ہوم بلاگ صفحہ 16621

وزیر اعظم کے کامیاب دورے سے ہاؤس آف شریف کے ارمانوں پر اوس پڑ گئی: فردوس عاشق اعوان

0
Firdous Ashiq Awan

اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ امریکا کی کامیابیوں سے ہاؤس آف شریف کے ارمانوں پر اوس پڑ گئی۔ وزیر اعظم نے تنازعہ کشمیر کے حل کی اہمیت کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ امریکا کی کامیابیوں سے ہاؤس آف شریف کے ارمانوں پر اوس پڑ گئی۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کا بیان کپتان کے خلاف حسد کا اظہار ہے۔ امریکا میں پاکستانیوں کا تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ دیکھ کر برداشت نہیں ہوا۔

اپنے ٹویٹ میں انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کشمیریوں کے وکیل بن کر ابھرے، تنازعہ کشمیر کے حل کی اہمیت کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا۔ شہباز شریف کشمیر پر سیاست کرنے سے پہلے آنکھیں کھول کر سید علی گیلانی کا بیان پڑھ لیتے۔ کشمیریوں کے قائد خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ کم ظرف سوچ کے ساتھ بسوں میں سفر کا طعنہ دینے کے بجائے عمران خان کی سادگی اور کفایت شعاری کی مثال سے سیکھتے، شہباز صاحب! آپ سب سے بڑے شعبدہ باز ہیں جو لندن میں تو سڑکیں پیدل ناپتے ہیں لیکن پاکستان آتے ہی پروٹوکول کے نشے کا شکار ہو جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان سے عداوت اور بغض میں جتنا عوام کو گمراہ کرتے ہیں، ان کی محبت عمران خان کے لیے بڑھتی جاتی ہے۔ ایرینا ون کے عوامی جوش و خروش، والہانہ استقبال اور صدر ٹرمپ کے ساتھ کامیاب ملاقات نے ان کی نیندیں اڑا دیں ہیں۔

معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ شہباز شریف کا وزیر اعظم کے دورہ امریکا کے حوالے سے بیان ان کی پست سوچ اور کرپٹ خصلت کا آئینہ دار ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی اچانک حامی نوجوان کی شادی میں‌ شرکت، دلہا دلہن حیران

0
Donald Trump

واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ریاست نیو جرسی میں منعقدہ ایک شادی کی تقریب میں جا پہنچے، جنہیں دیکھ کر دلہا دلہن سمیت تمام افراد حیران رہ گئے۔

تفصیلات کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ جوعوامی نوعیت کی محفلوں اور تقریبات میں کم ہی دکھائی دیتے ہیں کچھ روز قبل اچانک ریاست نیو جرسی کے شہر بڈمنسٹر میں واقع گالف کلب میں منعقدہ ایک حامی نوجوان کی شادی کی تقریب میں جا پہنچے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ دلہا مونگیلی نے وائیٹ ہاؤس میں متعدد اہم شخصیات کو اپنی شادی کے دعوت نامے ارسال کیے تھے، ان میں صدر ٹرمپ بھی شامل تھے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ صدر کی شرکت پر دلہا اور دلہن سمیت دیگر شرکاءکو بھی خوش گوار حیرت ہوئی۔

شادی کی تقریب میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی شرکت کی ایک فوٹیج سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی جس میں انہیں دلہا اور دلہن کے ساتھ کھڑے دیکھا جاسکتا ہے۔

اس موقع پر صدر ٹرمپ نے ٹائی کے بغیر سیاہ پینٹ اور کوٹ زیب تن کیا ہوا تھا،صدر ٹرمپ نے دلہا اور دلہن سے معانقہ کیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ تقریب عروسی میں شریک شرکاء نے صدر ٹرمپ کو شادی میں دیکھ کر امریکا زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات

0

واشنگٹن: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکی محکمہ خارجہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ملاقات کی۔

تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ اپنے دورہ امریکا کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کا دورہ کیا۔ آرمی چیف نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے بھی ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف اور امریکی وزیر خارجہ کی ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی اور افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں امریکی اور پاکستانی قیادت کی ملاقات کے پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا، ملاقات میں افغان قیادت میں افغان کنٹرولڈ حل پر بھی زور دیا گیا۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ مضبوط باہمی تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، یہ تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ اقدار پر مبنی ہونےچاہیئں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز آرمی چیف نے امریکی دفاعی ہیڈ کوارٹر پینٹا گون کا دورہ کیا تھا جہاں ان کا تاریخی استقبال ہوا اور انہیں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

آرمی چیف نے امریکی قائم مقام وزیر دفاع سمیت چیف آف جوائنٹ چیفس آف اسٹاف سے ملاقات کی، اس موقع پر افغان امن عمل سمیت خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔

انہوں نے امریکی چیف آف اسٹاف جنرل مارک اے ملی سے بھی ملاقات کی اور خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

چین اور روس کے لڑاکا طیاروں کی مشترکہ فضائی مشقیں، جنوبی کوریا کی جہازوں پر فائرنگ

0
Air

بیجنگ: چین اور روس کے لڑاکا طیاروں کی مشترکہ فضائی مشقوں کے دوران فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر جنوبی کوریا نے جہازوں پر فائرنگ کردی۔

تفصیلات کے مطابق پہلی بار روسی اور چینی فضائیہ نے مشترکہ فضائی مشقیں کیں، تاہم اس دوران روسی جہازوں نے جنوبی کوریا کی سرحدی حدود کی خلاف ورزی کی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی کوریا نے روسی طیاروں پر مشین گن سے وارننگ فائر کیے، اور روس کو سخت تنبیہ کرتے ہوئے باز رہنے کی دھمکی دی۔

روسی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں وضاحت کی گئی ہے کہ چار روسی لڑاکا طیارے مشرقی چین کی سرحدی حدود میں مشقیں کررہے تھے۔ اس تنازعے کے ردعمل میں جاپان نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

دوسری جانب جنوبی کوریا کے عسکری حکام کا کہنا ہے کہ پانچ جنگی طیارے ہماری سرحدی حدود میں داخل ہوئے، جس کے ردعمل میں فوری طور پر دو کوریائی لڑاکا طیارے ان جہازوں کو مار گرانے کے لیے بھیجے گئے۔

حکام کے مطابق روس کی جانب سے دو بار سرحدی حدود کی خلاف ورزی کی گئی، روسی طیاروں پر مشین گن کے 80 راؤنڈ فائر کیے گئے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ روس اور چین کے درمیان فوجی مشقیں مستقبل میں ایک مضبوط تعلقات کا عندیہ ہے، جو جاپان اور جنوبی کوریا کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔

وزیراعظم کا تاریخی دورہ امریکا مکمل، نجی ایئرلائن کے ذریعے وطن روانہ

0
PTI

واشنگٹن: وزیراعظم عمران خان اپنا تاریخی دورہ امریکا مکمل کرکے نجی ایئرلائن کے ذریعے وطن روانہ ہوچکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان وفد کے ہمراہ واشنگٹن سے وطن واپس روانہ ہوگئے، عمران خان نجی پرواز سے بذریعہ قطر پاکستان پہنچیں گے۔

وطن روانہ ہونے سے قبل وزیراعظم نے امریکا میں پی ٹی آئی رہنماؤں سے خصوصی ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ کرکٹ کھیلنے والے ملکوں میں اوورسیز پاکستانیوں سے رابطہ رہتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی سب سے زیادہ عزت کرتا ہوں، اوورسیز پاکستانیوں کو زندگی میں بہت زیادہ محنت کرنی پڑتی ہے۔

جبکہ کیپٹل ہل میں امریکی کانگریس اراکین سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ امریکا اور پاکستان کے مابین تعلقات اعتماد کے ساتھ قائم ہونے چاہئیں جس کی بنیاد سچ ہو۔

آرمی چیف کا دورہ پینٹا گون، تاریخی استقبال، 21 توپوں کی سلامی

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ملکوں کو ایک دوسرے پر بھروسہ کرنا چاہیئے، پاکستان نے امریکا کی جنگ لڑی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ستر ہزار جانوں کی قربانی دی۔

وزیراعظم کی کیپٹل ہل آمد پر اراکین کانگریس کا شاندار استقبال، اردو میں خوش آمدید کہا

0
IK

واشنگٹن: وزیراعظم عمران خان کی کیپٹل ہل آمد پر اراکین کانگریس نے شاندار استقبال کیا اور پاکستان کی قومی زبان اردو میں خوش آمدید کہا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے کیپٹل ہل میں کانگریس اراکین سے ملاقاتیں کیں، اس موقع پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی بھی موجود تھے، جبکہ پاکستان کاکس شیلا جیکسن نے بھی عمران خان کا بھرپور استقبال کیا۔

اس موقع پر رکن کانگریس جم بینکس نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی جدو جہد کو سراہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ سے وزیراعظم عمران خان کی ملاقات مفید رہی، دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

دریں اثنا امریکی رکن کانگریس تھامس سوزی نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اپنے مغربی سرحد پر جن مشکلات کا سامنا ہے ہمیں ان کا اندازہ ہے۔ خیال رہے کہ تھامس سوزی نے اپنا خطاب السلام و علیکم سے شروع اور شکریہ کے ساتھ ختم کیا۔

آرمی چیف کا دورہ پینٹا گون، تاریخی استقبال، 21 توپوں کی سلامی

اس موقع پر امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا کیلئے بہت اہم ملک ہے، پاکستانی امریکن امریکا کی ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکا میں ڈاکٹرز کی بڑی تعداد کا تعلق پاکستان سے ہے، جنوبی ایشیا میں امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہیں، دہشتگردی اور منی لانڈرنگ کے خلاف امریکا کو پاکستان کا تعاون حاصل ہے۔

پاکستان کاکس شیلا جیکسن کا کہنا تھا کہ پاکستان کی آبادی کا ساٹھ فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے، پاکستان میں امریکا کیلئے بہت مواقع ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان تعلیم صحت اور دیگر کئی شعبوں میں تعاون کی گنجائش موجود ہے، امریکی انتظامیہ کو پاکستان سے تعلقات مزید مضبوط بنانے ہوں گے۔

حریت رہنماؤں کا ٹرمپ کی طرف سے مسئلہ کشمیر کے لیے ثالثی کی پیشکش کا خیرمقدم

0
Kashmir

سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی، میر واعظ عمرفاروق اور دیگر حریت رہنماﺅں نے دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت اور پاکستان کے درمیان ثالثی کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پیشکش کا خیرمقدم کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سیدعلی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ امریکا کو کشمیر کی آزادی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر ایک دیرینہ تنازعہ ہے اور کشمیریوں کی تین سے زائد نسلیں اس تنازعے کی نذر ہو چکی ہیں۔ میرواعظ عمرفاروق نے امریکی صدر کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام تنازعے کے سب سے زیادہ متاثرہ فریق ہونے کی حیثیت سے دیرینہ تنازعہ کشمیر کا جلد حل چاہتے ہیں۔

دیگر حریت رہنماﺅں اور تنظیموں شبیر احمدڈار، محمد یوسف نقاش، محمد اقبال میر ، انجینئر ہلال احمدوار،میر شاہد سلیم ، امتیاز احمد ریشی، غلام نبی وسیم، غلام نبی وار، جموں وکشمیرلبریشن فرنٹ اور ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے اپنے الگ الگ بیانات میں کہا ہے کہ حل طلب مسئلہ کشمیر خطے میں ایک نیوکلیر فلیش پوائنٹ ہے جو کسی بھی وقت پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔

ٹرمپ کشمیر پر پاکستانی دھنیں گنگنا رہے ہیں، بھارتی میڈیا کا واویلا

واشنگٹن میں قائم ورلڈ ایوئر نیس فورم کے سیکرٹری جنرل غلام نبی فائی نے صدر ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ تنازعہ کشمیر کے حوالے سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اصولی موقف اختیار کرنے پر امریکا میں مقیم کشمیری اور مقبوضہ کشمیر کے عوام خوش ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2020 کی ٹکٹوں کی آن لائن فروخت شروع

0
World Cup

لاہور: آئی سی سی مینز اور ویمنز ورلڈ کپ ٹی 20 کے لیے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت شروع ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی مینز اور ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے ٹکٹوں کی قیمت کے اعلان اور اس کی فروخت کے ابتدائی مرحلے کا آغاز کردیا گیا ہے۔

پاکستان سمیت 10 ٹیموں پر مشتمل ویمنز ایونٹ 21 فروری سے 8 مارچ تک کھیلا جائے گا جس میں مجموعی طور پر 23 میچ شیڈول ہیں۔

دنیا کی 16 بہترین مینز ٹیموں کا میلہ 18 اکتوبر سے 15 نومبر تک 8 مختلف مقامات پر لگے گا، آئی سی سی کی جانب سے ٹکٹوں کی قیمت کم سے کم 20 ڈالر رکھی گئی ہے۔

بچوں کے لیے یہ 5 ڈالر ہوگی، ویمنز ایونٹ دیکھنے کے خواہشمند آج سے آن لائن ٹکٹ بک کراسکتے ہیں تاہم مینز ایونٹ کے لیے پہلے رجسٹریشن کا عمل شروع کیا گیا ہے جو 7 اکتوبر تک جاری رہے گا۔

پاکستانی مینز ٹیم اپنی مہم کا آغاز 24 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف سڈنی کرکٹ گراونڈ سے کرے گی، پاکستان دوسرا میچ کوالیفائیر ٹیم کے ساتھ اسی گراؤنڈ پر کھیلے گی۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کا جوڑ 31 اکتوبر کو برسبین میں پڑے گا، 3 نومبر کو پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں ایڈیلیڈ اوول میں مدمقابل ہوں گی جب کہ 6 نومبر کو پاکستانی ٹیم کوالیفائر ٹو کے خلاف میلبورن کرکٹ گراونڈ میں ایکشن میں دکھائی دے گی، فائنل 15 نومبر کو میلبورن میں رکھا گیا ہے۔

آرمی چیف کا دورہ پینٹا گون، تاریخی استقبال، 21 توپوں کی سلامی

0
ISPR

واشنگٹن: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ کا پینٹا گون پہنچنے پر تاریخی استقبال ہوا اور 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا پینٹاگون پہنچنے پر جنرل جوزف ڈین فورڈ نے استقبال کیا، اس موقع پر آرمی چیف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکی قائم مقام وزیردفاع سمیت چیف آف جوائنٹ چیفس آف اسٹاف سے ملاقات کی، اس موقع پر افغان امن عمل سمیت خطے کی سیکیورٹی صورت حال پر بات چیت کی گئی۔

’امریکی حکام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے اقدامات کو سراہا، امریکی عسکری حکام نے پاک فوج کے افغان امن عمل میں کردار کی بھی تعریف کی‘۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکی چیف آف اسٹاف جنرل مارک اے ملی سے بھی ملاقات کی اور خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

خیال رہے وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا میں آرمی چیف اور آئی ایس آئی چیف بھی ان کے ہمراہ ہیں اور تاریخ میں پہلی بار آرمی چیف اور آئی ایس آئی چیف وزیراعظم کی امریکی صدر سے ملاقات کے دوران موجود ہوں گے، سیاسی اور عسکری قیادت یکجا ہونے سے دنیا کو مثبت پیغام جارہا ہے۔

امریکی دانشور برائے جنوب ایشائی امور ماروِن وینبام کا کہنا ہے کہ واشنگٹن میں پالیسی میکرز دیکھ رہے ہیں کہ ایک طویل عرصے بعد پاکستان کی سول اور عسکری قیات اہم ترین معاملات پر ایک پیج پر ہے، پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کے اہم معاملات پر ایک ہونے سے دنیا بھر میں مثبت پیغام جارہا ہے، جو پاکستانی موقف میں استحکام کا باعث ہے۔

بزنس کمیونٹی کا ٹرمپ کے باہمی تجارتی حجم کو 12گنا تک بڑھانے کے فیصلے کا خیر مقدم

0
US

لاہور: بزنس کمیونٹی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے باہمی تجارتی حجم کو 12گنا تک بڑھانے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔

کاروباری برادری نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے باہمی تجارتی حجم کو بارہ گنا تک بڑھانے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہترین وسائل سے مالامال ہونے کی وجہ سے پاکستان سرمایا کاری کیلئے انتہائی پرکشش ملک ہے۔

پاک یو ایس بزنس کونسل کے بانی چیئرمین، سینئر نائب صدر سارک چیمبر اور یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے مرکزی چیئرمین افتخار علی ملک نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر اعظم عمران خان کی ملاقات کے بعد جاری مشترکہ بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے نجی شعبے باہمی تجارت میں اضافے اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں افتخار ملک نے کہا کہ غیر ملکی کاروباری افراد اور سرمایہ کاروں کو پاکستان کے اسٹریٹجک محل وقوع اور یہاں میسر اقتصادی اور کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان اور امریکا کی حکومتیں اقتصادی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں لہذا دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایا کاری پر مذاکرات کو با معنی ہونا چاہئے، امریکا پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور ایک ملین سے زائد پاکستانی امریکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا میں توانائی، زراعت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کو بہتر بنانے کی بہترین صلاحیت ہے، دونوں حکومتوں کو کاروباری اداروں کے مابین تعاون کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں۔