ہوم بلاگ صفحہ 6296

برطانیہ کے بادشاہ چارلس کے سر پر تاج کب سجے گا؟

0

ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کے انتقال کے بعد شاہی تخت پر بیٹھنے والے بادشاہ چارلس کو اپنی تاجپوشی کے لیے آئندہ سال کا انتظار کرنا ہوگا۔

برطانوی اخبار کے مطابق شاہ چارلس کی تاجپوشی آئندہ برس 2 جون کو ہوگی، تقریب تاج پوشی کو انتہائی مختصر رکھا جائے گا اور اخراجات بھی کم کیے جائیں گے۔

رپورٹ کے مطابق تاجپوشی تقریب کی تمام تیاریوں کو آپریشن گولڈن اورب کا نام دیا گیا ہے، شاہ چارلس تاجپوشی کی تقریب سے ہی بادشاہت کا نیا انداز چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ ملکہ الزبتھ دوئم کے انتقال کے بعد شہزادہ چارلس فوری طور پر نئے بادشاہ بن چکے ہیں اور نئے بادشاہ بننے کے ساتھ دولت مشترکہ کے 14 ممالک کے سربراہ کی حیثیت سے فرائض سرانجام دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ملکہ الزبتھ کے انتقال کے بعد نئے بادشاہ کون بن گئے؟

بادشاہ کے طور پر ذمے داری سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے بیان میں کنگ نے کہا: "میری پیاری والدہ محترمہ ملکہ کی موت میرے اور میرے خاندان کے تمام افراد کے لیے سب سے دکھ بھرا لمحہ ہے، "ہم ایک پیاری خود مختار اور بہت پیار کرنے والی ماں کے انتقال پر گہرے صدمہ میں ہیں۔”

بڑھتی عمر میں خراب یادداشت کے مسئلے سے کیسے بچا جاسکتا ہے؟

0

عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ ذہنی کارکردگی کم ہوتی جاتی ہے اور یادداشت میں بھی فرق پڑتا ہے، تاہم اب ماہرین نے اس سے بچنے کے لیے ایک عادت اپنانے پر زور دیا ہے۔

ایک حالیہ امریکی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ زائد العمر افراد کی جانب سے یومیہ بنیادوں پر ملٹی وٹامنز اور منزلز کے استعمال سے ان کی یادداشت بہتر ہو سکتی ہے۔

یادداشت کا زائد العمری سے گہرا تعلق ہے، تاہم سائنس دان یہ ثابت کرنے میں ناکام رہے ہیں کہ ضعیف العمری میں یادداشت کم کیوں ہوجاتی ہے یا پھر ذہن اتنا فعال کیوں نہیں رہتا؟

اگرچہ زائد العمری اور یادداشت کا تعلق گہرا ہے، تاہم دنیا بھر کے لاکھوں لوگ ادھیڑ عمری میں ہی الزائمر اور ڈیمنشیا جیسی بیماریوں کا شکار بن جاتے ہیں، جسے عام زبان میں بھول جانے کی بیماری کہا جاتا ہے۔

یادداشت کو بہتر بنانے کے لیے اگرچہ دوائیاں اور علاج موجود ہے، تاہم اب ایک تازہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ یومیہ ملٹی وٹامنز کھانے سے اس مسئلے سے بچا جا سکتا ہے۔

طبی جریدے الزائمر ایسوسی ایشن میں شائع تحقیق کے مطابق اگر 65 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد منرلز اور ملٹی وٹامنز کا یومیہ استعمال کریں تو ان کی یادداشت میں خاطر خواہ بہتری ہوسکتی ہے۔

ماہرین نے تین سال 2 ہزار ضعیف افراد پر تحقیق کی اور انہوں نے رضا کاروں کو ملٹی وٹامنز سمیت کوکو کا استعمال بھی کروایا جبکہ ایک گروپ کو ماہرین نے فرضی دوا دی اور ہر سال ان کی یادداشت کا ٹیسٹ لیا۔

ماہرین نے تمام افراد کا واقعات کو یاد رکھنے، سوچنے، مسائل کو حل کرنے سمیت اسی طرح کے یادداشت کو چیک کرنے کے دوسرے ٹیسٹ کیے۔

3 سال تک جاری رہنے والی تحقیق سے معلوم ہوا کہ جن 65 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد نے یومیہ بنیادوں پر ملٹی وٹامنز کا استعمال کیا، ان کی یادداشت واضح طور پر بہتر ہوئی۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ کوکو یعنی کافی اور چاکلیٹ کے اجزا کے استعمال سے زائد العمر افراد کی یادداشت میں کوئی بہتری نہیں ہوئی، ماہرین نے تجویز دی کہ زائد العمر افراد کو یادداشت بہتر بنانے کے لیے مستقل بنیادوں پر ملٹی وٹامنز اور منرلز استعمال کرنے چاہیئے۔

بلاول بھٹو کی زیر سربراہی دنیا کے نوجوان وزرائے خارجہ کی کانفرنس

0

پاکستان کے لیے بڑا اعزاز، وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی زیرصدارت نیویارک میں دنیا کے نوجوان وزرائے خارجہ کی کانفرنس ہوئی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق اس کانفرنس میں کینیڈا، چیک ری پبلک، ہنگری، قطر، سربیا اور دیگر ممالک کے نوجوان وزرائے خارجہ نے شرکت کی اور عالمی برادری کو درپیش مسائل کے حل پر بات چیت کی گئی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمیں امن اور ترقی کے حوالے سے چیلنجز سے نمٹنا ہوگا، مستقبل کی نسلوں کیلئے مساوی معاشی حقوق کی بھی جدوجہد کرنا ہوگی۔

انہوں نے کانفرنس میں شریک وزرائے خارجہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب دنیا کے نوجوان وزرائے خارجہ ہیں، آپ عالمی برادری کے درمیان بہتر تعاون میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، اس ملاقات کا مقصد مستقبل کے لیے لائحہ عمل تشکیل دینا ہے۔

اس موقع پر کانفرنس کے شرکا نے دنیا کے مختلف نوجوان وزرائے خارجہ کو اکٹھا کرنے کے اقدام کو سراہا اور بلاول بھٹو کا ساتھ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

دوسری جانب وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے امریکا کی انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ فنانس کارپوریشن کے سی ای او سکاٹ ناتھن سے ملاقات کی جس میں نجی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقعوں پر بات چیت کی گئی۔

بلاول بھٹو زرداری اور امریکا کی انٹرنیشنل ڈولپمنٹ فنانس کارپوریشن کے سی ای او کے درمیان توانائی، زراعت کے علاوہ موسمیاتی تبدیلیوں سے مقابلے کے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور انہوں نے اسکاٹ ناتھن کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ معیشت اور خواتین کی خود مختاری پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔

ڈاکٹروں نے خاتون کے پیٹ سے 55 بیٹریاں نکال لیں

0

آئرلینڈ میں ڈاکٹروں نے 66 سالہ خاتون کی غذائی نالی اور پیٹ سے تقریباً 55 بیٹریاں کامیاب آپریشن کے بعد نکال لیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق خاتون نے خودکشی کرنے کے لیے بیٹریاں نگل لیں تھیں جس کے بعد ان کی طبیعت خراب ہوئی۔ ڈاکٹروں نے آپریشن سے قبل ایکسرے سے جسم کے اندر موجود بیٹریوں کا جائزہ لیا۔

ڈاکٹروں کے مطابق ہم نے آپریشن سے قبل قے کے ذریعے بیٹریاں نکالنے کے بارے میں سوچا تاہم خاتون نے ایک ہفتے کے دوران صرف 5 بیٹریاں نکالیں جس کے بعد آپریشن کرنا پڑا۔

ان کا کہنا ہے کہ پہلے خاتون کی غذائی نالی اور پھر بیٹ سے بیٹریاں نکالی گئیں، خوش قسمتی سے کوئی بھی بیٹری خاتون کے معدے کے راستے میں رکاوٹ نہیں بنی۔

کچھ روز قبل مصر میں طبی نوعیت کا ایک حیرت انگیز واقعہ پیش آیا جس میں ڈاکٹروں نے آپریشن کر کے 12 سالہ بچے کے پیٹ سے سائیکل کا ہینڈل نکال لیا تھا۔

قاہرہ کے شمال میں منوفیہ گورنری کے علاقے شیبن الکوم میں واقع ٹیچنگ ہسپتال میں 12 سالہ بچے کے اہل خانہ اسے ہنگامی طور پر اسپتال لے کر آئے اور بتایا کہ بچہ گلی میں سائیکل پر کھیل رہا تھا کہ زمین پر گر گیا۔

اہل خانہ کے مطابق زمین پر گرنے کے باعث سائیکل کا ہینڈل اس کے پیٹ کو پھاڑ کر گھس گیا اور اسے شدید زخم آئے۔ ڈاکٹروں نے فوری طور پر بچے کی ہنگامی سرجری کی اور کامیاب آپریشن میں اس کے پیٹ سے ٹوٹا ہوا فریم برآمد کرلیا گیا۔

عمران خان اور فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن کے شوکاز نوٹسز کو چیلنج کردیا

0

راولپنڈی: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور فوادچوہدری نے الیکشن کمیشن کا شوکاز نوٹسز چیلنج کردیا۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے شوکاز نوٹسز چیلنج کردیئے، شوکاز نوٹسز کو لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں چیلنج کیا گیا۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کوتوہین عدالت کااختیارحاصل نہیں، آئین کےمطابق عدالتی اختیارات انتظامی اداروں کو تفویض نہیں کئے جا سکتے۔

درخواست میں کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سےجاری کردہ شوکازنوٹسزآئین وقانون کیخلاف ہیں اور الیکشن ایکٹ2017 کی دفعہ 4 اور 10 آئین سے ماورا ہیں۔

دونوں رہنماؤں کی جانب سے استدعا کی گئی کہ الیکشن کمیشن کےشوکازنوٹسزکو کالعدم قراردیاجائے۔

بابراعوان،فیصل چوہدری لاہورہائیکورٹ راولپنڈی بینچ پہنچ گئے ، لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں عمران خان اور فوادچوہدری کی درخواست پر سماعت کچھ دیر بعد ہوگی۔

لاہورہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس جواد حسن سماعت کریں گے ، جس میں عمران خان، فواد چوہدری کی جانب سےبابراعوان اورفیصل چوہدری دلائل دیں گے۔

سعودی عرب میں اسکول بس کو اوور ٹیک کرنیوالا ڈرائیور گرفتار، بھاری جرمانہ عائد

0

قطیف: سعودی عرب میں پولیس نے اسکول بس کو اوور ٹیک کرنے والے کار ڈرائیور کو گرفتار کر کے بھاری جرمانہ عائد کر دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق قطیف میں ایک کار ڈرائیور کی اسکول بس کو اوور ٹیک کرنے کی ویڈیو سوشل میڈٰیا پر گردش کر رہی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بس ڈرائیور طالب علم کو سڑک پار کروا رہا ہے کہ اسی دوران پیچھے سے آنے والی کار تیز رفتاری کے ساتھ پاس سے گزرتی ہے۔ اگر ڈرائیور طالب علم کو ہاتھ پکڑ کر پیچھے نہ کھینچتا تو نہ خوشگوار واقعہ پیش آ سکتا تھا۔

پولیس نے ڈرائیور کی شناخت کرنے کے بعد اسے گرفتار کیا اور اس پر 6 ہزار سعودی ریال جرمانہ عائد کر دیا۔

https://twitter.com/Ruh_Rd/status/1572012295273807873?s=20&t=skkSs_jCoqqHNV3L0eCnUg

واضح رہے کہ سعودی محکمہ ٹریفک نے ڈھلوان، چڑھائی، چوراہوں اور پھسلن والی سڑکوں سمیت آٹھ حالتوں میں گاڑی اوور ٹیک کرنے کو ممنوع قرار دے رکھا ہے۔ اگر غبار یا بارش کی وجہ سے سڑک کا منظر صاف نظر نہ آ رہا ہو تو اوور ٹیک کرنا غیرقانونی ہے۔

محکمہ ٹریفک کے مطابق اگر سامنے سے دوسری گاڑیاں آ رہی ہو اور محفوظ اوور ٹیک کا موقع نہ ملے تو بھی اوور ٹیک کرنا جائز نہیں ہے۔ جب پیچھے والی گاڑی اوور ٹیک کا عمل شروع کر چکی ہو تو ایسی حالت میں بھی اوور ٹیک کرنا مناسب نہیں ہے۔

امریکا: وزیراعظم کی زیرصدارت سیلاب سے متعلق آن لائن اجلاس

0

نیویارک میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سیلاب سے متعلق اجلاس ہوا جس میں متعلقہ حکام نے پاکستان سے آن لائن شرکت کی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کو اجلاس میں متعلقہ افسران نے سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں اور مواصلاتی نظام کی بحالی سے متعلق بریفنگ دی گئی، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے وزیراعظم کو ریلوے ٹریکس کی بحالی سے متعلق آگاہ کیا، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے بتایا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں 2 ملین فوڈ پیکس فوری بھیجے جا رہے ہیں اور کراچی سمیت مختلف علاقوں سے پیناڈول، پیرا سیٹامول کی بڑی مقداربرآمد ہوئی ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں سولر کے ذریعے کیمپوں میں بجلی فراہم کریں گے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں غذائی اشیا، ادویات اور دیگر ضروری اشیا کی قلت نہیں ہونی چاہیے، سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی اشیا کی ترسیل میں تیزی لائی جائے، بی آئی ایس پی کے تحت تمام مستحقین کو امداد کی فراہمی 10 روز میں یقینی بنائی جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ادویات کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے ساتھ سختی سےنمٹا جائے گا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے اجلاس کے شرکا کو بتایا کہ چینی صدر کے ساتھ ملاقات میں ایم ایل ون منصوبے پر بات چیت ہوئی ہے اور چین کے حوالے سے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دے دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف امریکا پہنچ گئے

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک میں موجود ہیں اور وہ 23 ستمبر کو اجلاس سے خطاب کریں گے۔

سندھ حکومت نے آٹے کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا

0
یوٹیلیٹی اسٹورز پر آٹے کی قیمت میں ہوشربا اضافہ ہوگیا

کراچی: وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے صوبے میں آٹے کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت نے 10 کلو گرام آٹے کے تھیلے کی ایکس مل پرائس 640 روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ فی کلو گرام آٹے کی ایکس مل پرائس 64 روپے مقرر کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: بارشوں سے سرکاری گوداموں میں لاکھوں ٹن گندم خراب

صوبائی وزیر نے کہا کہ 10 کلو گرام آٹے کے تھیلے کی ریٹیل پرائس 650 روپے مقرر کی گئی ہے اور فی کلو گرام آٹے کی ریٹیل پرائس 65 روپے مقرر کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں آٹے کا بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے جبکہ نیشنل فلڈ ریسپانس سینٹر کا کہنا ہے کہ ملک میں گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں اور قلت کا کوئی خدشہ نہیں، 7 ملین ٹن گندم موجود ہے اور ایک ملین ٹن مزید آ رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگوں تک گندم اور آٹا پہنچانے میں مسائل نہیں ہوں گے، ذخیرہ اندوزی کرنے اور قیمت بڑھانے والوں کے خلاف حکومت کارروائی کرے گی، ملک میں بیجوں کی قلت ہے جو جلد پوری ہو جائے گی۔

لیگی رہنما جاوید لطیف پر مقدمہ درج کروانے والا مدعی سامنے آگیا

0

ن لیگی رہنما اور وفاقی وزیر جاوید لطیف کے خلاف لاہور میں دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرانے والا مدعی قاری ارشاد الرحمٰن سامنے آگیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور میں گزشتہ دنوں ن لیگی رہنما اور وفاقی وزیر جاوید لطیف کے خلاف دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرانے والے قاری ارشاد الرحمٰن منظر عام پر آگئے ہیں اور انہوں نے متنبہ کیا ہے کہ اگر ملزمان گرفتار نہ ہوئے تو ساتھیوں سمیت احتجاجی دھرنا دوں گا۔

قاری ارشاد الرحمٰن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے دنیا میں اسلامو فوبیا کے خلاف آواز بلند کی اور لیگی رہنماؤں کی حرکت سے لوگوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔

مقدمے کے مدعی قاری ارشاد کے وکیل ایڈووکیٹ علی احمد ڈوگر نے کہا کہ سرکاری ادارے عوام کے ٹیکسوں سے چلتے ہیں اور سرکاری وسائل کسی کے خلاف استعمال نہیں کیے جاسکتے۔

واضح رہے کہ جاوید لطیف کے خلاف گزشتہ پیر کو مقدمہ امام مسجد ارشاد الرحمٰن کی مدعیت میں تھانہ گرین ٹاؤن میں درج کیا گیا تھا جس میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے خلاف غلط بیانی کرکے اشتعال دلانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی وزیر جاوید لطیف پر دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج

ایف آئی آر کے مطابق وفاقی وزیر جاوید لطیف نے وزیر اطلاعات اور نشریات مریم اورنگزیب ودیگر سے مشورہ کرکے منصوبے کے تحت پریس کانفرنس کی اور پاکستان ٹیلی ویژن کے اعلیٰ حکام نے انہیں اس سلسلے میں مکمل معاونت فراہم کی۔

حکومت نے رات گئے عوام پر ایک اور پٹرول بم گرا دیا

0

وفاقی حکومت نے غربت کے مارے عوام پر ایک اور پٹرول بم گراتے ہوئے رات گئے پٹرول کی قیمت میں ایک روپے 45 پیسے کا اضافہ کردیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق آدھی رات کو پٹرول کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے، وزرات خزانہ کے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپے 45 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 237 روپے 43 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

حکومت کی جانب سے ڈیزل کی قیمت میں کوئی ردوبدل نہیں کیا گیا ہے اور اس کی قیمت فی لیٹر 247 روپے 43 پیسے برقرار ہے جب کہ مٹی کا تیل 8 روپے 30 پیسے فی لیٹر سستا کردیا گیا ہے جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 202 روپے 2 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت197 روپے 28 پیسےفی لیٹرمقرر کی گئی ہے اور پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوچکا ہے۔

واضح رہے کہ شہباز حکومت نے 5 روز کی تاخیر سے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا تعین کیا ہے۔

حکومت کو اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنےکی تجویز دی تھی جب کہ حکومتی اتحادی جماعتوں نے بھی پٹرولیم مصنوعات میں ریلیف کامطالبہ کیا تاہم وزارت خزانہ کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے پر زور دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنےکی تجویز دیدی

اوگرا کی تجویز اور حکومتی اتحادیوں کے مطالبے کے بعد حکومت 4 روز تک پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرنے کے حوالے سے شش وپنج کا شکار رہی اور بالآخر رات گئے پٹرول کی قیمت میں اضافہ کردیا۔