پیر, ستمبر 30, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 28023

نیٹوسپلائی نہ کھلنے پرامداد روک دی جائے گی،امریکی دھمکی

0

امریکا نے اپنی فوج کے لیے سال دو ہزار چودہ کے مجوزہ بجٹ میں کہا ہےکہ طورخم کے راستے نیٹو سپلائی نہ کھلنے پر پاکستان کودہشت گردی کے خلاف ملنے والی امداد روک دی جائے گی۔

امریکا نے طورخم کے راستے نیٹو سپلائی نہ کھلنے پر پاکستان کی امداد روکنے کی دھمکی دے دی، دوہزار چودہ کے بجٹ میں پاکستان کو امداد نیٹو سپلائی کی بحالی سے مشروط کر دی گئی ہے۔

ایوان نمائندگان نے دفاعی بجٹ تجاویز کی منظوری دے دی ہے، اب سینیٹ سے منظوری لی جائے گی، مشروط امداد کے تحت کہا گیا ہے کہ امریکی وزیر دفاع سے فوجی سامان کی محفوظ ترسیل کی ضمانت کے بغیر رقم جاری نہیں کی جائے۔

امریکا کے دفاعی بجٹ میں پاکستان کو امداد میں ایک سال توسیع کی تجویز ہے مگر مجموعی مالیت کم کر دی گئی ہے، فوجی بجٹ میں پاکستان کو امداد کیلئے نئی شرائط بھی رکھی گئی ہیں، اب القاعدہ، تحریک طالبان پاکستان اور حقانی نیٹ ورک اور کوئٹہ شوریٰ طالبان کے خلاف کاروائی پر کانگریس کا اطمینان ضروری ہوگا۔

کانگریس کو یہ یقین بھی دلانا ہوگا کہ پاکستانی سرحد کے اندر امریکی یا افغان فوج پر ہونے والے حملوں کو روکنے کے لیے اسلام آباد مؤثر قدم اٹھا رہا ہے، ساتھ ہی امریکی فوجی امداد کے درست استعمال کے شواہد بھی پیش کرنا ہوں گے۔

ملک کے مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات،3جاں بحق،28زخمی

0

میرپور بھٹورو میں ٹرک اور موٹر سائیکل میں تصادم نے تین افراد کی جان لے لی جبکہ پشاور میں اسکول وین الٹنے کے سبب گیارہ بچے زخمی ہوگئے۔

ملک کے مختلف شہروں میں سڑکوں کی مخدوش حالت اور سردی میں دھند کے باعث ٹریفک حادثات معمول بن گئے، سندھ کے علاقے میرپور بھٹورو میں ٹرک اور موٹر سائیکل میں تصادم کے باعث تین افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

پشاور میں رنگ روڈ پل کے قریب اسکول وین الٹ گئی، جائے حادثہ پر موجود افراد نے وین میں پھنسے بچوں کو باہر نکالا، حادثے میں گیارہ بچے زخمی ہوئے، چار بچوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا۔

سات بچے اسپتال میں زیر علاج ہیں، پولیس نے وین ڈرائیور کو گرفتار کرلیا، حادثے کی وجہ غلط اوور ٹیکنگ بتائی جاتی ہے، ہری پور میں دو مختلف ٹریفک حادثات میں ایک خاتون جاں بحق اور چار زخمی ہوگئیں۔

زخمی خواتین کو فوری طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کر دیا گیا، کراچی میں کاٹھور پل کے قریب گاڑی الٹ گئی، حادثے میں تیرہ افراد زخمی ہوگئے جنھیں طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
 

خواجہ سعد رفیق تحریک انصاف میں شامل ہونا چاہتے تھے ، ہارون الرشید

0

معروف تجزیہ نگار اور سینئرصحافی ہارون الرشید نے کہا ہے کہ خواجہ سعد رفیق تحریک انصاف میں شامل ہونا چاہتے تھے۔

اے آر وائی کے پروگرام الیونتھ آور میں ہارون الرشید نے بتایا کہ انہوں نے سعد رفیق کی عمران خان سے ملاقات کرائی، جس میں سعد رفیق تحریک انصاف میں شامل ہوگئے اور انکے عہدے کا فیصلہ بھی کرلیا گیا، لیکن بعد میں دونوں جانب سے خاموشی چھاگئی۔
   

الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ کا خط میڈیا کو جاری کردیا

0

الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ کا خط میڈیا کو جاری کردیا، ساتھ ہی یہ بھی کہا  کہ انگوٹھوں کی تصدیق ہمارا کام نہیں۔

وزیر داخلہ نے گزشتہ روز قومی اسمبلی میں کہا تھا کہ انہوں نے الیکشن کمیشن کو نادرا کا کنٹرول سنبھالنے کے لئے خط نہیں لکھا اس پر الیکشن کمیشن نے پہلے تو اس خط کی نقل میڈیا کو جاری کی پھر اپنے جواب میں بھی نادرا کا کنٹرول سنبھالنے سے انکار کر دیا۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انگوٹھوں کی تصدیق کرنا الیکشن کمیشن کا کام نہیں ہے نہ اسے یہ اختیار ہے کہ وہ کسی ادارے کا کنٹرول سنبھالے، وزارت داخلہ نے الیکشن کمیشن کو نادرا کا کنٹرول سنبھال کر انگوٹھوں کی تصدیق کی ہدایت کی تھی۔
   

اپوزیشن پارٹیوں نے سندھ بلدیاتی آرڈیننس میں ترامیم مسترد کردیں

0

سندھ کی اپوزیشن پارٹیوں نے سندھ بلدیاتی آرڈیننس میں ترامیم مسترد کردیں، آج صوبائی اسمبلی میں مشترکہ قرار داد پیش کریں گی۔

سندھ اسمبلی کی اپوزیشن جماعتوں نے بلدیاتی آرڈیننس کو مشترکہ طور پر مسترد کردیا ہے اور آج سندھ اسمبلی میں مشترکہ قرار پیش کی جائے گی، ایم کیوایم کے رہنما خواجہ اظہارالحسن کا کہنا ہے کہ ترامیم کے خلاف احتجاج ہورہا ہے اور اتوار کے روز ایم اے جناح روڈ پر احتجاج کیا جائے گا۔

ایم کیوایم کے رہنما سردار احمد کا کہنا ہے کہ جو ترامیم آرڈیننس بنایا گیا ہے وہ عوام کے خلاف ہے، مسلم لیگ ن کے رہنما عرفان اللہ مروت کا کہنا ہے کہ سندھ بلدیاتی آرڈیننس میں ترامیم قبول نہیں۔

مسلم لیگ فنکشنل کے رہنماجام مدد علی کا کہنا ہے کہ عام آدمی سے ووٹ دینے کا حق ہی چھین لیا گیا ہے، خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی ترامیم کو واپس لے۔

عبدالقادرملا نے پاکستان کیلئے اپنی جان قربان کردی،منور حسن

0

جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن نے کہا ہے کہ عبدالقادرملا نے پاکستان کیلئے اپنی جان قربان کردی، آئندہ فوج کا ساتھ دینے والے کئی بار سوچیں گے۔ 

لاہور میں صحافیوں سے گفتگو میں امیر جماعت اسلامی سید منورحسن کا کہنا تھا کہ عبدالقادرملا نے پاکستان کیلئے اپنی جان قربان کی، آئندہ فوج کا ساتھ دینے والے کئی بار سوچیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کے اتفاق کے باوجود حکومت طالبان سے مذاکرات سے گریزاں ہے، طالبان سے مذاکرات کے لئے شاید حکومت امریکی سگنل کا انتظار کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو بحران سے نکالنے کیلئے حکومت کے پاس کوئی لائحہ عمل نہیں ہے، ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں جماعت اسلامی اور تحریک انصاف ایک ہی نشان پر بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیں گی۔

جماعت اسلامی انتخابات کے بائیکاٹ سے ہونے والے نقصانات سے آگاہ ہے، منور حسن کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے اتحاد سے اہل کراچی کے مسائل کا ازالہ ہوگا۔
   

لندن: اپولوتھیٹرکی عمارت کا ایک حصہ گرگیا،90سے زائد زخمی

0

لندن میں اپولوتھیٹر کی عمارت کا ایک حصہ دوران شو گرنے سے نوے سے زائد افراد زخمی ہوگئے، جن میں سے گیارہ کی حالت تشویشناک ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق لندن کے اپولو تھیٹر کی عمارت کا حصہ شو کے دوران گرنے سے کئی افراد ملبے تلے دب گئے، جب تھیٹر کی چھت گری تو اس وقت وہاں شو جاری تھا اور لوگوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔

تھیٹر میں موجود لوگوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے پولیس کو اطلاع دی، پولیس اور امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کرملبے تلے دبے افراد کو قریبی اسپتال منتقل کیا، حادثے کے وقت تھیٹر میں تقریبا سات سو بیس افراد موجود تھے۔

پولیس ذرائع کے مطابق سرچ اور ریسکیو آپریشن مکمل کرکے تھیٹر کو سیل کردیا گیا ہے، لندن میٹرو پولیٹن پولیس کے مطابق حادثے میں نوے سے زائد افراد زخمی ہیں، جن میں سے گیارہ کی حالت تشویشناک ہے۔

میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے فائر بریگیڈ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ان کے اہلکار تھیٹر کی چھت کا معائنہ کر رہے ہیں اور ابھی تک چھت گرنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔
    
   

ڈھاکہ:عام انتخابات میں اختلاف، 118مظاہرین گرفتار

0

بنگلہ دیش میں اپوزیشن جماعتوں کیجانب سے عام انتخابات کا بائیکاٹ اور احتجاجی مظاہرے جاری ہیں، حکومت نے کریک ڈاؤن کے دوران ایک سو اٹھارہ افراد کو گرفتار کرلیا۔

بنگلہ دیش میں پانچ جنوری کو ہونے والے عام انتخابات میں اختلاف رائے کے بعد ملک کی اہم سیاسی جماعت بنگلہ دیش عوامی پارٹی اور اتحادی جماعت اسلامی نے انتخابات کا بائیکاٹ کیا ہے۔

اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے مظاہروں کے باعث حکومت نے ملک بھر میں کریک ڈاؤن کے دوران بڑی تعداد میں مظاہرین کو گرفتار کرلیا ہے، اپوزیشن جماعتوں نے احتجاج کے دوران وزیراعظم حسینہ واجد سے مطالبہ کیا کہ انتخابی عمل غیر جانبدار نگران حکومت کی سرپرستی میں کرائے جائیں،تاہم وزیراعظم حسینہ واجد نے اپوزیشن کے مطالبات کو مسترد کردیا ہے۔
   

بغداد:خودکش بم دھماکے،36سے زائد افراد جاں بحق، متعدد زخمی

0

عراق کے دارالحکومت بغداد میں خود کش بم دھماکوں میں تقریبا چھتیس افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق ذیادہ ہلاکتیں بغداد کے جنوبی ضلع دورہ میں ہوئیں، جہاں ایک خود کش بمبار نے ایک مذہبی اجتماع میں اپنے آپ کو دھماکے سے اڑا دیا، جس کے نتیجے میں چودہ افراد جاں بحق اور اٹھائیس زخمی ہوگئے۔

دوسرا واقعہ بغداد کے جنوب مغرب یوسفیہ میں پیش آیا، جہاں دھماکے سے تقریبا دس افراد جاں بحق ہوئے اور متعدد زخمی ہوئے، اس علاوہ عراق کے دیگر حصوں سے بھی عراقی شہریوں کی ہلاکتوں کی اطلاعات موصول ہوئیں ہیں،عراقی حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق سینکڑوں افراد گزشتہ ماہ جاں بحق ہوچکے ہیں۔
   

جنوبی سوڈان:امن فوجیوں کے بیس پر باغیوں کاحملہ،3 افراد ہلاک

0

جنوبی سوڈان میں امن فوجیوں کے بیس پر باغیوں کے حملے میں اقوام متحدہ کے تین اہلکار مارے گئے۔

اقوام متحدہ کےنائب ترجمان فرحان حق کے مطابق جنوبی سوڈانی ریاست جونگلی میں باغیوں نے امن فوجیوں کے بیس کیمپ پر حملہ کردیا، حملے کے وقت بیس میں فوجیوں کے ساتھ پناہ لینے والے عام شہریوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔

اقوام متحدہ کے ترجمان کے مطابق جونگلی کی صورت حال انتہائی تشویش ناک ہے، باغیوں نے پناہ گزین افراد کو نشانہ بنانے کے لیے آپریٹینگ بیس پر حملہ کیا، اقوام متحدہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ غیر مسلح امن فوجیوں کو نکالنے کی کوشش کی جائے گی جبکہ مالاکل سے اضافی فوج طلب کرلی ہے۔