ہوم بلاگ صفحہ 11765

جسٹس (ر) عظمت سعید براڈشیٹ انکوائری کمیٹی کے سربراہ مقرر

0

وفاقی وزرا نے اعلان کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید کو براڈشیٹ انکوائری کمیٹی کا سربراہ مقرر کر دیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز اور وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اپنے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاونٹ پر جسٹس (ر) عظمت سعید کو براڈشیٹ انکوائری کمیٹی کا سربراہ مقرر کیے جانے کا اعلان کیا۔

پیر کے روز وزیراعظم کی زیر صدارت حکومتی رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں شہزاد اکبر نے براڈ شیٹ کیس پر بریفنگ دی تھی۔ اجلاس میں وزیراعظم نے براڈ شیٹ کے معاملے پر 5 رکنی کمیٹی قائم کی تھی۔
کمیٹی میں وفاقی وزیر فواد چوہدری، شیریں مزاری، بابر اعوان اور شہزاد اکبر شامل ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ براڈ شیٹ معاملہ تفصیلی طور پر عوام کے سامنے رکھا جائے، براڈ شیٹ کیس کے فیصلے میں موجود حقائق منظرعام پر لائے جائیں۔
عمران خان نے کہا کہ براڈ شیٹ کمپنی تو 20 سال پہلے کے اثاثوں کی تحقیقات کررہی تھی، گزشتہ دس سال کا حساب تو ابھی ہونا ہے، ملکی دولت لوٹ کر باہر لے جانے والے احتساب سے نہیں بچ سکتے۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف کے لندن میں موجود فلیٹس ایون فیلڈ کے حوالے سے برطانیہ کی براڈ شیٹ کمپنی کے چیف کیوے مُوسوی نے اہم انکشافات کیے تھے۔

نیب کے خلاف ہرجانے کا کیس جیتنے والی کمپنی براڈ شیٹ کے چیف کیوے مُوسوی نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ فاروق ایچ نائیک اور آصف زرداری کے ساتھی راجہ نے ہم سے رابطہ کیا، فاروق ایچ نائیک نےہم سےسیٹلمنٹ کی بات کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ آپ شہزاد اکبر سے پوچھیں وہ معاملہ کیوں گھما رہے ہیں؟ شہزاد اکبر ہماری کارکردگی پر سوال اٹھا کر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں، میکسیکوسمیت کئی ملکوں میں ہماری تفتیش اورنتائج شانداررہے، ہماری شہرت کی وجہ سےہی ہماری خدمات حاصل کی گئی تھیں۔

سونے کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری، ڈالر مزید مہنگا

0

کراچی: ملک میں سونے کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ڈالر کی قدر میں بھی اضافے کا رجحان رہا۔

آل پاکستان جیولرز مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت 350 روپے اضافے کے بعد ایک لاکھ 13 ہزار 350 روپے ہوگئی۔

فی تولہ قیمت میں اضافے کے بعد 10 گرام سونے کی قیمت 299 روپے اضافے سے 97 ہزار 179 روپے رہی۔

عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں اضافے کا رجحان رہا، سونے کی قدر 15 ڈالر اضافے کے بعد 1890 ڈالر فی اونس رہی۔

ڈالر کی قدر میں اضافہ

دوسری جانب انٹر بینک میں ڈالر 12 پیسے مزید مہنگا ہوگیا، فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر 160.50 سے بڑھ کر 160.62 روپے پر بند ہوا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت 150 روپے اضافے کے بعد ایک لاکھ 13 ہزار روپے ہوگئی تھی۔

فی تولہ قیمت میں اضافے کے بعد 10 گرام سونے کی قدر 130 روپے اضافے سے 96 ہزار 880 روپے رہی تھی۔

عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں اضافے کا رجحان رہا، سونے کی قدر 9 ڈالر اضافے سے 1853 ڈالر فی اونس رہی تھی۔

کینگرو کے ہاں غیرمعمولی رنگت والے بچے کی پیدائش

0

امریکی ریاست نیویارک میں قائم چڑیا گھر میں عجیب رنگت والے منفرد کینگرو کی پیدائش ہوئی جس کو دیکھ کر سب حیران رہ گئے۔

یو پی آئی کی رپورٹ کے مطابق نیویارک کے چڑیا گھر میں سرخ رنگ کی مادہ کینگرو کے تھیلے سے ایک بچے کو نکالا گیا جس چار سے پانچ ماہ کا ہے اور اس کا رنگ’سفید اور سبز‘ ہے۔ نیویارک کے شہر ہرپورس ولے میں قائم اینیمل ایڈونچر پارک کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مادہ کینگرو کے پیٹ سے بچے کو گزشتہ ہفتے نکالا گیا۔

جب چڑیا گھر کے ملازم نے  انہیں باہر نکلا تو ایک کا رنگ سفید اور سرخ تھا جس کو دیکھ کر وہ ششدر رہ گیا۔

انتظامیہ کے مطابق کینگرو کے بچوں کی رنگت تبدیل ہونا جینیاتی مسئلہ ہے جسے طب کی زبان میں Leucism کہا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں: سبز رنگ کے کتے کی پیدائش

’جب بچہ ماں کے پیٹ میں ہوتا ہے تو ایک خاص قسم کا مادہ کے اخراج ہوتا ہے اگر اس میں زیادتی یا کمی ہوجائے تو رنگ تبدیل ہوجاتا ہے‘۔

انتظامیہ کے مطابق کینگرو کے بچے کی آنکھیں سیاہ روغنی ہیں اور اُس کی صحت مکمل ٹھیک ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عجیب رنگ کے کتے کی پیدائش، دیکھنے والے بھی حیران

چڑیا گھر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ امریکا میں پہلی بار سرخ کینگرو کے ہاں منفرد رنگ کے بچے کی کی پیدائش ہوئی، اس حوالے سے ہمیں کوئی تجربہ نہیں ہے۔

سعودی عرب کا کورونا ویکسین سے متعلق اہم اعلان

0

ریاض: سعودی وزارت صحت نے کورونا ویکسین کی پہلی خوراک کے نئے شیڈول کا اعلان کردیا۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ فائزر ویکسین سعودی عرب سمیت دنیا کے مختلف ممالک کو مقررہ وقت پر نہ ملنے کی وجہ سے شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو کورونا ویکسین فائزر کی پہلی خوراک کی تاریخیں دی گئی تھیں۔

ترجمان کے مطابق کورونا ویکسین بنانے والی کمپنی نے سعودی عرب سمیت دنیا کے تمام ممالک کو مقررہ وقت پر ویکسین فراہم نہیں کی مجبوراً ویکسین دینے کے اوقات تبدیل کیے جارہے ہیں۔

وزارت صحت نے کہا کہ کورونا ویکسین کی قومی مہم جاری رہے گی، سعودی عرب کے تمام علاقوں میں کورونا ویکسین کے مزید سینٹرز کھولے جائیں گے۔

ترجمان وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی صحت و سلامتی کے تحفظ اور انہیں کورونا وائرس سے بچانے کا مشن جاری رکھا جائے گا۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ویکسین تیار کرنے والی کمپنی نے پروڈکشن یونٹ بڑھانے کا سلسلہ معطل کر دیا ہے، یہی وجہ ہے کہ کمپنی مطلوبہ تعداد میں ویکسین مقررہ وقت پر فراہم نہیں کر سکی۔

وزیراعلیٰ سندھ اور علی زیدی میں تلخ کلامی

0

کراچی ٹرانسفارمیشن پلان سے متعلق اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر علی زیدی کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی ٹرانسفارمیشن پلان سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ اور علی زیدی کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔

وفاقی وزیر علی زیدی نے سوال کیا کہ ایس بی سی اے کے بجائےکراچی بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کب بنےگی؟ سندھ سالڈویسٹ مینجمنٹ کی جگہ کراچی سالڈویسٹ مینجمنٹ کب ہوگا؟

وزیراعلیٰ سندھ نے جواب دیا کہ اس معاملے پر کام جاری ہے۔ جس پر وگاقی وزیر نے دوبارہ سوال داغتے ہوئے پوچھا کہ معاملہ کب تک مکمل ہوگا تاریخ بتائیں۔

وزیراعلیٰ نے تلخ لہجے میں جواب دیا کہ میں آپ کو جوابدہ نہیں ہوں۔ وزیراعلیٰ کےجواب پر علی زیدی سیخ پا ہوگئے اور اپنی فائلز اٹھا کر اجلاس سے چلےگئے۔

گزشتہ روز کابینہ اجلاس میں بھی علی زیدی نے معاملہ وزیراعظم کےسامنےرکھا تھا۔ علی زیدی نے کہا کہ عوامی مسئلے پر سندھ حکومت اختیارات کی منتقلی کیلئےسنجیدہ نہیں۔

سشانت سنگھ کی بہن نے مرحوم بھائی کا خواب پورا کردیا

0
سشانت سنگھ

ممبئی : بالی وڈ کے آنجہانی اداکار سشانت سنگھ کی بہن نے بھائی کی سالگرہ پر اس کی بڑی خواہش کو پورا کردیا، شویتا سنگھ نے سوشانت سنگھ راجپوت میموریل فنڈ قائم کیا ہے جس کے تحت فزکس کے طلبہ و طالبات کو اسکالر شپس دی جائیں گی۔

اس حوالے سے سشانت کی سالگرہ پر بہن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر  پر اپنے پیغام میں بتایا ہے کہ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے بہت خوشی محسوس ہورہی ہے کہ میں نے بھائی کی35 ویں سالگرہ پر ان کے ایک خواب کو پورا کرنے کی کیلئے قدم اٹھایا ہے۔

شویتا سنگھ کے ٹوئٹر پیغام کے مطابق یو سی برکلے میں35 ہزار ڈالر کا سشانت سنگھ راجپوت میموریل فنڈ قائم کیا گیا ہے جس میں فزکس کے طلبہ کو اسکالر شپس دی جائیں گی۔

سشانت سنگھ کی سالگرہ پر ان کی بہن شویتا سنگھ کریتی نے اپنے بھائی کی اہل خانہ کے ہمراہ ماضی کی کئی یادگار تصاویر کو ٹوئٹر پر شیئر کرکے یاد کیا۔

شویتا سنگھ نے اپنے ٹوئٹ میں بھائی سشانت سنگھ کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ آپ سے بہت پیار کرتی ہوں بھائی ، آپ میرا حصہ ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ شویتا نے سشانت سنگھ کی سالگرہ پر سشانت ڈے کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

یاد رہے کہ 14 جون کو سشانت سنگھ راجپوت اپنے باندرہ میں واقع فلیٹ میں مردہ پائے گئے تھے،انہوں نے اپنے گھر میں پنکھے سے پھانسی لگا کر خودکشی کرلی تھی حالانکہ پولیس کو ان کے پاس کوئی خودکشی نوٹ نہیں ملا تھا۔

سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد کیس میں ہر دن نئے موڑ دیکھنے کو مل رہے ہیں، اداکار کی موت کے معاملہ میں سامنے آئے ڈرگس کنکشن کے بعد اب تک کئی بالی ووڈ سلیبریٹیز  نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی تفتیش کے گھیرے میں آچکے ہیں۔

حکومت نے پیٹرول کے بعد بجلی کی قیمت میں اضافہ کردیا

0

اسلام آباد: حکومت نے پیٹرول کے بعد بجلی کی قیمت میں ایک روپے 95 پیسے اضافے کا اعلان کردیا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے کہا کہ ن لیگ کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے بجلی کی قیمت میں دو روپے اٹھارہ پیسے اضافہ ہونا تھا لیکن ہم نے بجلی کی قیمت میں ایک روپے 95 پیسے اضافہ کیا۔

وزیر توانائی نے کہا کہ توانائی کے مسائل ہماری حکومت کو ورثے میں ملے، گزشتہ دور کے مسائل کی وجہ سے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑا۔

عمر ایوب نے کہا کہ ن لیگ حکومت نے دانستہ طور پر بدنیتی پر معاہدے کرکے کارخانے لگائے، ن لیگ حکومت کی وجہ سے ملک میں 43 فیصد بجلی مہنگی بنتی ہے، 2013 سے 2023 تک کیپسٹی ادائیگی میں 686 فیصد اضافہ بدعنوانی ہے، ان فیصلوں کی قیمت ادا کرنے کے لیے 9 روپے فی یونٹ بجلی کی قیمت بڑھانا پڑی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں منصوبہ بندی کی گئی جس پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، حکومت نے عوام کی سہولت کے لیے مختلف سیکٹرز میں سبسڈیز دیں۔

دوسری جانب معاون خصوصی برائے توانائی تابش گوہر نے کہا کہ آئی پی پیز 8 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کررہے ہیں، ان سے ایم او یوز کرنے سے 836 ارب روپے کی بچت ہوگی، سود کا بوجھ بھی بجلی کے نرخوں میں سے کم ہوجائے گی، پچھلی دفعہ ہی آڈٹ کے بغیر ادائیگی کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کی طلب میں اضافے کا رجحان مسلسل بڑھتا نظر آرہا ہے، تین ہزار میگا واٹ کے نئے کنکشن لگائے جائیں گے، بجلی چوری اور بلز کی ادائیگیوں کے معاملے میں صوبے تعاون کریں۔

تابش گوہر نے کہا کہ سستی گیس ملک میں کم ہورہی ہے، مہنگی ایل این جی لانی پڑ رہی ہے، کیپٹو یونٹس کی گیس منقطع کردیں گے۔

حکومت کا سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاس بلانے کا فیصلہ

0

وفاقی حکومت نے سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاس بلانےکا فیصلہ کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی معاشی اور قانونی و آئینی معاملات کا جائزہ لیا گیا۔

مشیرپارلیمانی امور بابر اعوان نے کہا کہ سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاس بلانےکا فیصلہ کیا ہے اور کل پارلیمنٹ کےدونوں ایوانوں کےاجلاس ہوں گے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومت مختلف بلز پاس کرانے کیلئے ایوان میں پیش کرےگی جب کہ سینیٹ اورقومی اسمبلی میں صدارتی تقریر پربحث کی موشن پیش کی جائے گی۔

بابراعوان نے کہا کہ سینیٹ اجلاس صبح10،قومی اسمبلی کااجلاس ساڑھے10بجےہوگا، اجلاس بلانےسےقبل این سی اوسی سےتحریری ہدایات بھی لی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم سڑکوں پر مسترد ہو گئی اب ہاؤس میں واپس آجائے، مرحوم پی ڈی ایم کاسڑکوں پراحتجاجی سیاست کابیانیہ ناکام ہوگیا،انتشارکی بجائےعملی اور عوامی خدمت کیلئےایوان میں کردار ادا کریں۔

”آپ کی محبوبہ کون ہے؟“

0

ممتاز حسین نے بی ایڈ کیا۔ کیسے کیا اللہ جانتا ہے یا ہم لوگ۔ ان کا وہ آرام کا سال تھا۔ انھوں نے دیوانِ غالب خریدا اور جتنے دن وہ علی گڑھ رہے، صرف وہی پڑھتے رہے۔ ایک لڑکی پر عاشق ہوگئے اور اسی عشق کی بدولت بی ایڈ ہوگئے۔ ورنہ مجھے یقین تھا کہ وہ علی گڑھ سے یوں ہی چلے جاتے۔

یہ عشق بھی عجیب و غریب تھا۔ اس زمانے میں علی گڑھ میں لڑکیاں برقع پہنتیں، اور پوسٹ گریجویٹ کلاسوں میں علاحدہ بیٹھتیں۔ بڑی دعاﺅں کے بعد اگر کسی کا برقع سرک جاتا تو ایک ہلکا سا دیدار ہوجاتا۔ دیدار بھی کیا ہوتا۔ یوں سمجھیے کہ غالب کے قول کے مطابق: وہ اک نگہ جو بظاہر نگاہ سے کم ہے

ایک روز شامتِ اعمال، ایک لڑکی برقع پہنے ممتاز بھائی کے پاس آئی اور اس نے ممتاز بھائی سے نوٹس مانگ لیے۔ چوں کہ وہ اپنی کلاس کے سب سے پڑھے لکھے طالب علم تھے، ان کے استاد بھی ان کے علم کا لوہا مانتے تھے۔ لڑکی کو خیال ہوا کہ طالب علم بھی اچّھے ہوں گے۔ اس نے اظہارِ خیال کردیا۔ ممتاز بھائی نے اس کی شکل نہیں دیکھی اور عاشق ہوگئے۔

اس کے لیے راتوں رات نوٹس تیار کیے۔ ایک کاپی بھر دی۔ اب تو وہ متاثر ہوئی اور اس نے باقاعدہ ان سے مدد لینا شروع کردی۔ ممتاز حسین نے اردو میں چند بہترین افسانے بھی لکھے ہیں، لیکن وہ عشقیہ خطوط نہیں لکھ سکتے۔ چناں چہ یہ فرض حسن امام، مونس رضا اور راقم الحروف نے ادا کیا۔ بہرحال یہ سلسلہ چلتا رہا۔

ایک روز ہم لوگوں نے اصرار کیا کہ ممتاز بھائی ہم لوگ اتنا کام کرتے ہیں، مشورے دیتے ہیں، آخر ہم لوگ بھی تو آپ کی محبوبہ کو دیکھیں۔ چناں چہ ایک روز ہم لوگ بھی پہنچے۔ وہاں متعدد برقع پوش عورتیں تھیں۔ ممتاز بھائی سے پوچھا کہ ”ان میں سے آپ کی محبوبہ کون ہے؟“

ممتاز بھائی خود بھونچکا تھے۔ کہنے لگے میں کیا بتاﺅں۔ میں نے خود کون سی دیکھی ہے؟

(یہ دل چسپ واقعہ کتاب "علی گڑھ سے علی گڑھ تک” میں‌ شامل ہے)

محمد سراج کی بھارت پہنچتے ہی والد کی قبر پر حاضری

0

نئی دہلی: آسٹریلیا کی سرزمین پر بھارت کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے فاسٹ بولر محمد سراج نے بھارت پہنچتے ہی والد کی قبر پر حاضری اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کو ٹیسٹ سیریز میں 2-1 سے شکست دے کر بھارتی ٹیم آج وطن واپس پہنچی، فاسٹ بولر محمد سراج حیدرآباد پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا، بعدازاں انہوں نے والد کی قبر پر حاضری دی اور ان کے لیے دعائے مغفرت کی۔

واضح رہے کہ محمد سراج دورہ آسٹریلیا پر موجود تھے جب ان کے والد کا انتقال ہو وہ مشکل حالات کے دوران وطن واپس نہیں آسکے تھے۔

سراج نے آسٹریلیا میں رہ کر ہی اپنے والد کے خواب کو پورا کرنے کا تہیہ کیا اور جیسے ہی انہیں موقع ملا انہوں نے اپنی شاندار بولنگ سے پانچ آسٹریلوی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

فاسٹ بولر نے آسٹریلیا کے خلاف چوتھے اور آخری ٹیسٹ میں پانچ وکٹیں حاصل کیں جس کے بعد انہوں نے والد کو یاد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا خواب پورا ہوگیا۔

یاد رہے کہ محمد سراج نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں سب سے زیادہ 13وکٹیں حاصل کیں۔

انہوں نے اپنے کیریر کا پہلا ٹیسٹ میلبرن میں کھیلتے ہوئے میچ میں پانچ وکٹیں لی تھیں، محمد سراج نے برسبین میں آسڑیلیا کی دوسری اننگز میں پانچ وکٹیں لے کر میزبان ٹیم کو بھاری سبقت سے روکا اور بھارت کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔