، بی جے پی کی مشکلات میں اضافہ

0

نئی دہلی : بھارتی کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی ریاستی انتخابات میں بری طرح ناکامی کے بعد رہنماؤں نے مودی سے منہ موڑنا شروع کردیا۔

غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت میں برسر اقتدار جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی مرکز میں حکومت ہونے کے باوجود ریاستی انتخابات میں بدترین شکست نے پارٹی رہنماؤں کو دربدر کردیا۔

مغربی بنگال میں ہونے والے انتخابات میں ترنمول کانگریس کی کامیابی کے بعد بی جے پی میں جانے والے ترنمول رہنماؤں نے واپسی کےلیے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو خط لکھ دیا۔

انتخابات سے قبل متعدد ترنمول کانگریس کے رہنماؤں نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی جب کہ کچھ بی جے پی رہنما بھی ترنمول میں شامل ہوئے تھے لیکن اب صرف بی جے پی چھوڑ کر ترنمول کانگریس میں داخلے کا سلسلہ جاری ہے۔

بھارتیہ جنتا پارٹی میں جانے والے امول آچاریہ اور سابق ڈپٹی اسپیکر مغربی بنگال اسمبلی سونالی گوہا نے وزیراعلیٰ سے معذرت کرتے ہوئے واپس ترنمول کانگریس میں شمولیت کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔

ان کے علاوہ ضلعی کونسل کی رکن سرلا مرمو نے بھی ترنمول کانگریس چھوڑنے کو اپنی غلطی قرار دیتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنی غلطی کا احساس ہوگیا ہے اور اب میں اپنی جماعت میں واپسی چاہتی ہوں۔

ڈوین جانسن بیٹیوں کے آگے ہار گئے، ویڈیو وائرل

0

نیویارک: ہالی ووڈ سپر اسٹار ڈوین جانسن (دی راک) اپنی بیٹیوں کے ساتھ کھلونوں کے اسٹور پہنچ گئے جہاں باپ کی بیٹیوں کے آگے ایک نہ چلی اور بیٹیوں نے ان کا خوب خرچہ کروادیا۔

ہالی ووڈ اسٹار ڈوین جانسن نے انسٹاگرام پر بیٹیوں کے ہمراہ ویڈیو شیئر کی، چھوٹی بیٹی والد سے ایک کھلونا خریدنے کا کہتی ہے جس پر جس پر وہ کہتے ہیں ہمارے پاس گھر پر پہلے ہی یہ تین ہزار کی تعداد میں موجود ہیں، جس پر ان کی بیٹی وہ کھلونا چھوڑ کر دوسرا خریدنے کا کہتی ہے جس کے جواب میں وہ کہتے ہیں یہ تو پہلے ہی ہمارے پاس 6 ہزار ہیں۔

اداکار کی بیٹی جس کے بعد اسٹور میں دوسرے کھلونے پسند کرنے لگتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ میں ہمیشہ کھلونوں کے اسٹور میں داخل ہونے سے پہلے بیٹیوں کے ساتھ طے کرلیتا ہوں کہ یہاں میری بات مانی جائے گی، اور وہ یہ شرط ہوتی ہے کہ دونوں بیٹیاں دو، دو کھلونے خریدیں گی۔

ڈوین جانسن نے بتایا کہ کھلونوں کے اسٹور میں داخل ہونے سے پہلے ’شرط‘ تو میری بیٹیوں نے مان لی لیکن 45 منٹ بعد ہم اسٹور سے کھلونوں کے 5 بڑے بیگز لے کر نکلے یہ سب دیکھ کر وہاں موجود دوسرے بچوں کی والدہ مجھ پر ہنس رہی تھیں۔

اداکار نے پوسٹ میں لکھا کہ ’ان کو رشوت دینا مطلب کھلونوں کے اسٹور پر لے جانا اور ان کے ساتھ وقت گزارنا مجھے بہت اچھا لگتا ہے۔

ڈوین جانسن کی اس ویڈیو کو ان کے اکاؤنٹ پر چار ملین سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا ہے، وہ اکثر بیٹیوں کے ہمراہ
ویڈیوز شیئر کرتے رہتے ہیں۔

یومِ وفات: اداکار ظفر مسعود اپنے زمانۂ عروج اور عین عالمِ شباب میں عالمِ جاوداں کو سدھار گئے تھے

0

پاکستان ٹیلی ویژن کے چند اداکار ایسے بھی ہیں جنھوں نے گویا راتوں رات شہرت کے ہفت آسمان طے کرلیے، لیکن فن کی دنیا میں اپنے زمانۂ عروج اور عین عالمِ شباب میں فرشتۂ اجل کے آگے بے بس ہوکر منوں مٹی تلے جا سوئے۔ ظفر مسعود ایسے ہی اداکار تھے جو 24 مئی 1981ء کو عالمِ جاوداں کو سدھار گئے۔ وہ قاہرہ میں ٹریفک کے ایک حادثے میں زندگی کی بازی ہار گئے۔

ظفر مسعود نے پاکستان ٹیلی وژن کے مشہور ترین ڈراموں خدا کی بستی، زیر زبر پیش، انکل عرفی، آبگینے، بندش اور کرن کہانی میں اپنی کمال اداکاری سے ناظرین کو محظوظ سے کیا اور مقبولیت حاصل کی تھی۔ انھوں نے مشہور ڈرامہ سیریز ایک محبت سو افسانے کے چند ڈراموں میں بھی کردار نبھائے تھے جو یادگار ثابت ہوئے۔ ظفر مسعود نے تین اردو اوردو پنجابی فلموں میں بھی کام کیا تھا۔

پاکستان ٹیلی ویژن اور فلم کے اس باکمال اداکار نے قاہرہ کی ایک شپنگ کمپنی میں ملازمت اختیار کرلی تھی، جہاں قیام کے دوران ان کی کار کو حادثہ پیش آیا اور اس حادثے میں ظفر مسعود زندگی سے محروم ہوگئے۔ وہ کراچی کے ایک قبرستان میں ابدی نیند سورہے ہیں۔

ظفر مسعود نے ڈرامہ سیریل خدا کی بستی میں نوشہ کا کردار ادا کیا تھا۔ یہ ایک مشکل کردار تھا جسے انھوں نے نہایت خوبی سے نبھایا اور ایک اداکار کی حیثیت سے اپنی صلاحیتوں کو منوانے میں کام یاب رہے۔ ظفر مسعود کی فطری اداکاری نے سبھی کو اپنا گرویدہ بنالیا۔ یہ ڈرامہ سیریل دوسری بار اسکرین پر پیش ہوا تو اس میں‌ نوشہ کا کردار بہروز سبزواری نے نبھایا۔

آئندہ مالی سال کا بجٹ بھی کورونا سے متاثر ہونے کا امکان

0
بجٹ منصوبے

کراچی: آئندہ مالی سال 2021-22 کا بجٹ بھی کورونا سے متاثر ہونے کا امکان ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق مالی 2021-22 کے بجٹ کے لیے سندھ حکومت کی ترجیحات کا تعین آخری مراحل میں داخل ہوگیا، کورونا کے تناظر میں 25 ارب روپے کے ترقیاتی و غیر ترقیاتی مصارف کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بجٹ میں کاروباری سرگرمیوں کی بحالی کے لیے خطیر رقم، اسکیمز بھی شامل ہوں گی۔

کورونا ویکسینیشن پروگرام، سینٹرز کے قیام پر اخراجات ہوں گے، ڈویژنل انفیکشن ڈیزیز اسپتالوں کا قیام، کورونا ٹیسٹنگ پر رقم خرچ کی جائے گی۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم نے آئندہ بجٹ میں اعلیٰ تعلیم کے لیے مختص رقم بڑھانے کا عندیہ دے دیا

ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ میں عارضی ہیلتھ کیئر اسٹاف کی بھرتی اور مشینری پر بھی اخراجات ہوں گے، کورونا متاثر افراد کی صحت، وارڈز، سماجی و معاشی بحالی پر بھی 5 ارب سے زائد کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

مالی سال 2021-22 کے بجٹ کے لیے میزانیہ جون کے دوسرے ہفتے میں پیش کیا جائے گا۔

بیلاروس: صحافی کی گرفتاری کے لیے مسافر طیارہ زبردستی اتار لیا گیا

0

منسک: یورپی ملک بیلاروس میں ایک صحافی کی گرفتاری کے لیے مسافر طیارے کو زبردستی اتار لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق یونان سے لیتھوانیا جانے والی ایک پرواز کو زبردستی بیلاروس میں اتارا گیا، بیلا روس کے سیکیورٹی حکام نے جہاز پر سوار حکومت مخالف سرکردہ اپوزیشن صحافی رومن پروٹا سویچ کو حراست میں لینے کے بعد پرواز کو جانے دیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کا کہنا ہے کہ بیلاروس نے جہاز میں بم کا دعویٰ کرتے ہوئے اپنا ایک لڑاکا طیارہ بھیج کر لیتھوانیا جانے والے طیارے کو لینڈنگ پر مجبور کیا، دیگر غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ 26 سالہ صحافی رومن پروٹا سویچ بیلاروس کی اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے ایک نمایاں صحافی اور توانا آواز ہیں۔

رومن پروٹا سویچ رائن ایئر کی ایک پرواز کے ذریعے یونان سے لیتھوانیا جا رہے تھے، ان کی فلائٹ بیلاروس کی حدود سے گزر رہی تھی، جب مقامی فلائٹ کنٹرولر نے فضائی عملے کو جہاز میں بم کے خطرے سے خبردار کیا، اور پائلٹ کو ہدایت کی کہ جہاز کو مِنسک کے ہوائی اڈے پر اتار لیں، اس دوران بیلاروس کا ایک جنگی جہاز اس پرواز کے گرد چکر لگاتا رہا۔

مسافر بردار طیارے کے مِنسک ایئر پورٹ پر اترنے کے بعد سیکیورٹی حکام صحافی کو ان کی روسی گرل فرینڈ کے ساتھ حراست میں لے کر اپنے ساتھ لے گئے۔

بیلاروس میں صدر لوکاشینکو کی شخصی حکمرانی کے خلاف سرگرم صحافی رومن پروٹا سویچ کو اس انداز میں حراست میں لیے جانے پر یورپی ممالک نے سخت غم و غصے کا اظہار کیا ہے، بیلاروس پر مسافر جہاز اغوا کرنے کا الزام لگا کر اس کی سخت مذمت کی گئی، یورپی یونین کی خارجہ امور کے سربراہ یوزیپ بوریل نے جہاز کا راستہ زبردستی تبدیل کرنے کو ایک قابل مذمت اقدام قرار دیا۔

اس واقعے کے بعد یورپی یونین اور بیلاروس کے تعلقات میں کشیدگی بڑھ گئی ہے، لیتھوانیا کے صدر گیٹانس ناؤزیڈا نے بیلاروس کے اس اقدام کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے ریاستی دہشت گردی کا واقعہ قرار دیا، امریکی وزیر خارجہ انٹونی بِلنکن نے صحافی کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

وزرائے تعلیم کے امتحانات اور داخلوں سے متعلق اہم فیصلے ‏

0

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیرصدارت بین الصوبائی وزارئے تعلیم کے اجلاس میں ‏امتحانات سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیرتعلیم شفقت محمود کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ‏کہ رواں سال کسی کو پروموٹ نہیں کیا جائے گا۔

امتحانات تمام کلاسز کے ہر صورت ہوں گے، پہلے تا دسویں اوربارہویں جماعت کےامتحانات ہوں ‏گے، دسویں اور بارہویں کےامتحانات جون کےتیسرےہفتےمیں لیےجائیں گے۔ نتائج میں تاخیر پر ‏جامعات پروویژنل سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر داخلے دیں گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ موسم گرماکی تعطیلات کم ہوں گی اور اس متعلق فیصلےصوبےکریں ‏گے۔

یاد رہے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک کے شدید متاثرہ اضلاع میں تعلیمی ادارے نہ کھولنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کورونا کےکم متاثرہ اضلاع میں تعلیمی ادارے 24 مئی سے کھلیں گے۔

مراسلے میں کہا گیا تھا کہ کورونا سے زیارہ متاثرہ اضلاع میں تعلیمی ادارے 6 جون تک بند رہیں گے،7 جون سے تعلیمی ادارے کھولنے کیلئے جائزہ اجلاس 3 جون کو ہو گا۔

آتش فشاں : لوگ اپنے جلتے گھروں کے ساتھ سیلفیاں بناتے رہے، ویڈیو دیکھیں

0

براز ویلی : وسطی افریقہ کے ملک کانگو میں آتش فشاں نے تباہی مچا دی، گرم لاوا تیز ندی کی صورت میں بہہ رہا تھا، مقامی انتظامیہ نے بروقت اقدامات کر کے لوگوں کو مرنے سے بچا لیا، لوگوں نے تباہ شدہ مکانوں کے ساتھ سیلفیاں بنائیں۔

کانگو میں گزشتہ روز آتش فشاں پھٹنے کے بعد ہزاروں افراد اپنے گھر بار چھوڑ کر جان بچانے کیلیے بھاگ کھڑے ہوئے،مقامی جھیل کے ساحل پر گوما ہوائی اڈے کی طرف جاتے ہوئے پگھلی ہوئی چٹانوں سے نکلنے والے لاوے نے ہزاروں مکانوں کو ملیا میٹ کردیا۔

اس حوالے سے صوبے کے فوجی گورنر نے کہا کہ آتش فشاں پھٹنے سے بہنے والے لاوے سے کچھ سو گز کے فاصلے پر شہر کو بچالیا گیا ہے اور متاثرہ علاقوں کے ہزاروں مکینوں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ لوگوں کی نقل مکانی کے دوران پانچ افراد مختلف حادثات میں اپنی جانوں سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق 23 مئی کو اتوار کے روز شہر کے مضافاتی علاقے میں رہائشیوں نے لاوا گزرنے کے بعد اپنے جلتے ہوئے گھروں کے سامنے کھڑے ہو کر سیلفیاں لیں۔

’’پانی کی کمی پر صوبوں‌ کو آپس میں‌ لڑانے کی بات کی جارہی ہے‘‘

0

جیکب آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے پانی جمع کرنے کے لیے کونسے منصوبے لگائے، پانی کی کمی تو ہے ارسا والے اس کا جواب دے چکے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے جیکب آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ عوام وزیراعظم کی طرف ویسے ہی دیکھتی ہے جیسے پاکستانی عوام دیکھتی ہے، خوف، ڈرا دھمکا کر ووٹ لینے والوں سے ان کی امیدیں نہیں ہیں۔

اسد عمر نے کہا کہ سندھ کے عوام کی امیدیں وزیراعظم عمران خان سے ہیں، عمران خان انصاف کا مشن لے کر نکلے ہیں، انشا اللہ یہ مشن پورا کریں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں بڑی سنجیدگی سے رینجرز آپریشن کے بارے میں سوچنا چاہیے، سندھ کے عوام کے جان و مال کی حفاظت کے لیے وفاق کو کچھ کرنا چاہیے، سندھ کے عوام ڈاکوؤں کے ہاتھوں حفاظت نہ ہو یہ بھی وفاق ہوتا نہیں دیکھ سکتا۔

اسد عمر نے کہا کہ بلاول زرداری کو بھی کبھی کبھی سندھ یاد آتا ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ دنیا میں پانی کم ہورہا ہے، کیا پیپلزپارٹی بتاسکتی ہے سندھ میں پانی کی کونسی اسکیمیں بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ بھی بتائیں کہ سندھ میں پانی کی وارا بندی پیسے دے کر کیوں کی جارہی ہے، پانی کی کمی پر ارسا جواب دے چکا ہے یہ صوبوں کو آپس میں لڑانے کی بات ہے۔

کراچی میں رواں سال کی دوسری بڑی واردات، چور سوا کروڑ کا سونا اور 85 لاکھ کیش لے اڑے

0

کراچی : کلفٹن تین تلوار پررواں سال کی دوسری بڑی چوری کی واردات میں چور سوا کروڑ کا سونا اور 85 لاکھ کیش لے اڑے، پولیس کا کہنا ہے کہ مجموعی طور سوا 2کروڑ روپے کی واردات ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کلفٹن میں تین تلوار پررواں سال کی دوسری بڑی چوری کی واردات ہوئی ، واردات میں چور سوا کروڑ کا سونا اور 85 لاکھ کیش لے کر فرار ہوگئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مجموعی طور سوا 2کروڑ روپے کی واردات ہوئی، ملزمان نے تجوری توڑنے کے بعد واردات کی، تجوری میں ڈیڑھ کلو سونا اور 85 لاکھ روپے تھے۔

واردات کے بعد ایس پی کلفٹن توحید رحمان سنار کی دکان پر پہنچ گئے اور بتایا کہ دکان کا مکمل طور پر معائنہ کیا ہے،دکاندار کے ابتدائی بیان سے معاملہ مشکوک لگ رہا ہے، سب سے پہلا سوال یہ ہے کہ چور اندر گیا کیسے؟ جیولر شاپ کے شٹر کے چاروں تالے غائب ہیں۔

توحید رحمان کا کہنا تھا کہ چور کبھی تالے ساتھ لے کر جاتا ہے، شیشہ ٹوٹا نا تالہ، چور اندر گیا کیسے، شیشے کا مرکزی دروازہ الیکٹرانک آپریٹنگ سسٹم سے منسلک ہے، شیشے کے درواز پر لاک بدستور لگا ہوا ہے۔

ایس پی کلفٹن نے بتایا کہ سنار کے مطابق سی سی ٹی وی کیمرے بھی خراب ہیں، چور نے پہلے چابی سےتجوری کھولنے کی کوشش کی، چابی سے کامیابی نہ ہوئی تو تجوری توڑ دی گئی، توحید رحمان

توحید رحمان کا کہنا تھا کہ سنار کے مطابق ڈیڑھ کلو سونا 85 لاکھ کیش چوری کیا گیا، دکان سے مزید شواہد جمع کر رہے ہیں۔

یاد رہے رواں ماہ کے آغاز میں کراچی کے علاقے کلفٹن میں رواں سال کی سب سے بڑی نقب زنی کی واردات ہوئی، نامعلوم ملزمان دکان سے کئی کلو سونا لوٹ کر فرار ہوگئے۔

پی ایس ایل 6 سے متعلق دلچسپ معلومات

0

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 6 کے ابتدائی 14 میچز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے، جہاں ‏ہونے والے سنسنی خیز مقابلوں نے شائقین کرکٹ کو خوب محظوظ کیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ‏ان 14 میں سے ابتدائی 13 میچز میں پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم نے کامیابی حاصل کی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا گیاکراچی لیگ کاواحد اور آخری میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے دوسری ‏بیٹنگ کرنے کے باوجود اپنے نام کیا تھا۔سرفراز احمد کی قیادت میں میدان میں اترنے والی کوئٹہ ‏گلیڈی ایٹرزکی ٹیم نے 3 مارچ کو ملتان سلطانز کے خلاف میچ میں 22 رنز سے کامیابی حاصل کی ‏تھی۔

لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر نظرڈالی جائے تو فی الحال ٹورنامنٹ میں شریک 6 میں سے 4 ٹیمیں ایسی ‏ہیں کہ جو 6،6 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر ابتدائی 4 پوزیشنز پر موجود ہیں۔لیگ کے چھٹے ایڈیشن ‏کے بقیہ میچز شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم ابوظہبی میں کھیلے جائیں گے۔ ‏

پوائنٹس ٹیبل:‏

دفاعی چیمپئن کراچی کنگز پانچ میچز (3 جیتے، 2 ہارے) میں 6 پوائنٹس کے ساتھ فی الحال ‏پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔ دلچسپ طور کراچی کنگز کے علاوہ تین ٹیموں، پشاور زلمی، اسلام ‏آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے پوائنٹس کی تعداد بھی 6 ہی ہے تاہم بہتر نیٹ رن ریٹ (0.697)کی ‏بنیاد پر کراچی کنگزکو پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل ہے۔

ایڈیشن 2017 کی چیمپئن پشاور زلمی کو بھی لیگ کے ابتدائی مرحلے کے دوران تین میچز میں ‏کامیابی اور دو میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ چھ پوائنٹس حاصل کرنے والی پشاور زلمی کی ٹیم کا ‏نیٹ رن ریٹ 0.273 ہے۔

‏2016 اور 2018 کی فاتح اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 0.202 کے نیٹ رن ریٹ کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل ‏پر تیسری پوزیشن پر موجود ہے۔

اسی طرح تین میچز میں فتح سمیٹنے اور ایک میں شکست کا سامنا کرنے والی لاہور قلندرز کا ‏پوائنٹس ٹیبل پر نمبر چوتھا ہے۔

ملتان سلطانز کی ٹیم ایونٹ کے پانچ میچز میں صرف ایک جیت کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر ‏موجود ہےجبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کاپوائنٹس ٹیبل پرنمبر آخری ہے۔

نیٹ رن ریٹ پوائنٹس ‏ شکست فتوحات میچز ٹیم
‏0.697‏ ‏6‏ ‏2‏ ‏3‏ ‏5‏ کراچی کنگز
‏0.273‏ ‏6‏ ‏2‏ ‏3‏ ‏5‏ پشاور زلمی
‏0.202‏ ‏6‏ ‏1‏ ‏3‏ ‏4‏ اسلام آباد یونائیٹڈ
‏0.085‏ ‏6‏ ‏1‏ ‏3‏ ‏4‏ لاہور قلندرز
‏-0.244‏ ‏2‏ ‏4‏ ‏1‏ ‏5‏ ملتان سلطانز
‏-0.936‏ ‏2‏ ‏4‏ ‏1‏ ‏5‏ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز

سب سے زیادہ رنز:‏

ٹورنامنٹ کے ابتدائی 14 میچز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں قومی ‏ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کے دونوں اوپنرز سب سے نمایاں ہیں۔

‏ اس فہرست میں وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کا نمبر پہلا ہے، جو اب تک پانچ میچز میں ‏‏59.4کی اوسط اور 140.09 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 297 رنز بناچکے ہیں، اس دوران انہوں نے ‏تین نصف سنچریاں بھی اسکور کر رکھی ہیں۔ ‏

کراچی کنگز کے اوپنر بابراعظم نے بھی لیگ کے پانچ میچز میں تین سنچریاں بنا رکھی ہیں۔انہوں ‏نے 86 کی اوسط سے 258 رنز بنائے ہیں جبکہ اس دوران ان کا اسٹرائیک ریٹ 138.7 رہا۔ ‏

بابراعظم کے ساتھی اوپنرشرجیل خان وہ واحد بیٹسمین ہیں جنہوں نے کراچی میں کھیلے گئے لیگ ‏کے ابتدائی 14 میچز میں کوئی سنچری بنائی ہو۔ وہ اب تک لیگ کے پانچ میچز میں 200 رنز ‏بناچکے ہیں۔ اس دوران ان کا اسٹرائیک ریٹ 170.94رہا۔ ٹورنامنٹ میں اب تک 40 کی اوسط سے ‏رنز بنانے والے شرجیل خان نے ایک سنچری کے علاوہ ایک نصف سنچری بھی بنائی۔

سب سے زیادہ وکٹیں:‏

پشاور زلمی کے فاسٹ باؤلر ثاقب محمود ایونٹ کے پانچ میچز میں 12.08 کی اوسط اور 7.98 کے ‏اکانومی ریٹ کے ساتھ کُل 12 وکٹیں حاصل کرکے اب تک لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے سب سے ‏کامیاب باؤلر ہیں۔انہوں نےٹورنامنٹ کے ایک میچ میں محض 12 رنز کے عوض 3 وکٹیں بھی حاصل ‏کی تھیں۔

اس فہرست میں دوسرا نمبر شاہین شاہ آفریدی کا ہے۔ لاہور قلندرز کے فاسٹ باؤلر اب تک 4 میچز ‏میں 12.55 کی اوسط سے 9 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ اس دوران 14 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل ‏کرنا ایونٹ کے کسی بھی میچ میں ان کی بہترین باؤلنگ رہی۔

ملتان سلطانز کے نوجوان فاسٹ باؤلر شاہنواز دھانی بھی اب تک ایونٹ میں 9 وکٹیں اپنے نام ‏کرچکے ہیں تاہم اس دوران انہوں نے 4 میچز میں 17 سے زائد کی اوسط دی۔قدرے مہنگے ثابت ‏ہونے والے فاسٹ باؤلر کی ٹورنامنٹ کے کسی میچ میں سب سے بہترین باؤلنگ 44 رنز کے عوض 3 ‏وکٹیں حاصل کرنا رہا۔

ٹورنامنٹ میں اب تک صرف ایک مرتبہ ایسا موقع آیا کہ جہاں کسی باؤلر نے ایک اننگز میں 4 ‏وکٹیں اپنے نام کیں۔ پشاور زلمی کے کپتان اور فاسٹ باؤلر وہاب ریاض کا یہ باؤلنگ اسپیل اسلام آباد ‏یونائیٹڈ کے خلاف تھا، جب انہوں نے 17 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

فیلڈنگ اور وکٹ کیپنگ:‏

اب تک چار میچز میں پانچ کیچز پکڑنے والے پشاور زلمی کے ٹم کوہلر کیڈمور ٹورنامنٹ کی کراچی ‏لیگ کے فیلڈنگ چارٹ میں سر فہرست رہے۔ انہی کی ٹیم کے ساتھی شعیب ملک اب تک ‏ٹورنامنٹ میں چار کیچز پکڑ چکے ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے فاف ڈو پلیسی اور بین کٹنگ کے ‏علاوہ کراچی کنگزکے بابر نے بھی کراچی لیگ میں تین، تین کیچز پکڑ رکھے ہیں۔

اس دوران کراچی کنگز کے وکٹ کیپر جو کلارک نے پانچ جبکہ لاہور قلندرز کےبین ڈنک اورملتان ‏سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے چار، چار کیچز پکڑے۔

باؤنڈری اور وکٹوں کی گنتی:‏

کراچی لیگ میں مجموعی طور پر 446 چوکے اور 176 چھکے لگائے گئے، اس دوران 159 وکٹیں بھی ‏گریں۔

سب سے بڑا مجموعہ:‏

پشاور زلمی کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ایک میچ میں199 رنز کے تعاقب میں 19.3 اوورز میں 7 ‏وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز کا مجموعہ کراچی لیگ میں شریک کسی بھی ٹیم کا ایک اننگز میں ‏سب سے بڑا مجموعہ ریکارڈ کیا گیا۔اس میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 ‏وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے تھے۔

اُدھر کراچی کنگز کا ملتان سلطانز کے خلاف ایک میچ میں 196 رنز کا ہدف کامیابی سے عبور کرنا ‏بھی سنسنی خیز لمحہ تھا جسے دیکھنے کے لیے شائقین کرکٹ کی ایک بڑی تعداد اپنی ٹی وی ‏اسکرینز کے سامنے بیٹھی رہی تھی۔ ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان ‏پر 195 رنز بنائے۔ جواب میں کراچی کنگز نے 18.5 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز ‏بناکر فتح اپنے نام کی۔

سب سے کم مجموعہ:‏

پشاور زلمی کے خلاف ایک میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا 17.1 اوورز میں 118 رنز تک محدود رہنا ‏اب تک ٹورنامنٹ کا سب سے کم مجموعہ ہے۔ کراچی لیگ کے ایک اور میچ میں کراچی کنگز نے ‏کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 121 رنز پر محدود کردیا تھا۔