ہوم بلاگ صفحہ 6302

10 ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد

0

اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے 10 ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ غریب عوام پر ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ نہیں ڈالوں گا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کی جانب سے 10 ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کردی۔

وزیر صحت کا کہنا ہے کہ سیاسی کارکن ہوں، غریبوں کی خدمت میرا نصب العین ہے، غریب عوام پر ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ نہیں ڈالوں گا۔

انہوں نے کہا کہ ادویات کی قیمتوں میں قطعاً اضافہ نہیں کریں گے، جعلی ادویات بیچنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ ملک میں بخار سمیت 40 سے زائد ادویات ویسے ہی نایاب ہیں، ادویہ ساز کمپنیوں نے اہم ادویات کی پیداوار روک دی ہے۔

بخار اور درد کے لیے استعمال ہونے والی دوا مارکیٹ سے غائب ہے، یہ دوا سرکاری اسپتالوں اور میڈیسن مارکیٹ میں بھی دستیاب نہیں۔

ذہنی تناؤ، جوڑوں کے درد، دمہ، کینسر، دل کا دورہ روکنے، پھیپھڑوں کے انفیکشن، خون پتلا کرنے والی دوا، ذیابیطس، سینے میں جلن، بلڈ پریشر، اور ہیپاٹائٹس کی ادویات مارکیٹ میں دستیاب نہیں۔

فارما سیوٹیکل مینو فیکچررز کا کہنا ہے کہ سیلز ٹیکس کی وجہ سے خام مال کی امپورٹ رک گئی ہے، سیلز ٹیکس کے باعث پیداواری لاگت میں اضافہ ہوا، جس کے ختم ہونے پر ہی دواؤں کی پیداوار ممکن ہے۔

فاسٹ بالر محمد عامر کی کیریبین پریمیئر لیگ میں تباہ کن بالنگ، ویڈیو دیکھیں

0

انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے والے پاکستان قومی ٹیم کے فاسٹ بالر محمد عامر ان دنوں کیریبین پریمیئر لیگ کے میچ میں کامیابی کے جھنڈے گاڑھ رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز میں ان دنوں کیریبین پریمیئر لیگ کے میچ کھیلے جا رہے ہیں۔ جس میں 30 سالہ محمد عامر جمیکا تھلائیواس کے لئے کھیل رہے ہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہونے کے باوجود پاکستان کا یہ بائیں ہاتھ کا یہ فاسٹ بالر اب بھی خطرناک بالنگ کر رہا ہے، انہوں نے ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز کے خلاف 2 وکٹیں حاصل کیں اور ٹیم کو جیت دلانے میں اہم کردار ادا کیا

میچ میں پہلے کھیلتے ہوئے جمیکا نے 7 وکٹوں پر 153 رنز کا اسکور بنایا، کپتان روومین پاول نے نصف سنچری بنائی، جواب میں کیرون پولارڈ کی قیادت میں ٹرنباگو کی ٹیم 8 وکٹوں پر 119 رنز ہی بنا سکی۔ اس طرح جمیکا کو 34 رنز سے جیت ملی۔

ہدف کا تعاقب کرنے والی نائٹ رائیڈرز کی ٹیم کو تیسری گیند پر ہی بڑا جھٹکا لگ گیا، محمد عامر نے سنیل نارائن کے اسٹمپ کو بے دردی سے اکھاڑ دیا، وہ 2 گیندوں میں اپنا کھاتہ بھی نہیں کھول پائے کہ پویلین واپسی ان کا مقدر ٹھہری۔

ساتھ ہی محمد عامر نے نکولس پورن کو بھی بولڈ کیا۔ انہوں نے 12 گیندوں میں 13 رنز بنائے۔ اس کے علاوہ عامر نے اپنی باؤنسر گیند سے آندرے رسل کو پریشان کیا اور یہ گیند ان کے جسم پر بھی زور سے لگی۔

محمدعامر نے 4 اوورز میں 15 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، اس دوران ان کی 13 گیندوں پر ایک بھی رن نہیں بن سکا۔

اس سے پہلے تھلائیواس کی جانب سے کپتان روومین پاول نے 49 گیندوں پر 67 رنز بنائے۔ انہوں 6 چوکے اور 4 چھکے لگائے۔ ٹیم نے 31 رنز پر 3 وکٹیں گنوا دی تھیں۔

اس کے بعد انہوں نے ریمن ریفر کے ساتھ چوتھی وکٹ کے لئے 90 رنز کی شراکت داری کرکے ٹیم کو سنبھال لیا۔

ریفر نے 26 گیندوں پر 28 رنز بنائے، آخر میں عماد وسیم نے 12 گیندوں میں 21 رنز بنا کر اسکور کو 150 کے پار پہنچا دیا ۔ انہوں نے 3 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔

تیز گیند باز روی رامپال نے 40 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ سنیل نارائن نے 4 اوورز میں صرف 11 رنز دئے اور 2 وکٹیں حاصل کیں، عماد وسیم کو ان کی آل راؤنڈ کارکردگی کیلئے پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔

مریم اورنگزیب کی عمران خان پر کڑی تنقید

0

اسلام آباد : وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے عمران خان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ان کا مقصد کوئی الیکشن نہیں بلکہ اپنے مقدمات ختم کرانا ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے بیان میں پی ٹی آئی چیئرمین پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کوسیلاب میں ڈوبا ملک اورلوگ نظرنہیں آ رہے ، ان کاحقیقی مسئلہ ذاتی انّا،تکبر، اقتدارکی ہوس ،کرپشن ہے۔

مریم اورنگزیب نے سوال کیا عمران صاحب پہلے فیصلہ کریں آپ کا مسئلہ ہے کیا؟ یہ حقیقی آزادی نہیں بلکہ اپنی حقیقی کرپشن سے این آر او چاہتے ہیں۔

وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ یہ اپنی فارن فنڈنگ کی حقیقی سازش سے این آر او چاہتے ہیں، عمران خان کا مقصد کوئی الیکشن نہیں بلکہ اپنے مقدمات ختم کرانا ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان دھونس دھمکی گالی سےاین آر او مانگ رہے ہیں ، وہ فارن فنڈنگ میں این آر او مانگ رہے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ الیکشن کمشنر نے آخر کیا گناہ کیا ؟ 8 سال سے زیر التوا فارن فنڈنگ کیس میں فیصلہ ہی تو سنایا ہے۔

ملک تقریبا ڈیفالٹ ہوچکا ہے صرف اعلان ہونا باقی ہے، شیخ رشید کا دعویٰ

0

اسلام آباد : سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک تقریبا ڈیفالٹ ہوچکا ہے صرف اعلان ہونا باقی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک تقریبا ڈیفالٹ ہوچکا ہے صرف اعلان ہونا باقی ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ بجلی 4.50 روپے فی یونٹ مزید مہنگی کردی ہے ، ساری سیاست نومبر کے گرد گھوم رہی ہے، اقتدار کے بھوکوں کا جمعہ بازارلگاہے اور عوام کا چولہا نہیں جل رہا، عوام خود بخود سڑکوں پرنکلیں گے۔

یاد رہے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا تھا کہ ستمبراوراکتوبر ستم گر مہینےہیں یہ سیاسی بھونچال لائیں گے، ن اور ش ہی آمنے سامنے نہیں، پی ڈی ایم بھی ٹوٹ پھوٹ کاشکارہوگی ، تعیناتیاں، تنزلیاں، تبدیلیاں اور اہم عدالتی فیصلے انہی 2 مہینوں میں ہوں گے۔

ایمی ایوارڈز 2022: پہلی بار بہترین اداکاری کا ایوارڈ ایشیائی اداکار کے نام

0

دنیا بھر میں مقبولیت کے ریکارڈز قائم کرنے والے ڈرامے اسکوئیڈ گیمز کے اداکار نے بہترین اداکاری کا ایمی ایوارڈ اپنے نام کرلیا، بہترین ڈرامہ سکسیشن کو قرار دیا گیا۔

لاس اینجلس میں سجنے والے ایمی ایوارڈز کے میلے میں ایچ بی او کے سکسیشن نے بہترین ڈرامے کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا جبکہ اسکوئیڈ گیمز نے بھی اس وقت تاریخ رقم کر دی جب اس کے اداکار لی جنگ جے کو بہترین ایکٹر کا ایوارڈ ملا۔

کورین اداکار ایمی ایوارڈ حاصل کرنے والے پہلے ایشیائی اداکار بن گئے ہیں۔

74 ویں ایمی ایوارڈز کی تقریب میں ٹیڈ لاسو کو بہترین کامیڈی جبکہ دا وائٹ لوٹس کو بہترین لمیٹڈ سیریز قرار دیا گیا۔

ایمی ایوارڈز کی دیگر کیٹگریز میں اسکوئیڈ گیمز کے لی جنگ جے کو لیڈ ایکٹر جبکہ یوفوریا کی اداکارہ زیندایا کو لیڈ ایکٹریس کا ایوارڈ دیا گیا۔

کامیڈی میں ٹیڈ لاسو کے اداکار جیس سودیکیز کو لیڈ ایکٹر جبکہ ہاکس کی اداکارہ جین سمارٹ کو بہترین لیڈ ایکٹریس کا ایوارڈ ملا ہے۔

بہترین سپورٹنگ ایکٹر کی کیٹگری میں ڈراما سیریز سکسیشن کے میتھیو میکفادین، اوزارک کی جولیا گارنر، ٹیڈ لاسو کے بریڈ گولڈ سٹین اور ایبٹ ایلیمنٹری کی اداکارہ شرل لی رالف کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔

آؤٹ اسٹینڈنگ لمیٹڈ سیریز کی کیٹگری میں فتح کا سہرا دا وائٹ لوٹس کے سر سجا جبکہ اس کیٹگری میں مائیکل کیٹن نے بہترین اداکار اور اماندہ سیفرائیڈ نے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔

لمیٹڈ سیریز کی کٹیگری میں بہترین سپورٹنگ ایکٹر کا ایوارڈ دا وائٹ لوٹس کی مورے برٹلیٹ اور جنیفر کولیج کو ملا۔

پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس ایف آئی اے کے دائرہ اختیارمیں ہے یہ نہیں ؟ دلائل طلب

0
ملزم طارق شفیع

اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں فریقین سے ایف آئی اے کے دائرہ اختیار پر دلائل طلب کرلیے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے کے نوٹسز چیلنج کرنے کے یکجا کیسز پر سماعت ہوئی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامرفاروق نے کیس کی سماعت کی، درخواست گزارکیجانب سے بیرسٹرگوہرعلی خان اورفیصل چوہدری عدالت میں پیش ہوئے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل منوراقبال بھی عدالت میں پیش ہوئے، فیصل چوہدری نے کہا کہ سیاسی پارٹیوں کے ڈونر تفتیش میں شامل ہونے کیلئے تو ڈونیشن نہیں کرتے۔

جس پر جسٹس عامرفاروق نے سوال کیا آپ دونوں درخواست گزاروں کا کیس ایک ہی ہے کہ ایف آئی اے کا دائرہ اختیار بنتا ہے یا نہیں۔

عدالت نےآئندہ سماعت فریقین سے دائرہ اختیار پر دلائل طلب کر لیے اور کیس کی سماعت 20 ستمبرتک ملتوی کر دی۔

گزشتہ روز عدالت نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں محمدارشد و دیگر کے خلاف ایف آئی اے نوٹسزکے معاملے پر فریقین کو نوٹس جاری کیے تھے۔

یاد رہے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے نوٹسز کے خلاف درخواست پی ٹی آئی رہنماؤں نے دائر کی تھی۔

توہین الیکشن کمیشن کیس: عمران خان کا جواب غیر تسلی بخش قرار، ذاتی حیثیت میں طلب

0

اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن وچیف الیکشن کمشنرکیس میں پی ٹی آئی عمران خان کا جواب غیرتسلی بخش قرار دے دیا۔

تفصیلات کے مطبق توہین الیکشن کمیشن وچیف الیکشن کمشنرکیس میں الیکشن کمیشن نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کاجواب غیر تسلی بخش قرار دے دیا۔

الیکشن کمیشن نے عمران خان کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 27 ستمبر کو ذاتی حیثیت میں الیکشن کمیشن میں طلب کرلیا۔

الیکشن کمیشن نے اسد عمر اورت فوادچوہدری کا جواب بھی غیر تسلی بخش قرار دیا اور دونوں پی ٹی آئی رہنماؤں کوبھی شوکازنوٹس جاری کرتے ہوئے 27 ستمبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

گذشتہ روز چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے توہین الیکشن کمیشن کیس پر جواب داخل کروایا گیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن کے پاس یہ کیس سماعت کرنےکا اختیار نہیں لہذا نوٹسز واپس لئے جائیں۔

عمران خان نے الیکشن کمیشن کےکردار کےحوالےسے بھی تحفظات کرتے ہوئے کہا تھا کہ میری جانب سے توہین عدالت نہیں کی گئی۔

بھارت : مسجد میں پوجا کی اجازت دینے کی درخواست سماعت کیلیے مقرر

0

وارانسی : بھارت میں مسلمانوں کیخلاف کارروائیاں اور مظالم کا سلسلہ جاری ہے، عدالت نے بنارس کی ایک مسجد میں پوجا کی اجازت دینے کے لئے درخواست سماعت کے لئے مقرر کردی جس کے جواب میں مسلمان بھی ڈٹ کر کھڑے ہوگئے۔

بھارتی ریاست اتر پردیش میں واقع وارانسی کی ایک عدالت نے گزشتہ روز مسلم جماعت انجمن کمیٹی کی اس درخواست کو مسترد کر دیا جس میں ہندو عبادت گزاروں کے مقدمے کو چیلنج کیا گیا تھا جو کہ بنارس کی گیان واپی مسجد کے احاطے میں عبادت کرنے کی اجازت کی درخواست کر رہے تھے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق ایک ہندو فریق نے مقامی عدالت میں درخواست دائر کی ہے کہ مذکورہ مسجد میں پوجا کرنے کی اجازت دی جائے۔

اس درخواست کی دوسرے مسلمان فریق نے مخالفت کی اور عدالت سے درخواست خارج کرنے کا مطالبہ کیا تاہم عدالت نے درخواست سماعت کیلئے مقرر کرتے ہوئے اس کیلئے22 ستمبر کی تاریخ مقرر کردی ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال بھارتی شہر بنارس میں گیان واپی مسجد کے احاطے سے مبینہ طور پر مورتی کا ایک حصہ ملنے کا دعویٰ کیا گیا تھا، جس کے بعد ہندو پجاریوں نے دعویٰ کیا تھا کہ دیوتا کی مورتی کا یہ حصہ شیولنگ ہے اوراسی بنیاد پر انہوں نے مسجد میں پوجا کرنے کی اجازت مانگ لی ہے۔

خیال رہے کہ بھارت کے قدیم شہر وارانسی یعنی بنارس کی گیان واپی مسجد کا سروے مکمل ہونے کے بعد ہندو فریق نے نچلی عدالت میں دعویٰ کیا تھا کہ اس سال کے شروع میں ایک مقامی عدالت کے حکم پر گیان واپی مسجد کی ویڈیو گرافک سروے کے دوران ایک ‘شیو لنگ’ ملا تھا لیکن مسلم فریق نے اس سے اختلاف ظاہر کیا تھا اور کہا تھا کہ یہ وقف کی جائیداد ہے۔

تاہم یہ دعویٰ سامنے آنے کے بعد یہاں کی ایک مقامی عدالت نے رواں برس مئی میں اس جگہ کو فوری طور پر سیل کرنے کا حکم دیا تھا جبکہ بھارت میں مسلمانوں کی نمائندہ تنظیم مسلم پرسنل لا بورڈ نے سروے کے نتیجے میں سامنے آنے والے دعوے اور اس کی بنیاد پر مسجد کے وضو خانے کو بند کرنے کے حکم کو ’’غیر قانونی‘‘ قرار دیا تھا۔

جج روی کمار دیواکر نے اپنے حکم میں لکھا تھا کہ حکم دیا جاتا ہے کہ اس جگہ کو فوری طور پر سیل کر دیا جائے جہاں سے شیولنگ ملا ہے اور سیل کی گئی جگہ پر کسی بھی شخص کا داخلہ ممنوع ہوگا۔

اب وارانسی کی مقامی عدالت نے مسلمانوں کو ہندو پجاریوں کے اس دعوے کو خارج کرنے سے متعلق درخواست کو مسترد کردیا ہے۔ اب عدالت ہندو پجاریوں کے دعوے پر سماعت کرے گی اور پھر فریقین کے دلائل سن کر اپنا فیصلہ سنائے گی۔

کراچی میں ڈاکو راج: ملزمان فیکٹری ملازم سے10لاکھ روپے لوٹ کر فرار

0

کراچی : نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں ملزمان فیکٹری ملازم سے10لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے، فیکٹری ملازم منتیں کرتا رہا ، لیکن ملزمان نے ایک نا سنی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نیو کراچی انڈسٹریل ایریا سیکٹر 12میں ڈکیتی کی واردات ہوئی ، جس میں موٹر سائیکل سوار2 ملزمان فیکٹری ملازم سے10لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آروائی نیوز نے حاصل کرلی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزمان مبینہ طور پر فیکٹری ملازم کے پیچھے بینک سے لگے تھے اور فیکٹری ملازم کے موٹر سائیکل روکتے ہی ملزمان پیچھے سے آگئے۔

فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ ملزمان نے مکمل جامع تلاشی لیکر رقم کے دو پیکٹ نکالے، چھپایا گیا 5 لاکھ روپے کا ایک پیکٹ محفوظ رہا۔

رقم چھین کر فرار ہونےکے دوران ورکر ہاتھ جوڑ کر معافیاں مانگتا رہا، فیکٹری ملازم منتیں کرتا رہا پیسے واپس کردو لیکن ملزمان نے ایک نا سنی۔

واردات کے بعد ملزمان جس گلی سے آئے تھے اسی گلی سے فرار ہوگئے۔

پی ٹی آئی رکن سندھ اسمبلی راجا اظہر نے نیوکراچی انڈسٹریل ایریامیں فیکٹری ملازم سے 10 لاکھ روپےڈکیتی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس ملزمان کی گرفتاری فوری یقینی بنائے۔

راجا اظہر کا کہنا تھا کہ ڈکیتی واردات میں کمی کیلئےموٹربائیک فورس بنائی گئی جوسڑک پر نظر نہیں آتی،واقعات سےاب شہریوں کا پارہ ہائی ہے،شہری عدم برداشت کی طرف جارہے ہیں۔

سہراب گوٹھ میں غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کے خلاف بڑا آپریشن شروع

0

کراچی: سہراب گوٹھ میں غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کے خلاف بڑا آپریشن شروع ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے علاقے سہراب گوٹھ کے قریب پولیس کی بھاری نفری نے مخصوص علاقے کو گھیرے میں لے کر غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کے خلاف آپریشن شروع کر دیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پولیس کی بھاری نفری سہراب گوٹھ پہنچ چکی ہے جو غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کر رہی ہے۔

پولیس ٹیم کی سربراہی ڈی ایس پی سہراب گوٹھ چوہدری سہیل فیض کر رہے ہیں، انھوں نے بتایا کہ مخصوص علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے، اور داخلی و خارجی راستے بند کر کے گھر گھر تلاشی کا عمل جاری ہے۔

آپریشن میں درجنوں پولیس اہلکار شامل ہیں، تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس کی نفری موبائلوں اور موٹرسائیکلوں پر موجود ہے۔

حکام کے مطابق اس آپریشن کے دوران شہریوں کی شناختی تصدیق کی جا رہی ہے، شہریوں سے نہ صرف ان کے شناختی کارڈ طلب کیے جا رہے ہیں بلکہ بائیو میٹرک کے ذریعے بھی شناخت کی جا رہی ہے۔

غیر قانونی طریقے سے بارڈر کراس کر کے آنے والے 26 افغانی گرفتار

ڈی ایس پی چوہدری سہیل فیض نے بتایا کہ سہراب گوٹھ کے مخصوص علاقوں میں کومبنگ آپریشن آئی جی اور ڈی آئی جی کے احکامات پر ہو رہا ہے، گزشتہ رات 26 گرفتاریاں ہوئیں، اور آج مزید 15 افغان شہریوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ نادرا کی ٹیم بھی پولیس کے ساتھ ہونی چاہیے، کیوں کہ افغان شہریوں کے پاس جعلی آئی ڈیز ہوتی ہیں، اصل اور نقل کا پتا نہیں چلتا، یہ گرفتار ہوتے ہیں اور پھر ضمانت کے بعد واپس آ جاتے ہیں، یہ ہائی ویز اور دیگر ڈکیتیوں میں بھی ملوث ہیں، فیکٹریوں اور سبزی منڈی میں بھی کرائم کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ سہراب گوٹھ ہنگامہ آرائی واقعے میں بھی زیادہ تر غیر قانونی افغانی ملوث تھے۔